ورثہ کی قسم
انوارالعلوم (جلد 18)
انوار العلوم جلد ۱۸
۵۶
اسلام کا اقتصادی نظام
ہے خواہ اُس پر سال چھوڑ ایک ماہ بھی نہ گزرا ہو ۔ اس کے علاوہ کانوں کے مالک جو اپنے حصہ
کے نفع میں سے پس انداز کریں اور اس پر ایک سال گزر جائے اُس پر زکوۃ الگ لگے گی اور
سال به سال لگتی چلی جائے گی ۔ گویا اس طرح حکومت کانوں میں بھی حصہ دار ہو جاتی ہے اور
کانوں کے مالک جو رو پیدا اپنے حصہ میں سے بچاتے ہیں اُن سے بھی ہر سال غرباء کی ترقی کے
لئے ایک مقررہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ جب بھی کسی کے جمع کردہ مال پر ایک سال گزر جائے
گا حکومت کے افراد اس کے پاس جائیں گے اور کہیں گے کہ لاؤ جی غربا ء کا حق ہمیں دے دو ۔
طوعی صدقہ تیسرے اسلام نے طوئی صدقہ رکھا ہے۔ چنانچہ اسلام کا حکم ہے کہ ہرشخص کو
صدقہ وخیرات کے طور پر پر یتیموں ، غریبوں اور مسکینوں کی خبر گیری
اور اُن کی پرورش کے لئے کچھ نہ کچھ مال ہمیشہ خرچ کرتے رہنا چاہئے ۔ یہ حکم بھی ایسا ہے کہ اس
کی وجہ سے کسی شخص کے پاس حد سے زیادہ دولت جمع نہیں رہ سکتی ۔
ورثہ کی تقسیم اگر ان تمام طریقوں سے کام لینے کے باوجود پھر بھی کسی انسان کے پاس
کچھ مال بچ جائے اور وہ اپنی جائداد بنالے تو اُس کے مرنے
کے معاً بعد شریعت اس کی تمام جائداد کو اُس کے خاندان میں تقسیم کرا دے گی ۔ چنانچہ ورثہ کا حکم
شریعت میں اسی غرض کے ماتحت رکھا گیا ہے کہ کوئی شخص اپنی جائداد کسی ایک شخص کو نہ دے
جائے بلکہ وہ اُس کے ورثاء میں تقسیم ہو جائے ۔ شریعت نے اس تقسیم میں اولاد کا بھی حق رکھا
ہے، ماں باپ کا بھی حق رکھا ہے، بیوی کا بھی حق رکھا ہے، خاوند کا بھی حق رکھا ہے اور بعض
حالتوں میں بھائیوں اور بہنوں کا بھی حق رکھا ہے ۔ قرآن کریم نے صاف طور پر حکم دیا ہے کہ
کسی شخص کو یہ اجازت نہیں ہے کہ وہ اس تقسیم کو بدل سکے ۔ یا کسی ایک رشتہ دار کواپنی تمام جائداد
سپرد کر جائے ۔ اُس کی جس قدر جائداد ہو گی شریعت جبراً اس کے تمام رشتہ داروں میں تقسیم کرا
دے گی اور ہر ایک کو وہ حصہ دے گی جو قرآن کریم میں اُس کے لئے مقرر کیا گیا ہے۔ تعجب ہے
کہ جہاں دنیا سود کی تائید میں ہے حالانکہ وہ دنیا کی بے جوڑ مالی تقسیم کا بڑا موجب ہے وہاں
اکثر لوگ جبری ورثہ کے بھی مخالف ہیں اور اس امر کی اجازت دیتے ہیں کہ ایک ہی لڑکے کو
مرنے والا اپنا مال دے جائے حالانکہ اس سسٹم سے دولت ایک خاندان میں غیر محدود وقت
انوار العلوم جلد ۱۸
۵۷
اسلام کا اقتصادی نظام
تک جمع ہوتی جاتی ہے لیکن اسلامی اصول وراثت کے مطابق جائدادخواہ کتنی بڑی ہو تھوڑے ہی
عرصہ میں اولا د در اولاد میں تقسیم ہو کر مالدار سے مالدار خاندان عام لوگوں کی سطح پر آ جاتا ہے
اور اس حکم کے نتیجہ میں کوئی بھی شخص ایسا نہیں ہو سکتا جس کی بڑی سے بڑی جائداد یا بڑی سے
بڑی دولت تین چار نسلوں سے آگے بڑھ سکے ۔ وہ بمشکل تین چار نسلوں تک پہنچے گی اور پھر سب
کی سب ختم ہو جائے گی اور آئندہ نسل کو اس بات کی ضرورت محسوس ہوگی کہ وہ اپنے لئے اور
جائداد پیدا کرے۔ یورپ اور امریکہ میں بڑے بڑے مالدار اور لارڈز اسی لئے ہیں کہ
انگلستان میں یہ قانون ہے کہ جائداد کا مالک صرف بڑا بیٹا ہوتا ہے۔ اور امریکہ میں اجازت
ہے کہ باپ اپنی جائداد چاہے تو صرف ایک بیٹے کو دے جائے باقی ماں باپ، بھائی بہنیں ،
خاوند بیوی سب محروم رہتے ہیں یا رکھے جا سکتے ہیں ۔ پھر بعض دفعہ وہاں بڑے بڑے مالدار یہ
وصیت کر جاتے ہیں کہ ہماری دس لاکھ کی جائداد ہے اُس میں سے ایک لاکھ تو دوسرے
رشتہ داروں کو دے دیا جائے اور نو لاکھ بڑے لڑے کو دے دیا جائے ۔ اسلام کہتا ہے کہ یہ
بالکل نا جائز ہے تمہارے خاندان کی عظمت سوسائٹی کے فائدہ کے مقابلہ میں کوئی حیثیت نہیں
رکھتی ۔ ہمیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ تمہارا خاندان ملک میں چوٹی کا خاندان ہمیشہ سمجھا
جاتا ہے یا نہیں ۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ مال تقسیم در تقسیم ہوتا چلا جائے تا کہ غرباء کو بڑے بڑے
سرمایہ داروں کا مقابلہ نہ کرنا پڑے اور اُن کے لئے ترقی کا راستہ دنیا میں کھلا رہے۔
غرض ایک طرف اسلام نے جذبات پر قابو پایا اور ان تمام محرکات کو مسل دیا جن کے نتیجہ
میں انسان یہ چاہتا ہے کہ اُس کے پاس زیادہ سے زیادہ دولت جمع ہو۔ دوسری طرف اُس نے
بیہودہ اخراجات کو حکماً روک دیا اور کہہ دیا کہ ہم ان اخراجات کی تمہیں اجازت نہیں دے
سکتے ۔ تیسری طرف روپیہ جمع کرنے کے تمام طریق جن میں یقینی نفع ہوا کرتا ہے اُس نے نا جائز
قرار دے دیئے۔ چوتھی طرف زکوۃ اور طوعی صدقات وغیرہ کے احکام دے دیئے۔ اور اگر ان
سب احکام کے باوجود پھر بھی کوئی شخص اپنی ذہانت اور ہوشیاری کی وجہ سے کچھ زائد روپیہ
کما لیتا ہے اور خطرہ ہے کہ اُس کا خاندان غرباء کے راستہ میں روک بن کر کھڑا ہو جائے تو
شریعت اُس کے مرنے کے ساتھ ہی اُس کی تمام جائداد اس کے ورثاء میں تقسیم کر دیتی ہے۔