خدا دنیا کو امیر اور غریب میں بٹا ہوا کیوں رہنے دیتا ہے؟
یہ محرومی خدا کی مرضی نہیں بلکہ انسانوں کا اپنا کیا ہوا ہے۔ خدا نے امیروں کو صاف حکم دیا ہے کہ غریبوں کو اپنے مال میں شریک کریں، اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو قصور انسانوں کا ہے، خدا یا مذہب کا نہیں۔
جب دنیا کے ایک حصے میں فراوانی ہو اور دوسرے میں بھوک، تو اس کا الزام خدا پر نہیں لگایا جا سکتا۔ یہ دکھ انسان ایک دوسرے کو دیتے ہیں۔ خدا نے انسان کو آزادی دی ہے کہ وہ انصاف کرے یا ظلم۔
سب مذاہب کی بنیادی تعلیم ایک ہی ہے۔ جو خدا سے محبت کرتا ہے وہ اس کی مخلوق سے بھی محبت کرتا ہے، اور جو خدا کی خدمت کرتا ہے وہ انسانوں کی خدمت بھی کرتا ہے۔ خدا سے تعلق اور انسانوں سے تعلق کے درمیان کوئی دیوار نہیں۔ اوپر کی آیت بتاتی ہے کہ متقیوں کے مال میں ضرورتمندوں کا حصہ ہے۔ یہ حصہ غریبوں کا حق ہے، امیروں کا احسان نہیں۔
اس لیے جو دوسروں کو تکلیف میں دیکھ کر ان کے دکھ میں شریک نہ ہو وہ مشکل سے ہی سچا مومن کہلا سکتا ہے، خواہ اس کا مذہب کوئی بھی ہو۔ اکثر لوگ خود اس دکھ کو بڑھاتے ہیں، ایسی سیاست، معیشت اور رویے سے جن کا ان کے اپنے ایمان سے کوئی تعلق نہیں۔ یہ بات مسیحی ممالک پر بھی صادق آتی ہے اور مسلمان ممالک پر بھی۔
بعض لوگ یہ بھی پوچھتے ہیں کہ جن ملکوں میں مذہبی لوگ زیادہ ہیں وہ غریب کیوں رہتے ہیں۔ خدا ترقی کے خلاف نہیں۔ مثلاً جاپان ایک چھوٹا ملک ہے، مگر اس نے پختہ ارادے سے سائنس کا راستہ اپنایا اور بہت ترقی کی۔ جہاں قومیں پیچھے رہ جاتی ہیں وہاں اکثر سستی اور ایسے مذہبی رہنما ذمہ دار ہوتے ہیں جو تعلیم اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔
اگر ایمان پر سچ مچ عمل ہو تو دنیا کا نقشہ بدل جائے۔ ایسا نہ ہونا مذہب کی خرابی نہیں بلکہ ان لوگوں کی خرابی ہے جو خود کو مذہبی کہتے ہیں۔ ہر شخص اپنی ذات سے آغاز کر سکتا ہے کہ انصاف کرے اور دوسروں کو اپنے مال میں شریک کرے۔