(۱۰) باقاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور کرنے اور دوسروں کو وعظ و نصیحت کرنے کی عادت پیدا کرو (لجنہ اماء اللہ کوئٹہ سے خطاب)
انوارالعلوم (جلد 21), حصہ 2
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۴۷
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔
اندر بھی یہ اخلاق پیدا کرنے کی کوشش کرے۔ یہی حال روزوں کا ہے۔ روزوں کے متعلق اللہ
تعالیٰ فرماتا ہے ۔ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ کے روزوں کی یہ غرض ہے تا روح کو طاقت پہنچے اور وہ تقویٰ
کے قابل ہو جائے ۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں ۔ وہ شخص روزہ دار نہیں جو بھوکا اور
پیاسا رہتا ہے۔ روزہ دار وہ ہے جس کی زبان قابو میں رہے ۔ شے غرض روزے کا مقصود بھوکا اور
پیاسا رہنا نہیں بلکہ اس کا مقصد یہ ہے کہ انسان کے اندر یہ جذبہ پیدا ہو جائے کہ اُسے کسی وقت
اپنے بھائیوں اور بنی نوع انسان کی خاطر اپنی مملوکہ اور حلال چیزیں بھی چھوڑنی پڑیں تو وہ چھوڑ
دے۔ روزے میں ہمارا اپنا کھانا جو حلال ذرائع سے کمایا ہوا ہوتا ہے اور شریعت کے لحاظ سے
حرام نہیں ہوتا ہمارے پاس موجود ہوتا ہے، ہمارا اپنا پانی ہمارے پاس موجود ہوتا ہے لیکن ہم وہ
کھانا بھی نہیں کھاتے ، وہ پانی بھی نہیں پیتے ۔ اس میں مسلمانوں کو یہ سبق دیا جاتا ہے کہ جب تم
بنی نوع انسان کی خاطر ، اپنے بھائیوں کی خاطر خدا تعالیٰ کے حکم کے ماتحت اپنی حلال چیز بھی
اپنے اوپر حرام کر لیتے ہو تو دوسرے کا مال تم پر کس طرح حلال ہو سکتا ہے۔ غرض روزہ میں
خدا تعالیٰ انسان کو حلال کھانے اور حلال کمانے کی طرف توجہ دلاتا ہے۔
اسی طرح حج ہے لوگ اپنا کاروبار چھوڑ کر حج کے لئے جاتے ہیں اور ایک جگہ جا کر اکٹھے
ہو جاتے ہیں ۔ اس سے خدا تعالیٰ انسان کو یہ سبق دیتا ہے کہ بنی نوع انسان کی ہمدردی کے
لئے ، اپنے وطن کے لئے اور رشتہ داروں کی خاطر تمہیں اپنا کام چھوڑ کر بھی جانا پڑے تو جاؤ ۔ جو
شخص سچے دل سے حج کرنے جاتا ہے اُسے یہ توفیق مل جاتی ہے کہ وہ بنی نوع انسان اور اپنے
عزیزوں اور رشتہ داروں کی خاطر کام کرے اور ایسا کرنے کے لئے اگر اُسے وطن اور کاروبار
بھی چھوڑنا پڑے تو وہ چھوڑ دیتا ہے ۔
غرض نماز ، روزہ ، زکوۃ، حج اور ذکر الہی وغیرہ روحانی غذا ئیں ہیں ۔ ان کے بعد انسان
کو کچھ کام بھی کرنا ہوتا ہے لیکن بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اس میں غفلت سے کام لیتے
ہیں ۔ وہ نماز پڑھ کر مغرور ہو جاتے ہیں اور بجائے اس کے کہ اُنہیں کوئی روحانی طاقت حاصل
ہو وہ نماز پڑھ کر یہ سمجھتے ہیں کہ گویا اُنہوں نے خدا تعالیٰ پر احسان کیا ہے۔ نماز تو اس لئے سکھائی
گئی ہے تا نیکی کی طاقت بڑھے۔ اگر کوئی شخص نماز پڑھتا ہے اور پھر اُس کی نیکی کی طاقت نہیں
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۴۸
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔
بڑھتی تو وہ سمجھ لے کہ اس نے صحیح طور پر نماز نہیں پڑھی۔ جس طرح تم کھانا کھاتی ہو کھانے سے
اگر تمہیں جسمانی طاقت حاصل نہیں ہوتی تو تم ڈاکٹر کے پاس جاتی ہو اور علاج کرواتی ہو ۔ اسی
طرح اگر نماز تمہارے اندر ایسی روحانی طاقت پیدا نہیں کرتی کہ تمہارے اندر بُرائیوں سے
نفرت کا مادہ پیدا ہو جائے تو سمجھ لو تمہاری وہ نماز صحیح نماز نہیں ۔ تمہارے اندر کوئی روحانی بیماری
داخل ہو چکی ہے جس کا علاج ضروری ہے۔ جیسے بعض لوگ آٹے میں بُرادہ ملا دیتے ہیں بظاہر تو
لوگ ایسے آٹے سے روٹی تیار کر کے کھاتے ہیں لیکن وہ انتڑیوں میں جا کر تکلیف پیدا کرتا ہے
اور غذا سے جو طاقت پیدا ہوتی ہے وہ حاصل نہیں ہوتی ۔ اسی طرح اگر کوئی شخص نماز پڑھتا ہے
اور بظاہر اُسے کوئی روحانی طاقت حاصل نہیں ہوتی تو اُسے سمجھ لینا چاہیے کہ نماز خراب ہے۔
جس کی صحت خراب ہو جاتی ہے اُسے طاقتور غذائیں استعمال کروائی جاتی ہیں ، علاج کروایا جاتا
ہے اسی طرح اگر روحانی صحت خراب ہو جائے تو نماز ، روزہ ، زکوۃ اور ذکر الہی وغیرہ میں
کثرت سے اس کا علاج کرنا چاہیے ۔ یہ چیزیں خود مقصود نہیں ہاں بطور غذا کے ہیں ۔ تم اپنی
نمازوں کو ٹولتی رہا کرو اور دیکھتی رہا کرو کہ آیا وہ کوئی زائد فائدہ تمہیں پہنچاتی ہیں یا نہیں ۔
ہمارے ملک میں ایک مثل مشہور ہے وہ ہے تو ہنسی والی لیکن جو سبق اس میں بیان کیا گیا
ہے وہ بہت بڑا ہے ۔ کہتے ہیں کوئی مولوی تھا اُس نے کسی گاؤں میں جا کر وعظ کرنا شروع کیا
لیکن اُس کا وعظ سنے کوئی نہ آتا تھا۔ کبھی کبھار پانچ سات آدمی اکٹھے ہو جاتے تھے۔ ایک میراثی
کو خیال آیا کہ اس مولوی سے پوچھیں تو سہی کہ اس وعظ و نصیحت سے کیا فائدہ پہنچتا ہے؟ وہ
مولوی کے پاس گیا اور اُس سے پوچھا مولوی صاحب ! نماز روزے سے کیا حاصل ہوتا ہے؟
اُس کا مطلب یہ تھا کہ انسان دنیا میں مزدوری کرتا ہے ، مشقت برداشت کرتا ہے انسانی انی فطرت
یہ تقاضا کرتی ہے کہ اس کے بدلہ میں اُسے کچھ ملے اور جب یہ بات ہے تو نماز کے بدلہ میں مجھے
کچھ ملنا چاہیے ۔ مولوی نے اس میراثی کو ٹالنے کے لئے کہا کہ نماز پڑھنے سے نور ملتا ہے۔
میراثی مطمئن ہو گیا اور اُس نے خیال کر لیا اچھا کچھ تو ملے گا ۔ وہ گھر گیا اور بیوی سے کہنے لگا میں
نماز پڑھوں گا اور اس کے بدلے میں مجھے نور ملے گا۔ اس میراثی نے ظہر کی نماز پڑھی ، عصر کی
نماز پڑھی ، مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھیں ہر نماز کے بعد وہ جسم کو دیکھتا تھا کہ نور کیا چیز ہے؟
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۴۹
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔
سردیوں کا موسم تھا صبح کی نماز کے لئے جو اُٹھا تو اُسے سردی لگی ۔ مولوی نے اُسے یہ بھی بتایا تھا
کہ اگر پانی نہ ملے یا کوئی بیمار ہو تو وہ تیمیم کر لے ۔ اُسے سردی لگی تو اُس نے خیال کر لیا کہ چلو تیم
ہی کرلوں ۔ اتفاقاً اُس کے پاس تو ا پڑا تھا۔ اندھیرے میں اُس نے توے پر ہاتھ مار کر تیم کر
لیا۔ جونہی اُس نے اپنے ہاتھ منہ پر پھیرے وہاں سیاہی لگ گئی ۔ جب اُس نے پانچ نمازیں
پڑھ لیں تو خیال کر لیا اب تو نور آ جانا چاہیے۔ اُس نے بیوی کو کہا دیکھو میرے منہ پر نور ہے یا
نہیں ؟ بیوی کو بھی نور کا علم نہیں تھا اُس نے کہا مجھے تو کوئی تغیر معلوم نہیں ہوتا ہاں سیاہی زیادہ
معلوم ہوتی ہے۔ میراثی نے کہا اگر نور سیاہ ہوتا ہے تو پھر تو گھٹائیں باندھ کر آیا ہے دیکھو!
میرے ہاتھ بھی سیاہ ہو گئے ہیں ۔ یہ ایک لطیفہ ہے لیکن اس سے پتہ لگتا ہے کہ انسانی فطرت یہ
تقاضا کرتی ہے کہ اُسے محنت کے بدلہ میں کچھ ملے ۔ جس کام کے بدلہ میں کچھ نہ ملے وہ کام لغو
سمجھا جاتا ہے۔
پس اگر کوئی شخص یہ تقاضا کرے کہ اُسے نماز کے بعد کیا ملا تو اُس کا یہ تقاضا صحیح ہوگا ۔ اسی چیز کی
طرف خدا تعالیٰ اس آیت میں اشارہ کرتا ہے کہ ان الصلوةَ تَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ
نماز بے حیائیوں اور بُری باتوں سے روکتی ہے۔ اسی طرح روزے کے متعلق فرمایا۔
لَعَلَّكُمْ تَتَّقُونَ تا تمہارے اندر تقوی کی طاقت پیدا ہو جائے ۔ اسی طرح زکوۃ سے بھی دل
میں پاکیزگی پیدا ہوتی ہے۔ قرآن کریم میں سب اصول بیان کر دیئے گئے ہیں اور اصول ہی
اصل چیز ہیں ۔ ہم دیکھتے ہیں کہ پانی پینے سے پیٹ بھر جاتا ہے لیکن بخار والے مریض کا پانی
سے پیٹ نہیں بھرتا بلکہ وہ پانی مانگتا چلا جاتا ہے۔ اسی طرح نماز کا خاص فائدہ یہ ہے کہ وہ
ناپسندیدہ باتوں سے روکتی ہے اور نیکی کی طاقت پیدا کرتی ہے۔ اگر ہمیں وہ طاقت حاصل نہیں
ہوتی تو ہمیں سمجھ لینا چاہیے کہ ہماری روحانی صحت میں ضرور کوئی خرابی ہے۔ جس طرح بخار والا
غذا قبول نہیں کرتا یا غذا کھانے سے اُسے اسہال شروع ہو جاتے ہیں ، قے ہو جاتی ہے اور اس
سے ہم یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ اُس کے اندر بیماری پیدا ہوگئی ہے۔ ہم ڈاکٹر کے پاس جاتے ہیں
اور اُس بیماری کا علاج کرواتے ہیں اگر علاج نہ کروایا جائے تو مرض بڑھ جاتا ہے۔ اسی طرح
روحانی غذاؤں سے اگر روحانی طاقت حاصل نہیں ہوتی اور پھر تم اس کا فکر نہیں کرتیں تو اس کا
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۵۰
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔
نتیجہ یہ ہوگا کہ تم روحانی طور پر مر جاؤ گی اس لئے کہ تمہارے اندر بیماری پیدا ہو گئی ہے ۔ ہم نماز
پڑھتے ہیں لیکن اس کے نتیجہ پر غور نہیں کرتے ، روزہ رکھتے ہیں لیکن اس کے نتیجہ پر غور نہیں
کرتے ، ہم اندھا دھند چلے جاتے ہیں اس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جس طرح جسم غذا جذب نہیں
کرتا تو وہ مر جاتا ہے اسی طرح ہماری روح غذا جذب نہ کرنے کی وجہ سے مر جاتی ہے ۔ انسان
کو اس کی نگرانی کی بھی ضرورت ہوتی ہے کہ یہ روحانی غذا ئیں اُس کے تن لگتی ہیں کہ نہیں ، ان
غذاؤں سے اُسے روحانی طاقت حاصل ہوتی ہے یا نہیں ۔ ان غذاؤں سے پیدا شدہ تغیرات کو
نہ دیکھیں تو ہو سکتا ہے ہمارے اندر کوئی بیماری پیدا ہو جائے اور ہم وقت پر اس کا علاج نہ کریں
اور ہلاکت میں مبتلا ہو جائیں ۔
تمہارے لئے میں پھر خلاصہ بیان کرتا ہوں کہ اول لجنہ اماءاللہ کو یہ بات مد نظر رکھنی چاہیے
کہ وہ با قاعدگی سے نماز ادا کرے ۔ دوم دینی مشاغل میں وہ یاد رکھے کہ جس طرح جسم کی غذا ہے
اُسی طرح روح کی بھی غذا ہے جس طرح جسم کو غذا نہ ملے تو وہ مر جاتا ہے اسی طرح روح بھی بغیر
غذا کے مر جاتی ہے۔ مگر نہ جسمانی غذا جسم کا مقصود ہے نہ روحانی غذا روح کا مقصود ہے ۔ جسمانی
غذا ہم اس س لئے استعمال کرتے ہیں تا خون پیدا ہو اور طاقت حاصل ہو اور اُس طاقت سے ہم
دوسرے کام کریں۔ اسی طرح روحانی غذاؤں کی بھی یہی غرض ہے کہ ہمیں روحانی طاقت ملے
جس کے ذریعہ ہم دوسرے کام کر سکیں ۔ اگر غذا ہی اصل مقصود ہوتی تو خدا تعالیٰ یہ کیوں فرماتا۔
فَوَيْلٌ لِلْمُصَلِّينَ الَّذِينَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُونَ لے کہ لعنت ہے ایسے
نمازیوں پر جو اپنی نمازوں سے غافل ہیں ۔ اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ بعض نمازیوں کی نماز اُن
کے لئے لعنت کا موجب بھی ہو سکتی ہے۔ نماز ، روزہ ، زکوۃ، حج اور دوسری عبادات پر خوش نہیں
ہونا چاہیے بلکہ ان کے ذریعہ جو طاقت پیدا ہوتی ہے اُس کا مطالعہ کرتے رہنا چاہیے۔
پھر میں نے بتایا کہ روحانی طاقتوں کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انسان کے اندر ایک جذبہ پیدا
ہو جاتا ہے کہ وہ دوسرے شخص کے اندر بھی وہی اخلاق فاضلہ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے جو
اُس کے اندر پائے جاتے ہیں ۔ تم اپنے اندر تبلیغ کا مادہ پیدا کرو۔ اگر تم ایسا نہیں کرتیں تو
تمہارے لئے موت مقدر ہے ۔ ہیضہ جب آتا ہے تو پہلے وہ تمہارے ہمسایہ پر حملہ کرتا ہے اور
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۵۱
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔
اگر تم احتیاط نہ کرو تو تم بھی اُس سے بچ نہیں سکتیں ۔ طاعون ہے اس کا بھی یہی حال ہے۔ اسی
طرح اگر تم میں دین کی تبلیغ کی طرف توجہ نہیں اور تم اسے دور کرنے کی کوشش نہیں کرتیں تو ہمسایہ
کی بھی روحانی مرض تم کو ہی لگ جائے گی ۔ پس نمازیں پڑھو اور پھر اس پر غور کرتی رہا کرو کہ وہ
کیا اثر پیدا کرتی ہیں ۔ پھر وہی چیز دوسروں کے اندر پیدا کرنے کی کوشش کرو ۔ اگر تم ایسا نہ کرو
گی تو وہ روحانی مرض کی مبتلاء ایک نہ ایک دن تمہیں بھی اپنا شکار بنالیں گی ۔ تم اپنے اندر
دوسروں کو وعظ ونصیحت کرنے کی عادت پیدا کرو تا تم اُنہیں اپنا شکار بنالو۔
بالآخر میں دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ تمہیں اپنے فرائض ادا کرنے کی توفیق بخشے اور تمہیں
سچی مومنہ اور مسلمہ بنائے تا تم اپنے لئے ، اپنے خاندان کے لئے ، ملک وقوم کے لئے اور سب
سے بڑھ کر اسلام کے لئے مفید وجود بن سکو۔ (مصباح دسمبر ۱۹۵۰ء )
مسولینی: MUSSOLNI BENITO (۱۸۸۳ء۔ ۱۹۴۵ء) اطالوی آمر ۔ یہ ایک لوہار کا
بیٹا تھا۔ ابتدائی دنوں میں استاد اور صحافی کا کام کیا۔ سوشلسٹ کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پہلی جنگ عظیم کے دوران اطالیہ کی جنگ میں مداخلت کی ۔ وکالت کی پاداش میں ۱۹۱۴ء میں
سوشلسٹ تحریک سے نکال دیا گیا ۔ ۱۹۱۹ء میں اپنی جماعت بنائی ۔ اکتو بر ۱۹۲۲ء میں شاہ اٹلی اور
فوج نے اُسے وزیر اعظم کے عہدے پر نامزد کیا۔ ۱۹۲۵ء میں اس نے آمرانہ اختیارات سنبھال
لیے ۔ ۱۹۲۶ء میں تمام مخالف جماعتوں کو خلاف قانون قرار دے دیا۔ ۱۹۳۵ء میں ایتھو پیا پر
قبضہ کیا۔ ۱۹۳۹ء میں البانیہ پر قبضہ کیا۔ اس حکمت عملی کے باعث وہ نازیوں کے بڑا قریب ہو
گیا۔ جون ۱۹۴۰ء میں جنگ عظیم دوم میں شامل ہوا۔ اتحادیوں نے سسلی پر حملہ کر کے اس پر قبضہ
کر لیا جس کے نتیجہ میں اس کی ساکھ ختم ہو گئی۔ جولائی ۱۹۴۳ء میں فسطائیوں کی گرینڈ کونسل نے
اُسے استعفیٰ پر مجبور کیا پھر گرفتار کر لیا گیا ۔ ۱۵ استمبر ۱۹۴۳ ء کو جرمن ہوائی جہاز اُسے رہا کرا کر
جرمنی لے گئے۔ لیکن پھر اس نے شمالی اٹلی میں جمہوریہ فسطائیہ کے نام سے متوازی حکومت بنا
لی ۔ اپریل ۱۹۴۵ ء میں اسے اپنی داشتہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔ دونوں کو گولی مار دی گئی۔ اس کی
لاش میلان لے جائی گئی جہاں اُسے سڑکوں پر گھسیٹا گیا۔
( اردو جامع انسائیکلو پیڈیا جلد ۲ صفحہ ۱۹۶۵ء مطبوعہ ۱۹۸۸ ء لاہور )
انوار العلوم جلد ۲۱
۲۵۲
با قاعدگی سے نمازیں پڑھنے ، اس کے اثرات پر غور ۔۔۔۔۔
بخارى كتاب الاذان باب وجوب صلوة الجماعة
العنكبوت: ۴۶
البقرة: ١٨٤ء
بخارى كتاب الصوم باب من لم يدع قول الزور ( مفهوماً )
الماعون : ۶۰۵