اختلافات کی اصل وجہ
امن کے شہزادہ کا آخری پیغام
Urdu text of the edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
بڑے بڑے گورنمنٹ کے عہدے انگریزوں کی طرح ان کو بھی ملا کریں ۔
مسلمانوں سے یہ غلطی ہوئی کہ ہندوؤں کی ان کوششوں میں شریک نہ
ہوئے اور خیال کیا کہ ہم تعداد میں کم ہیں اور یہ سوچا کہ ان تمام کوششوں
کا اگر کچھ فائدہ ہے تو وہ ہندوؤں کے لئے ہے نہ کہ مسلمانوں کے لئے
اس لئے نہ صرف شراکت سے دستکش رہے۔ بلکہ مخالفت کر کے
ہندوؤں کی کوشش کے سد راہ ہوئے جس سے رنجش بڑھ گئی۔
میں تسلیم کرتا ہوں کہ ان وجوہ سے بھی اصل عداوت پر حاشیے
چڑھ گئے ہیں۔ مگر میں ہر گز تسلیم نہیں کروں گا کہ اصل وجوہ یہی ہیں اور
مجھے ان صاحبوں سے اتفاق رائے نہیں ہے جو کہتے ہیں کہ ہندو
مسلمانوں کی باہمی عداوت اور نفاق کا باعث مذہبی تنازعات نہیں ہیں
اصل
تنازعات پولیٹکل ہیں۔
اختلافات کی اصل وجہ
صاحبو! اس کا باعث دراصل مذہب ہی ہے اس کے سوا کچھ نہیں
اگر آج وہی ہند و کلمہ طیبہ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللهِ پڑھ کر
مسلمانوں سے آکر بغلگیر ہو جائیں یا مسلمان ہی ہندو بن کر اگنی والو
وغیرہ کی پرستش وید کے حکم کے موافق شروع کر دیں اور اسلام کو الوداع
کہہ دیں تو جن تنازعات کا نام پولیٹکل رکھتے ہیں وہ ایک دم میں ایسے
معدوم ہو جائیں کہ گویا کبھی نہ تھے۔
پس اس سے ظاہر ہے کہ تمام بغضوں اور کینوں کی جڑھ دراصل
اختلاف مذہب ہے ۔ یہی اختلاف مذہب قدیم سے جب انتہا تک
پہنچتا رہا ہے تو خون کی ندیاں بہاتا رہا ہے ۔ اے مسلمانو ! جبکہ ہندو
صاحبان تمہیں بوجہ اختلاف مذہب کے ایک غیر قوم جانتے ہیں اور تم
بھی اس وجہ سے ان کو ایک غیر قوم خیال کرتے ہو پس جب تک اس
سبب کا ازالہ نہ ہوگا۔ کیونکر تم میں اور ان میں سچی صفائی پیدا ہوسکتی ہے۔
ہاں ممکن ہے کہ منافقانہ طور پر باہم چند روز کے لئے میل جول بھی
ہو جائے ۔ مگر وہ دلی صفائی جس کو در حقیقت صفائی کہنا چاہئے صرف اسی
حالت میں پیدا ہو گی جبکہ آپ لوگ وید اور وید کے رشیوں کو سچے دل
سے خدا کی طرف سے قبول کر لو گے اور ایسا ہی ہندو لوگ بھی اپنے بخل کو
دور کر کے ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی تصدیق کر لیں گے۔