کشمیر

انوارالعلوم (جلد 19)

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۵۶
الفضل کے اداریہ جات
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
کشمیر
کشمیر کے متعلق نہایت متوحش خبریں آ رہی ہیں جن لوگوں نے یہ خیال کیا ہوا تھا کہ کشمیر کا
سوال چند دنوں میں حل کیا جا سکتا ہے نہ صرف ان کی غلطی ان پر واضح ہوگئی بلکہ دوسرے لوگ
بھی ان کی غلطی کا خمیازہ بھگتنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔ بڑھی ہوئی اُمیدوں کا نتیجہ جب حسب امید
نہیں نکلتا تو لوگ اس بات کے سوچنے کی طاقت سے بھی محروم ہو جاتے ہیں کہ حالات کے
مطابق کتنا نتیجہ نکلنا چاہئے تھا اور وہ صرف یہی سوچتے ہیں کہ جو کچھ ہمیں کہا گیا تھا اتنا نتیجہ نہیں
نکلا ۔ خواہ وہ نتیجہ جس کی وہ امید کر رہے تھے عقل اور واقعات کے خلاف ہی کیوں نہ ہو اور اس
کی وجہ سے وہ لوگ دل چھوڑ بیٹھتے ہیں اور مجبوری کے بغیر کمزوری دکھانے لگ جاتے ہیں ۔
ایک نقصان یہ بھی ہوتا ہے اور ہوا ہے کہ جب مبالغہ آمیز خبریں شائع کی جائیں تو دشمن
بہت زیادہ ہوشیار ہو جاتا ہے جب کشمیر میں انڈین یونین کی فوجیں آئیں تو شروع میں وہ صرف
ایک بریگیڈ بھجوانا کافی سمجھتے تھے لیکن پاکستان سے جب یہ آوازیں اُٹھنی شروع ہوئیں کہ پچاس
ہزار مجاہد سرینگر کے میدان کی طرف بڑھ رہا ہے تو انڈین یونین نے تین ڈویژن کشمیر بھیجوانے کا
فیصلہ کر دیا اور تمام ڈکوٹا ہوائی جہاز جو ہندوستان میں میسر آ سکتے تھے ان کو اس کام پر لگا دیا گیا
نتیجہ یہ ہوا کہ جتنی فوج بھجوانے کا ارادہ نہیں تھا اتنی فوج بھیج دی گئی اور جس عرصہ میں فوج بھیجنے کا
ارادہ تھا اس سے پہلے بھیج دی گئی ۔ ہماری طرف سے صرف فخر کا اظہار ہوا اور اُدھر سے کام ہو
گیا۔ اس فخر کا ہم کو کیا فائدہ ہوا ؟ صرف مخالف نے اس سے فائدہ اُٹھایا اور ہمارے دوستوں کو
اس سے سوائے نقصان کے اور کچھ حاصل نہ ہوا ۔
یہ تو ایک کھلی ہوئی صداقت ہے جس کا انکار نہ حکومت پاکستان کرتی ہے نہ کوئی مسلمان کر سکتا
ہے کہ گو پاکستان علَى الإِعْلان جنگ میں شامل نہیں لیکن وہ کشمیر کو اپنا حق سمجھتا ہے اور کشمیری

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۵۷
الفضل کے اداریہ جات
مسلمانوں کی آزادی اسے مطلوب ہے۔ وہ کسی صورت میں بھی پسند نہیں کر سکتا کہ کشمیر کا مسلمان
ڈوگروں کا غلام بنا کر رکھا جائے یا سکھوں کی کر پانوں کا نشانہ بنتا ر ہے۔ جب یہ ایک حقیقت ہے
تو اس حقیقت کو عملی جامہ پہنانے کیلئے بھی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں اور جنگ سے اُتر کر جتنی
تدابیر اس کام کے لئے استعمال کی جاسکتی ہیں وہ استعمال کر جانی چاہئیں ۔ مثلاً اخباری پرو پیگنڈا
حکومت پاکستان کی نگرانی میں آ جانا چاہئے ۔ سنسر نہ ہو مگر حکومت پاکستان کا پریس نمائندہ
اخبارات کو خفیہ طور پر ایسی ہدایتیں دیتا ر ہے کہ کسی قسم کی خبریں شائع کرنا تحریک کشمیر کے مخالف
ہوگا اور کسی قسم کی خبریں شائع کرنا تحریک کشمیر کے مخالف نہ ہوگا ۔ یورپ اور امریکہ کا پرلیس بالکل
آزاد سمجھا جاتا ہے لیکن وہاں بھی امور خارجہ کا ایک نمائندہ پریس کے ساتھ لگا ہوا ہوتا ہے اور وہ ہر
اہم موقع پر پریس کو توجہ دلاتا رہتا ہے کہ اس مسئلہ کے کونسے پہلوؤں کی اشاعت آپ کے ملک
کے مفاد کے لئے مضر ہو گی اور کونسے پہلوؤں کی اشاعت آپ کے ملک کے مفاد کیلئے مفید
ہو گی ۔ پریس بے شک آزاد ہوتا ہے مگر وہ اپنے ملک کا دشمن تو نہیں ہوتا۔ امور خارجہ کے نمائندہ
کی طرف سے جب ان کے سامنے حقیقت کو واضح کر دیا جاتا ہے تو نوے فیصدی پرلیس وہی
طریق اختیار کرتا ہے جس کی سفارش امور خارجہ نے کی ہوتی ہے ۔ دس فیصدی پریس جو اس کے
خلاف کرتا ہے اس کی آواز نوے فیصدی کی آواز کے نیچے دب جاتی ہے اور مجموعی طور پر پبلک
گمراہ نہیں ہوتی اور دس فیصدی پریس کی آواز کو دوسرے ممالک ملک کی آواز نہیں سمجھتے اس لئے
اس کی آواز سے بھی نقصان نہیں پہنچتا۔ یہی طریقہ یہاں بھی اختیار کرنا ضروری تھا۔ چاہئے تھا کہ
پاکستان حکومت کے محکمہ امور خارجہ کا ایک افسر فوراً مقرر کر دیا جاتا جو پاکستان کے پریس کو براہِ
راست یا اپنے نمائندوں کے ذریعہ ان کے فرائض کی طرف توجہ دلاتا رہتا۔ اس کے نتیجہ میں لازماً
پاکستان کے پریس کا اکثر حصہ اس طریق کو اختیار کر لیتا اور ایسے مضامین یا ایسی خبریں شائع نہ کرتا
جن سے کشمیر کے مسلمانوں کے مفاد کو نقصان پہنچتا اور اگر کوئی حصہ اس کے مخالف بھی چلتا تو اکثر
پریس کی خبریں چونکہ اس کے خلاف ہوتیں اور ان کے مضامین بھی اس کے خلاف ہوتے ، نہ
ملک کی عام رائے اس سے متاثر ہوتی اور نہ دوسرے ممالک اس کی آواز سے متاثر ہو کر کوئی ایسا
قدم اُٹھاتے جو کشمیر کے مسئلہ کو پیچیدہ بنا دینے والا ہوتا۔ بہر حال اس وجہ سے کہ پریس کو کوئی راہ

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۵۸
الفضل کے اداریہ جات
نمائی حکومت کی طرف سے حاصل نہ ہوئی ( گو ہمیں معلوم ہے کہ بعض دوسرے لوگوں نے
پاکستان کے پریس کے ایک حصہ کے سامنے یہ حقیقت واضح کر دی تھی کہ اس قسم کی خبروں کا نتیجہ یہ
نکلے گا کہ دشمن ہوشیار ہو جائے گا اور پاکستان اور کشمیر کے افراد کے حوصلے بعد میں جا کر پست ہو
جائیں گے ) پریس نے اپنے لئے خود ایک طریقہ انتخاب کیا جس کا نتیجہ ہمارے نزدیک ملک
کیلئے مضر نکلا ۔ مگر بہر حال پریس پر کوئی الزام نہیں کیونکہ اُنہوں نے اپنے لئے ایک ایسا طریق
اختیار کر لیا تھا جو اُن کی سمجھ میں ملک کے لئے مفید تھا ۔ ان کو تحریک کشمیر کے ذمہ دار افسروں کی
طرف سے ایسی ہی اطلاعات پہنچتی رہی تھیں جن کی وجہ سے وہ کشمیر کے کام کو نہایت ہی معمولی
سمجھتے تھے اور یہ خیال کرتے تھے کہ غالباً چند دن میں سارا کشمیر صاف ہو جائے گا بعد کے واقعات
نے اس خیال کی تردید کر دی اور اب یہ معاملہ نہایت ہی پیچیدہ ہوتا چلا جاتا ہے۔ یہ درست نہیں
کہ یہ مسئلہ کامیاب طور پر حل ہی نہیں کیا جا سکتا یقیناً یہ مسئلہ کامیاب طور پر حل کیا جا سکتا ہے بشرطیکہ
عقل اور سمجھ سے کام لیا جائے اور بشرطیکہ پاکستان کا مسلمان کشمیر کی تحریک چلانے والوں کی پوری
طرح امداد کرے۔ اب سردیاں آ رہی ہیں اور اگر کشمیر کی تحریک جاری رہی تو برف میں تحریک
کشمیر کی فوجوں کو کام کرنا پڑے گا۔ تحریک کشمیر میں کام کرنے والے لوگ برفانی علاقوں کے
ہیں ۔ مظفر آباد، پونچھ ، ریاسی ، میر پور ، کشمیر اور سرحدی قبائل کے لوگ سب برفانی علاقوں کے
ہیں مگر باوجود اس کے وہ بغیر سامان کے ان علاقوں میں کام نہیں کر سکتے ۔ انہیں گرم جرابوں ، گرم
سویٹروں ، بوٹوں ، پیٹوں اور بھاری کمبلوں کی ضرورت چند دن میں پیش آئے گی۔ اگر چند دن
میں یہ چیزیں ان تک نہ پہنچیں تو ان کے حوصلے پست ہو جائیں گے اور یہ امر ظاہر ہے کہ طبعی
تقاضوں کا مقابلہ کوئی انسان نہیں کر سکتا۔ بغیر کھانے کے سپاہی لڑ نہیں سکتا اور بغیر سردی گرمی کے
مقابلہ کا سامان ہونے کے سپاہی لڑ نہیں سکتا ۔ ایک سپاہی سردی میں رات تو گزار سکتا ہے بلکہ
متواتر راتیں گزار کر اپنی جان بھی قربان کر سکتا ہے مگر وہ تمام اخلاص اور تمام جذبۂ ایثار کے
با وجود اپنی صحت اور اپنی طاقت کو قائم نہیں رکھ سکتا ۔ ہر شخص جان سکتا ہے کہ ہمیں اس امر میں خوشی
نہیں ہو سکتی کہ ہمارے افراد نے قربانی کر کے اپنی جانیں دے دیں۔ ہمیں اگر خوشی ہو سکتی ہے تو
اس بات میں کہ ان کی قربانی کے نتیجہ میں ہمارے بھائی آزاد ہو گئے اور یہ نتیجہ بھی نکل سکتا ہے

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۵۹
الفضل کے اداریہ جات
جب کہ آزاد کشمیر کے سپاہیوں کی صحتیں درست رہیں اور ان کی طاقت قائم رہے اور یہ بات ظاہر
ہے کہ ان کی صحتوں کی درستی اور طاقت کے قیام کا مدار عمدہ غذا اور سردی کو برداشت کرنے والے
لباس کے مہیا ہونے پر ہے۔
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ مغربی پاکستان کے لوگوں کے ذمہ اس وقت مشرقی پاکستان کے
پناہ گزینوں کے لباس کے مہیا کرنے کا بہت بڑا کام ہے لیکن اس میں بھی کوئی شبہ نہیں کہ اگر کشمیر
کے مجاہدین کے لئے گرم جرابوں اور گرم کپڑوں کا سامان مہیا نہ کیا گیا تو وہ ہرگز سردی میں اس
جنگ کو جاری نہ رکھ سکیں گے۔ پس اس کے لئے ابھی سے ملک کو تیار ہو جانا چاہئے ۔ اس میں
کوئی شبہ نہیں کہ غلط امیدوں کے خلاف نتائج نکلے ہیں اور اس میں کوئی شبہ نہیں کہ وہ خبریں جو
شائع ہو رہی تھیں درست ثابت نہیں ہوئیں اور اس کی بڑی وجہ یہی تھی کہ ایسے لوگوں پر کام کو
چھوڑ دیا گیا تھا جو پورے طور پر اس کام کے اہل نہیں تھے ۔ ایسے سرحدی قبائل لڑائی کے لئے
آگے چلے گئے جو اپنے ملک سے دور رہ کر لڑنے کے عادی نہیں اور جو صرف پندرہ بیس دن تک
ایک وقت میں لڑائی کر سکتے ہیں وہ بہادر بھی ہیں ، وہ جانباز بھی ہیں ، وہ لڑائی کے دھنی بھی ہیں ،
وہ جان دینے سے بھی نہیں ڈرتے ان کے حوصلے اور ان کی قربانیوں کا کوئی انکار نہیں کر سکتا لیکن
وہ ہمیشہ سے ہی ایسی جنگ کے عادی ہیں جو ان کے گھروں کے آس پاس لڑی جائے ۔ وہ سو دو
سو میل باہر جا کر لڑنے کے عادی نہیں ۔ نسلاً بعد نسل وہ ان پہاڑیوں میں لڑنے کے عادی ہیں
جن میں وہ پیدا ہوئے جن کے کونے کونے سے وہ واقف ہیں ، جن کے ہر نشیب و فراز کا ان کو علم
ہے، جن کی ہر وادی اور ہر چوٹی کا نقشہ ان کی آنکھوں کے سامنے رہتا ہے۔ پھر ان لڑائیوں
میں جو لوگ لڑتے رہتے ہیں ان کا عقب ہمیشہ محفوظ رہا ہے کیونکہ وہ اپنے گھروں سے دور کبھی
نکلے ہی نہیں اور اس وجہ سے وہ جانتے ہی نہیں کہ عقب کی حفاظت کتنی ضروری ہے کیونکہ ان کے
راستے یا تو خودان کے بیوی بچوں کی نگرانی میں ہوتے تھے یا ان کے دوست قبائل کی نگرانی میں
ہوتے تھے۔ ان کے رستوں کو وہی توڑ سکتا تھا جو ان کے گھروں میں داخل ہو اس لئے اپنے
رستوں کی حفاظت کا خیال کبھی سرحدی قبائل کے دلوں میں پیدا ہی نہیں ہوتا لیکن اپنے گھر سے
دور جا کر لڑنے والی فوجوں کے لئے سب سے اہم سوال ان رستوں کی حفاظت کا ہوتا ہے جہاں

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۶۰
الفضل کے اداریہ جات
سے اُن کو رسد پہنچتی ہے اور جن کی حفاظت کے بغیر ان کا پیچھا محفوظ نہیں رہ سکتا ۔ اس قسم کی
تربیت سرحدی قبائل کی نہیں ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ سرحد کے قبائل بے تحاشا آگے بڑھتے چلے ۔
گئے انہوں نے یہ نہ سوچا کہ ان کا پیچھا کون سنبھالے گا کیونکہ پیچھا سنبھالنے کا خیال کبھی ان کے
دل میں پیدا ہی نہیں ہوا۔ وہ ہمیشہ اپنے گھر کی پہاڑیوں میں لڑتے رہے اور ایسی پہاڑیوں میں
وہ لڑتے رہے جن کی چپہ چپہ زمین کے وہ واقف ہیں ۔ جب وہ اپنے ملک سے دور جا کر اپنی
عادت کے مطابق لڑے تو دشمن کو کئی موقعوں پر ان کا پیچھا روک لینے کا موقع مل گیا اور اس سے
ان کو بہت نقصان پہنچا۔ دوسرے کئی لوگ جو اپنے گھروں سے اس خیال سے نکلے تھے کہ پندرہ
ہیں دن کی لڑائی کے بعد ہمارا کام ختم ہو جائے گا ۔ بعض دفعہ وہ اچانک میدانِ جنگ سے واپس
آ گئے اور انہوں نے یہ خیال کیا کہ ہم اپنی لڑائی کی مدت کو پورا کر چکے ہیں۔ نتیجہ یہ ہوا کہ
دوسرے قبائل پونچھ اور کشمیر کے یا سرحد کے جو میدانِ جنگ میں لڑ رہے تھے ان کا پہلو یکدم ننگا
ہو گیا اور باوجود مضبوط ارادہ کے وہ پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گئے اور فتح شکست سے بدل گئی ۔ اس
کے سوا بھی بعض اور باتیں اور خبریں ہمیں موثق ذرائع سے معلوم ہوئی ہیں مگر ان کا ذکر کرنا
مناسب نہیں کیونکہ ان باتوں کے اظہار سے آزادی کشمیر کی تحریک کا کام کرنے والوں کو نقصان
پہنچے گا۔ ہمارے دل میں دُکھ ہے کہ ایسا کیوں ہوا مگر ہم یہ بے وقوفی کرنا نہیں چاہتے کہ پچھلے
نقصان پر واویلا کر کے آئندہ کی کامیابی کو اور بھی مخدوش بنا دیں۔ بہر حال جہاں تک ہمیں علم
ہے آزادی کشمیر کی تحریک میں کام کرنے والے اپنی سابقہ غلطیوں کی اصلاح میں مشغول ہیں اور
آئندہ کے لئے نئی جدوجہد کے مستقل ارادے رکھتے ہیں مگر جیسا کہ ہم اوپر بتا چکے ہیں وہ بغیر
سامانوں کے کچھ نہیں کر سکتے اور یہ اور یہ سامان بغیر روپیہ کے میسر نہیں آ سکتے ۔ پس ہم تمام مسلمانوں
کی توجہ اس طرف پھراتے ہیں کہ اس وقت بخل سے کام نہ لیں کیونکہ کشمیر کا مستقبل پاکستان کے
مستقبل سے وابستہ ہے۔ آج اچھا کھانے اور اچھا پہننے کا سوال نہیں پاکستان کے مسلمانوں کو
خود فاقے رہ کر اور ننگے رہ کر بھی پاکستان کی مضبوطی کے لئے کوشش کرنی چاہئے اور جیسا کہ ہم
اوپر بتا چکے ہیں پاکستان کی مضبوطی کشمیر کی آزادی کے ساتھ وابستہ ہے۔ ہم تمام پاکستان کے
رہنے والوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ آزادی کشمیر کی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کی

انوار العلوم جلد ۱۹
۲۶۱
الفضل کے اداریہ جات
کمبلوں ، گرم کوٹوں، برساتی کوٹوں ، زمین پر بچھانے والی برسانیوں، برفانی بوٹوں، گرم
جرابوں اور گرم سویٹروں سے امداد کریں۔ یہ چیزیں کچھ تو ان دُکانوں سے مہیا کی جاسکتی ہیں
جنہوں نے گزشتہ زمانہ میں ڈسپوزل کے محکمہ سے سامان خریدا تھا اور کچھ سامان ابھی ڈسپوزل
کے سٹوروں میں پڑا ہوگا جو ملک کے پاس فروخت کرنے کیلئے ہے وہاں سے بھی سامان خریدا
جا سکتا ہے اور کچھ سامان خودسرحد، کشمیر اور پونچھ سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے صحیح جگہ
روپیہ بھجوا دینا نہایت ضروری ہے۔ ہم پاکستان کے تمام اخباروں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ
اپنے اپنے خریداروں سے روزانہ اس کام کے لئے چندہ کی اپیل کریں یا سارے اخبار مل کر
ایک کمیٹی بنالیں جو مشترکہ طور پر روپیہ جمع کرے اور ایسے ضروری سامان خریدے جو مغربی
پاکستان میں مل سکتے ہیں اور جو مغربی پاکستان میں نہیں مل سکتے لیکن خود کشمیر اور پونچھ اور سرحد
میں مل سکتے ہیں ، ان کے لئے روپیہ عارضی حکومت کو بھجوائیں یا عارضی حکومت کی ان شاخوں کو
بھیجوائیں جو ملک کے مختلف حصوں میں کام کر رہی ہیں ۔ ہم الفضل کے خریداروں اور الفضل
کے پڑھنے والوں سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ جو کچھ انہیں توفیق ہو اس کام کے لئے بھجوائیں مگر
اتنی بات کافی نہیں اصل ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر الفضل کا خریدار اور ہر الفضل کا پڑھنے
والا اپنے اپنے علاقہ کے لوگوں سے بھی چندہ کی اپیل کرے۔ اگر ہمارے اخبار کے خریدار
اور ہمارے اخبار کے پڑھنے والے لوگوں پر ساری حقیقت واضح کر دیں تو یقیناً لوگ دل کھول کر
چندہ دیں گے لیکن سوال زیادہ روپیہ کا بھی نہیں جو زیادہ دے سکتا ہے وہ زیادہ دے جو زیادہ
نہیں دے سکتا یا زیادہ دینا نہیں چاہتا وہ اگر ایک پیسہ بھی دیتا ہے تو اپنے ملک کی خدمت کرتا
ہے۔ اگر ہزار آدمی ایک ایک پیسہ دے کر بھی ایک سپاہی کی جان بچا لیتے ہیں تو یقیناً وہ فتح کو
قریب کر دیتے ہیں اس لئے کمر ہمت کس کر کھڑے ہو جائیں اور اپنے علاقہ کے تمام لوگوں سے
خواہ وہ کسی قوم اور کسی فرقہ اور کسی خیال کے ہوں ، چندہ جمع کریں اور جلد سے جلد بھجوائیں اس
تمام چندے کا حساب رکھا جائے گا اور بعد میں حساب شائع کیا جائے گا یا درکھیں کہ الفضل ایسے
چندے کو اور ایسی چیزوں کو جو اس چندہ میں آئیں سو فیصدی اس جگہ پر پہنچادے گا جہاں پہنچ کر
وہ کشمیر کی تحریک کو اِنْشَاءَ اللہ فائدہ پہنچا سکیں گی ۔ ( الفضل لا ہو ر ۱۲ رنو مبر ۱۹۴۷ء )

آج 10 میں سے 10 باقی