کانگرس ریزولیشن
انوارالعلوم (جلد 19)
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۰
الفضل کے اداریہ جات
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ
کانگرس ریزولیوشن
۱۴ نومبر کو کانگرس ورکنگ کمیٹی نے ایک ریزولیوشن آل انڈیا کانگرس کمیٹی کے سامنے پیش
کرنے کیلئے منظور کیا ہے ۔ ہماری پرائیویٹ اطلاع یہ ہے کہ یہ ریزولیوشن خود مسٹر گاندھی کا تیار
کردہ ہے ۔ ۱۴ / تاریخ کو کانگرس ورکنگ کمیٹی نے مسٹر گاندھی سے خواہش ظاہر کی کہ چونکہ وہ
رات اور دن میٹنگ کر رہے ہیں ان کے پاس اتنا وقت نہیں کہ اس اہم ریزولیوشن کے الفاظ
اس احتیاط سے تیار کر سکیں جس احتیاط کی اس ریزولیوشن کے تیار کرنے میں ضرورت ہے مسٹر
گاندھی نے ان کی اس درخواست کو منظور کر لیا اور تمام دوسرے کام بند کر کے اس ریزولیوشن
کے الفاظ تیار کر کے ورکنگ کمیٹی میں بھجوا دیا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اصل ریزولیوشن تو مسٹر گاندھی
نے تیار کیا تھا اس میں خفیف سی اصلاحات کی گئی ہیں ۔ غالباً مسٹر گاندھی نے ان اصطلاحات کو
تسلیم کر لیا ہوگا کیونکہ بعد میں مسٹر گاندھی نے اس ریزولیوشن کی تصدیق کر دی ہے۔ اس
ریزولیوشن کے الفاظ یہ ہیں ۔
وہ خطرناک واقعات جو پنجاب اور بعض دوسری جگہوں پر گزشتہ مہینوں میں ہوئے ہیں ان
کے نتیجہ میں ان علاقوں کی آبادیوں کو وسیع تعداد میں نقل مکانی کرنی پڑی ہے اور لاکھوں
آدمیوں کو نا قابل بیان نقصان پہنچا ہے۔ امداد اور دوبارہ آباد کرنے کے مسائل ایسی اہمیت پکڑ
گئے ہیں کہ ان کی مثال تاریخ میں بالکل نہیں مل سکتی ۔ ہندوستان گورنمنٹ نے ہمت اور عزم کے
ساتھ ان نئے حالات کا مقابلہ کیا ہے مگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمیں یہ واضح کر دینا چاہئے کہ ان
معاملات کو حل کرتے وقت قومی پالیسی کیا ہو گی ۔ کیا ہوگی ۔
آل انڈیا کانگرس کمیٹی اس وسعت کے ساتھ نقل مکانی کو جس کے نتیجہ میں لاکھوں لاکھ
انسانوں کو تکلیف پہنچی ہے اور جس کے نتیجہ میں قوم کی اقتصادی حالت کو سخت دھکا لگا ہے اور جو
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۱
الفضل کے اداریہ جات
کانگرس کے ان بنیادی اصولوں کو جو ابتداء ہی سے کانگرس نے اختیار کر رکھے ہیں ، سخت نقصان
پہنچاتی ہے، نا پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ آل انڈیا کانگرس کمیٹی کی رائے میں یہ تبادلۂ آبادی
روکا جانا چاہئے اور ہندوستان یونین میں بھی اور پاکستان میں بھی ایسے حالات پیدا کئے جانے
چاہئیں کہ اقلیتیں امن اور حفاظت کے ساتھ رہ سکیں ۔ اگر اس قسم کے حالات پیدا کر دیئے
جائیں تو ایک علاقہ سے دوسرے علاقہ کی طرف منتقل ہونے کی خواہش آپ ہی آپ سرد پڑ
جائے گی۔ کمیٹی کی رائے میں پاکستان کے ہندو اور سکھ باشندوں کو مجبور کرنا کہ وہ اپنے گھر چھوڑ
دیں اور ہندوستان یونین کی طرف چلے جائیں اور ہندوستان یونین کے مسلمانوں کو مجبور کرنا کہ
وہ پاکستان کی طرف ہجرت کر جائیں ایک نا واجب فعل ہے ۔
کمیٹی یہ محسوس کرتی ہے کہ جو کچھ ہو چکا ہے اس کا پورا ازالہ کرنا ناممکن ہے۔ مگر باوجو داس
کے وہ فیصلہ کرتی ہے کہ اس بارہ میں ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے کہ دونوں ڈومینین کے مہاجرین
آخر کا ر اپنے اپنے گھروں میں جا کر آباد ہو جائیں اور اپنے پیشوں اور فنوں کو ان علاقوں میں جا
کر امن اور حفاظت کے حالات میں اختیار کریں۔ وہ لوگ جنہوں نے اپنے گھر ابھی تک نہیں
چھوڑے اُن کو وہیں رہنے پر آمادہ کرنا چاہئے سوائے اس کے کہ وہ اپنی ذاتی خواہش کے ساتھ
نقل مکانی پر مصر ہوں اگر ایسا ہو تو ان کے سفر کو آسان بنانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جانی
چاہئے ۔ دونوں حکومتوں کا اخلاقی فرض ہے کہ وہ ان اصول پر باہمی گفت و شنید شروع کریں اور
ایسے حالات پیدا کریں جن کے ماتحت دونوں طرف کے مہاجر اپنے وطنوں میں پورے اطمینان
کے ساتھ پھر جا کر آباد ہوسکیں ۔
بہر حال ہندوستان یونین کو ہماری مقررہ پالیسی پر عمل کرنا چاہئے اور ان اقلیتوں کی پوری
حفاظت کرنی چاہئے جو ابھی تک ہندوستان یونین میں بس رہی ہیں اور انہیں جبر کے ساتھ اپنے
گھروں سے نہیں نکالنا چاہئے اور نہ ایسے حالات پیدا کرنے چاہئیں کہ جن کی وجہ سے لوگ
ہجرت کرنے پر مجبور ہوں ۔ کانگرس کی چونکہ یہ فیصل شدہ پالیسی ہے اس لئے وہ لوگ جو انڈین
یونین کو چھوڑنے کا ارادہ کر رہے ہیں ان کی ہر طرح خبر گیری کرنی چاہئے اور یونین کے
باشندوں کو ان کا جب تک کہ وہ لوگ ہندوستان میں بستے ہیں خیال رکھنا چاہئے ایسے لوگوں کی
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۲
الفضل کے اداریہ جات
نسبت یہ نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہئے کہ گویا وہ نا خواندہ مہمان ہیں اور صرف ایک مہربانی کے طور پر
ان کی موجودگی کو برداشت کیا جا رہا ہے۔ ایسے لوگ وہی اختیارات رکھیں گے اور ویسی ہی ان
پر ذمہ داریاں ہوں گی جیسی کہ دوسرے شہریوں پر، جہاں پر وہ کیمپوں میں رہ رہے ہوں ان
سے یہ امید کی جائے گی کہ وہ اپنے ساتھی مہاجرین سے مل کر کوئی نہ کوئی ملکی خدمت کریں اور
کیمپوں کے اچھے انتظام کی خاطر جو قوانین بنائے جائیں ، ان کی پابندی کریں ۔ وہ لوگ جو
کیمپوں کی نگرانی کرنے کے اہل سمجھے جائیں اُن کی نگرانی کے ماتحت کیمپوں کے رہنے والوں کو
حفظانِ صحت اور دوسری خدمات کو بخوشی بجالانا چاہئے اور جو لوگ کیمپوں پر نگران مقرر کئے گئے
ہوں ان کو چاہئے کہ ایسے کاموں میں خود بھی شریک ہوا کریں۔ پناہ گزینوں کو ایسے کام سپر د کئے
جانے چاہئیں جن سے نفع حاصل ہو اور اُس نفع میں ان لوگوں کو بھی شریک کیا جانا چاہئے ۔
مغربی پنجاب کے پناہ گزینوں کو عام حالات میں مشرقی پنجاب میں ہی بسانا چاہئے اور پاکستان
کے دوسرے حصوں کے پناہ گزینوں کو ایسے علاقوں میں بسانا چاہئے جن کا فیصلہ مرکزی حکومت
صوبجاتی حکومتوں کے ساتھ مل کر کرے ۔ اس بات کا خیال رکھا جانا چاہئے کہ خاص علاقہ کے
لوگ جہاں تک ہو سکے اکٹھے ہی بسائے جایا کریں ۔ اس کام میں صوبجاتی حکومتوں کو چاہئے کہ
وہ مرکزی حکومت کے ساتھ پورا تعاون کریں اور پناہ گزینوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو جگہ
دینے کیلئے رستہ نکالیں ۔ کوئی گھر جس کو کسی مسلمان نے اپنی مرضی سے نہیں چھوڑا اس میں کوئی
پناہ گزیں نہ بسایا جائے ۔ پناہ گزینوں کی نقل و حرکت جس کا پہلے ہی سے ریلوں کے ذریعہ سے یا
لاریوں کے ذریعہ سے یا اور دوسرے ذرائع سے انتظام کیا جا رہا ہے آئندہ اوپر کے بتائے
ہوئے قانون کے ماتحت ہونی چاہئے اور کسی شخص کو اپنی جگہ سے نہیں نکالنا چاہئے جب تک کہ وہ
ایسا کرنے کی خود خواہش نہ رکھتا ہو۔ یہی قانون ان ریاستوں کے متعلق بھی جاری ہونا چاہئے
جو انڈین یونین میں شامل ہوئی ہیں اور جن میں سے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد یا تو نکل گئی
ہے یا نکال دی گئی ہے ۔ آل انڈیا کانگرس کمیٹی یقین رکھتی ہے کہ ہندوستان یونین کی مرکزی
حکومت ، مشرقی پنجاب کی حکومت اور ان ریاستوں کی حکومتیں جن پر اس نقل مکانی کا اثر پڑا
ہے، اوپر کی بیان کردہ پالیسی کو فوراً جاری کریں گی اور اپنے تمام افسروں کو حکم دیں گی کہ وہ
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۳
الفضل کے اداریہ جات
مذکورہ بالا پالیسی کی لفظ بلفظ پیروی کریں“۔
اس ریزولیوشن کے الفاظ میں تھوڑی بہت تبدیلی کی گنجائش تو موجود ہے جیسا کہ ہم اپنے
دوسرے آرٹیکل میں بیان کریں گے لیکن اس میں کوئی شبہ نہیں کہ اس ریزولیوشن میں نہایت ہی
اچھے خیالات کا اظہار کیا گیا ہے اور پاکستان کی حکومت کو فوراً ان خیالات کی تائید کرنی چاہئے
یہ سوال کہ ہندوستان کی حکومت نے اب تک اس پر عمل کیا ہے یا نہیں یا پاکستان کی حکومت نے
اب تک اس پر عمل کیا ہے یا نہیں ایک ثانوی حیثیت رکھتا ہے ہم ماضی کو بعض حالات میں بھول
نہیں سکتے ۔ ہم بعض حالات میں ماضی کو بھولنا نہیں چاہتے ۔ ہم بعض حالات میں ماضی کو بھول
جانا بے غیرتی سمجھتے ہیں۔ یہ باتیں ہمارے مد نظر ہیں اور ہر ایک عقلمند کو مدنظر رہنی چاہئیں لیکن
بعض ذمہ داریاں متوازی طور پر ادا کی جاسکتی ہیں۔ ہمیں ماضی کے ان حصوں کو یا د رکھتے ہوئے
جن کے بداثرات کا ازالہ کرنا ہمارے ذمہ فرض ہے مستقبل کے لئے کسی راستہ کے کھولنے سے
دریغ نہیں ہونا چاہئے ۔ سیاست دان اور مقالہ نویس مستقبل قریب میں اور مؤرخ مستقبل بعید
میں ان واقعات پر بخشیں کرتے چلے جائیں گے جو گزشتہ مہینوں میں ہندوستان میں پیش آئے
ہیں اس بارہ میں نہ ہم اپنا حق چھوڑنا چاہتے ہیں ۔ نہ انڈین یونین کے لوگوں سے ان کا حق
چھڑوانا چاہتے ہیں لیکن اس حق کو قائم رکھتے ہوئے بھی ہم آئندہ کے متعلق کوئی مناسب سمجھوتہ
کر سکتے ہیں اور ہمیں ایسا ضرور کرنا چاہئے ۔
ہمارے نزدیک چاہئے یہی تھا کہ پاکستان کی حکومت پہلے اس سوال کو اُٹھاتی کیونکہ بہت
سی باتیں جو اس ریزولیوشن میں بیان کی گئی ہیں وہ اسلامی اصول کے مطابق ہیں اور اسلام کی
پیش کردہ ہیں ۔ امن اور انصاف کو قائم کرنا سب سے پہلا فرض اسلامی حکومتوں کا ہے۔ اسلام
ہی وہ مذہب ہے جو امن کے قیام کے لئے سنہری قواعد پیش کرتا ہے اور اسلام کا لانے والا
مقدس وجو د ہی وہ ہے جس نے ان سنہری قواعد پر خود عمل کر کے دکھایا ہے اور وہی ایسا کر بھی سکتا
تھا کیونکہ دنیا میں ایک ہی شخص گزرا ہے جو نبوت اور کامل اقتدار والی حکومت پر ایک ہی وقت
میں فائز رہا ہے۔ بنی اسرائیل کے نبی موسیٰ اور عیسی ، ایران کے نبی زرتشت ، ہندوستان کے
نبی کرشن اور رام چندر جی اور چین کے نبی کنفیوسش کو یہ مواقع میسر نہیں آئے ۔ ہم اس بات پر
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۴
الفضل کے اداریہ جات
سب سے۔
فخر کر سکتے ہیں کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فقر اور ایام ابتلاء بھی ایسے دیکھے کہ جن کی مثال
دنیا کے کسی اور نبی کی زندگی میں نہیں پائی جاتی ۔ اور ان ایام میں وہ اعلیٰ درجہ کا نمونہ صبر،
برداشت اور استقلال کا دکھایا کہ جس کی نظیر دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔ اور اس نے ایک غالب اور
فاتح کے ایام بھی دیکھے اور عفو اور رحم اور انصاف اور درگزر اور شفقت اور ہمدردی اور ایسی تنظیم
کا جس کا نیک اثر بڑوں اور چھوٹوں سب پر پڑتا ہے ایسا شاندار نظارہ دکھایا کہ اس کی مثال بھی
دنیا کی تاریخ میں کسی اور جگہ نہیں ملتی ۔ ہمارا خزانہ ہمارے گھر سے نکلنا چاہئے اور ہمیں کبھی یہ
موقع نہیں دینا چاہئے کہ ہمارے نبی کا ورثہ دوسرے لوگ دنیا کے سامنے پیش کریں ہم اور صرف
ہم اس بات کے حقدار ہیں کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ کیا اور کہا وہ سا
پہلے
ہماری زبانوں اور ہمارے ذہنوں سے دنیا کے سامنے آئے ۔ کہا جا سکتا ہے کہ ٹکڑے ٹکڑے کر
کے یہ باتیں ہمارے آدمیوں نے بھی پیش کی ہیں ۔ یہ بالکل درست ہے راجہ غضنفر علی صاحب
نے جو کوشش کی ہے اس کے مقابلہ میں ہندوستان یونین کا کوئی وزیر اپنی خدمات پیش نہیں کر
سکتا ۔ راجہ غضنفر علی صاحب سے ہزار تحسین اور آفرین کے مستحق ہیں ۔ ادھر مسٹر گاندھی نے بھی
بہت کچھ اسی قسم کے خیالات کا اظہار کیا ہے اور ان کے اثر اور ان کے سمجھانے سے مسٹر نہرو اور
دوسرے ہندو لیڈروں نے بھی وقتاً فوقتاً بعض اچھے خیالات کا اظہار کیا ہے لیکن راجہ غضنفر علی
صاحب آخر راجہ غضنفر علی صاحب ہیں اور مسٹر گاندھی اور پنڈت نہر وآخر مسٹر گاندھی اور پنڈت
نہر وہی ہیں ۔ بڑے سے بڑے فرد کی آواز قوم کی آواز کا قائم مقام نہیں ہو سکتی ۔ ہمارا فرض تھا
کہ گزشتہ ایام میں آل انڈیا مسلم لیگ کا اجلاس کر کے ان خیالات کو اپنی قوم کی طرف سے پیش
کرتے ۔ راجہ غضنفر علی صاحب کے خیالات کو ہندوستان یونین کے لوگ یہ کہہ کر نظر انداز کر سکتے
تھے کہ ایک شخص تھا جس کے دل میں اچھے خیالات پیدا ہوئے مگر اس کی قوم نے ان خیالات کو
اپنایا نہیں اور یہی بات مسٹر گاندھی کے متعلق بھی کہی جاسکتی تھی ۔ ادھر راجہ غضنفر علی صاحب کے
خیالات کے متعلق کئی دفعہ ہمارے اخبارات نے مخالفانہ تنقبہ تنقید کی ہے اُدھر مسٹر گاندھی اور پنڈت
نہرو کے خیالات کے خلاف ہندوستان کے اخبارات نے تنقید کی ہے۔ پس انفرادی خیالات کا
اظہار اور چیز ہے اور قومی طور پر ایک بات کہنا اور چیز ہے ۔ ہمارے نزدیک اب بھی موقع ہے
انوار العلوم جلد ۱۹
۲۹۵
الفضل کے اداریہ جات
لیگ کو فوراً اس کے جواب میں ایک اعلان شائع کرنا چاہئے جس میں اپنی قومی پالیسی کو قومی مجلس
کے ذریعہ سے شائع کر دینا چاہئے تا کہ دنیا پر یہ بداثر نہ پڑے کہ کانگرس تو صلح کا ہاتھ بڑھا رہی
ہے لیکن لیگ ایسا کرنا نہیں چاہتی ۔ لیگ یقیناً ان خیالات کی کانگرس سے بھی زیادہ حامی ہے
کیونکہ یہ خیالات اسلامی ہیں بلکہ لیگ کو چاہئے کہ ان خامیوں کی بھی اصلاح کر دے جو اس
ریزولیوشن میں پائی جاتی ہیں اور کانگرس سے بھی زیادہ وسیع حوصلہ کے ساتھ صلح اور آشتی کا ہاتھ
بڑھائے ۔ اس کے بعد عمل کا سوال پیدا ہو گا ۔ اگر کانگرس نے لیگ کی تائید کے بعد عمل کی طرف
قدم نہ اٹھایا تو دنیا کو یہ جاننے کا موقع مل جائے گا کہ کانگرس نے وہ بات کہی جس پر وہ عمل کرنا
چاہتی تھی ۔ جب لیگ نے اس کی پالیسی کی تائید کر دی تو اس نے اپنا قدم پیچھے ہٹا لیا۔ اگر ایسا
ہوا تو لیگ کی عزت دنیا کی نظروں میں بڑھ جائے گی اور مسلمانوں کو پھر ایک بار اُس عزت سے
حصہ مل جائے گا جو ان کے نبی مکرم نے ان کے ورثہ میں چھوڑی ہے اور اگر کانگرس نے لیگ کے
اعلان کا خیر مقدم کیا اور اپنی شائع کردہ پالیسی پر عمل کرنے کے لئے تیار ہو گئی تو اس سے بہتر
بات ہندوستان کے لئے اور کیا ہوگی ۔ بہت سے جھگڑے آپس میں طے کرنے والے باقی
ہیں ۔ بہت سی شکایتوں کا ازالہ ہونے والا ہے۔ مگر بسا اوقات ت جب لوگ ایک بات کو محبت سے
طے کرنے کے لئے بیٹھتے ہیں تو دوسری باتوں کا تصفیہ بھی آپ ہی آپ ہوتا چلا جاتا ہے۔ ایک
نیکی دوسری نیکی کی طرف لے جاتی ہے۔ صلح کے لئے بڑھایا ہوا ایک قدم دو اور قدموں کے
بڑھانے کے لئے رستہ صاف کر دیتا ہے۔ آؤ ہم ان لاکھوں غریبوں اور مسکینوں کا خیال کریں
جو اپنے وطنوں سے دور اِدھر اُدھر دھکے کھاتے پھرتے ہیں جن کے ساتھ حسن سلوک بھی کیا جاتا
ہے اور جن پر زبانِ طعن بھی دراز کی جاتی ہے۔ بعض لوگ بھائیوں کی طرح ان سے بغلگیر
ہو رہے ہیں تو بعض ان سے فقیروں اور بھک منگوں کا سا سلوک کر رہے ہیں ۔ آؤ ہم ان لوگوں
کو پھر اپنے گھروں میں بسانے کے لئے ایک جدو جہد کریں اور ایک ایسا قدم اُٹھائیں جس سے
ملک میں امن کی فضا پیدا ہو جائے ۔ شاید دلوں میں نرمی پیدا ہونے کے بعد وہ دوسرے سیاسی
اور اقتصادی جھگڑے بھی طے ہو جائیں جو اس وقت ہندوستان کے خیالات کو مشوش کر رہے
ہیں ۔ ( الفضل لا ہو ر ۲۱ نومبر ۱۹۴۷ء)