سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں نمائندگان جماعت سے خطاب

انوارالعلوم (جلد 25)

انوار العلوم جلد 25
145
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلَّى عَلَى رَسُوْلِهِ الْكَرِيمِ
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں
نمائندگان جماعت سے خطاب
(فرمودہ 7 ستمبر 1955ء)
تشہد، تعوذ اور سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:
چونکہ اس وقت یہاں تمام جماعتوں کے نمائندے موجود ہیں اس لئے میں
کچھ ضروری باتیں کہنا چاہتا ہوں جو اُن ڈاکٹروں کی آراء کے ساتھ تعلق رکھتی ہیں جنہوں نے
ولایت میں مجھے دیکھا۔ یوں تو یورپ کے کئی ڈاکٹروں نے مجھے دیکھا ہے چنانچہ جرمن ڈاکٹروں
نے بھی دیکھا ہے اور انگریز ڈاکٹروں نے بھی دیکھا ہے لیکن اصل علاج ڈاکٹر روسیو کا
تھا جو زیورک کے یونیورسٹی ہاسپٹل کے میڈیکل ڈائریکٹر ہیں۔ پہلے بھی انہوں نے مجھے
کہا تھا مگر چلتے وقت انہوں نے خصوصیت سے کہا کہ یہ بات میں ایک بار پھر آپ سے کہنا
چاہتا ہوں کہ انسان کے اندر اللہ تعالیٰ نے ایک معین طاقت رکھی ہے اور اُسی کے مطابق
اُسے کام کرنا چاہیئے۔ آپ نے اپنی گزشتہ عمر میں نارمل کنڈیشن سے ڈیڑھ سو فیصدی
زیادہ کام کیا ہے اب میں آپ کی بیماری کی آخری حالت کو دیکھ کر یہ تو نہیں کہتا کہ آئندہ
آپ بالکل کام نہ کریں مگر میں یہ ضرور کہتا ہوں کہ ایک حد تک کام کریں اس سے زیادہ
نہیں۔ اگر پہلے آپ نارمل کنڈیشن سے ڈیڑھ سو فیصدی زیادہ کام کر چکے ہیں تو اب ایک
نارمل آدمی کے نارمل کام کا زیادہ سے زیادہ سو فیصدی کر لیں اس سے زیادہ کام ایک
تندرست آدمی بھی برداشت نہیں کر سکتا اور آپ پر تو بیماری کا ایک خطر ناک حملہ ہو چکا ہے۔

انوار العلوم جلد 25
146
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
یوں جہاں تک بیماری کے ظاہری حالات اور علامات کا تعلق ہے اس نے کہا کہ میری اب
پوری تسلی ہے کہ وہ علامات دور ہو چکی ہیں اور آپ کو بھی اطمینان رکھنا چاہیئے اور اس بارہ
میں کسی قسم کی تشویش یا اضطراب آپ کو نہیں ہونا چاہئے۔ بیماری کے ظاہری حالات جو
ہر شخص کو دکھائی دیتے ہیں یہی ہوتے ہیں کہ ہاتھوں کی طاقت میں نقص آ جاتا ہے، پاؤں
کی طاقت میں نقص آ جاتا ہے اور انسان بے کار ہو کر رہ جاتا ہے۔ ان علامات کے لحاظ سے
اس نے کہا کہ جو ترقی کا پہلا دور تھا وہ کامیابی کے ساتھ گزر گیا ہے اور اب ان شکایات میں
سے کوئی شکایت آپ کے اندر نہیں پائی جاتی۔ چنانچہ اس نے کہا کہ آپ جس ڈاکٹر کو
چاہیں دکھائیں مگر اسے بتائیں نہیں کہ آپ پر بیماری کا کوئی حملہ ہو چکا ہے تو وہ آپ کو دیکھ تو
کر یہی کہے گا کہ آپ کو کوئی بیماری نہیں۔ لیکن پھر بھی اس نے کہا کہ آپ اس امر کو نہ
بھولیں کہ ایک تندرست چیز جتنا بوجھ اٹھا سکتی ہے ایک دفعہ ٹوٹنے کے بعد وہ اتنا بوجھ
نہیں اٹھا سکتی۔ آپ کو اب زیادہ سے زیادہ آرام کرنے کی ضرورت ہے۔ آپ آرام
کریں، طبیعت کو خوش رکھیں اور اس پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالیں ورنہ ہو سکتا ہے کہ آپ کی
صحت میں جو تر و ترقی ہو رہی ہے اُس کی رفتار کم ہو جائے۔ اُس نے یہ بھی کہا کہ میں ڈاکٹری
طور پر آپ کے متعلق کہہ سکتا ہوں کہ آپ اس بیماری کے بعد بھی بڑا کام کر سکتے ہیں۔
چنانچہ اس نے کہا میں اس کا ایک متوازی کیس آپ کو بتاتا ہوں اس سے آپ سمجھ لیں کہ
نارمل کنڈیشن میں اگر آپ عمر بھر بھی کام کرتے رہیں تو آپ کو کسی تشویش کی ضرورت
نہیں۔ اس کے بعد اس نے ایک مشہور ڈاکٹر سائنسدان پیٹیور (PASTEUR) کا ذکر
کیا۔ اس نے کہا کہ جرم (GERM) تھیوری اس نے نکالی تھی اور اس کے علاوہ بھی اس
نے کئی ایجادات کیں۔ اُس پر قریباً آپ ہی کی عمر میں فالج کا حملہ ہوا اور اُس کا بایاں پہلو
سارے کا سارا مارا گیا تھا۔ اُس کا پوتا میرا دوست تھا اور وہ خود بھی ڈاکٹر تھا اس نے بتایا کہ
اس حملہ کے بعد وہ تیس سال تک زندہ رہا اور اس نے جتنی ایجادیں کی ہیں وہ سب کی
سب اسی تیس سالہ زندگی میں کی ہیں۔ اس لئے آپ کو یہ وہم نہیں کرنا چاہئے کہ آپ
کسی قسم کا کام نہیں کر سکتے۔ ہاں یہ ضروری بات ہے کہ آپ مناسب حد تک کام کریں

انوار العلوم جلد 25
147
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
اور زیادہ بوجھ اپنے آپ پر نہ ڈالیں۔ میں جب زیورک سے لندن گیا تو وہاں میں نے اپنے
ماموں زاد بھائی سید محمود احمد سے کہا کہ تم میوزیم میں جاؤ اور کتابیں دیکھ کر معلوم کرو کہ
ڈاکٹر پیسٹیور ( PASTEUR) کب پیدا ہوا تھا اور کب فوت ہوا اور کس عمر میں اُس پر
فالج کا حملہ ہوا تھا؟ اُس نے کتابیں دیکھیں تو معلوم ہوا کہ 1812ء میں وہ پیدا ہوا تھا اور
1895ء میں 83 سال کی عمر میں فوت ہوا اور 56 سال کی عمر میں اس پر فالج کا حملہ ہوا
تھا۔ گویا فالج کے حملہ کے بعد وہ 27 سال زندہ رہا۔ واپسی پر زیورک میں ڈاکٹر روسیو سے
میں نے اس کا ذکر کیا تو وہ کہنے لگا کہ اس کا پوتا میرا دوست تھا اور اس نے مجھے کہا تھا کہ
بیماری کے بعد وہ تیس سال زندہ رہا۔ ممکن ہے اس بارہ میں میری یاد داشت کی غلطی ہو
اور اُس نے ستائیس سال کہا ہو اور مجھے تیس سال یا د رہا ہو۔ بہر حال وہ بیماری کے بعد ایک
لمبے عرصے تک زندہ رہا اور اُس نے جتنی ایجادات کیں وہ سب کی سب اسی عمر میں کی
ہیں۔ پھر میں نے انسائیکلو پیڈیا دیکھی تو اُس میں سے بھی یہ نکل آیا کہ اس نے جتنی
ایجادیں کی ہیں سب فالج کے حملہ کے بعد ہی کی ہیں۔ پس اس نے کہا کہ آپ بے شک
کام کریں لیکن فکر اور تشویش کو اپنے قریب نہ آنے دیں۔ اس کے نتیجہ میں آہستہ آہستہ
کمزوری بھی جاتی رہے گی اور جسم میں پوری طرح طاقت آجائے گی۔ چلتے وقت بھی اس
نے یہی کہا کہ جہاں تک بیماری کا حملہ تھا وہ جاتا رہا اب صرف کمزوری پائی جاتی ہے جو
آہستہ آہستہ دور ہو جائے گی۔ مگر اصل چیز جس پر میں زور دینا چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ
آپ کام بے شک کریں لیکن ایک نارمل آدمی کے نارمل کام کا زیادہ سے زیادہ سو فیصدی
کر لیں اس سے زیادہ نہیں۔
ایک اور ڈاکٹر کرائین بل (KRAYEN BULL) جو زیورک کے بڑے ہسپتال
کے ماہر نیورولجسٹ (NEUROLOGIST) ہیں اور بوسٹن امریکہ میں لیکچر دینے
جایا کرتے ہیں انہوں نے میرا معائنہ کیا تو انہوں نے بھی کہا کہ آپ کو کوئی بیماری
نہیں۔ بلکہ انہوں نے ایک فقرہ ایسا کہہ دیا جو مجھ پر گراں گزرا اور میں نے سمجھا کہ یہ تو
خدائی کا دعویٰ کرنے والی بات ہے۔ انہوں نے میر امعائنہ کرنے کے بعد کہا کہ میں تو

انوار العلوم جلد 25
148
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
کوئی وجہ نہیں دیکھتا کہ آپ نارمل حالت میں اور چالیس سال کیوں کام نہیں کر سکتے۔
اُن کی یہ بات مجھے اچھی نہ لگی اور میں نے سمجھا کہ یہ خدائی میں دخل دینے والی بات ہے۔
اب واپسی پر پھر ایک دفعہ میں اُن کے پاس گیا تو وہ مجھے دیکھ کر مسکرائے اور کہنے لگے
I want to tell you something be optimistic, be optimistic۔
ایک انگریز ڈاکٹر سر چارلس سائمنڈ تھا اسے لندن میں دکھایا گیا تو اس نے کہہ دیا
کہ یہ دراصل معدی آرٹری (ARETRY) کا تھر مبوسس (THROMBOSIS)
تھا۔ اس سے بڑی گھبراہٹ پیدا ہوئی اور ڈاکٹر روسیو کو فون کیا گیا اس نے سن کر بڑے
جوش سے کہا کہ میں حیران ہوں ڈاکٹر سائمنڈ نے یہ رائے کس طرح دے دی ہے۔ میں
نے خود اس آرٹری کا معائنہ کیا تھا اور وہ بالکل ٹھیک چل رہی تھی۔ چنانچہ آتی دفعہ میں
پھر ڈاکٹر روسیو کے پاس گیا تو اس نے اپنی کاپی نکالی اور اس کے صفحات الٹ کر دکھایا کہ
دیکھئے میں نے اُس وقت اپنی کاپی میں نوٹ کر لیا تھا کہ یہ آرٹری میں نے دیکھی ہے
اور بالکل ٹھیک ہے اس میں کسی قسم کا نقص نہیں۔ بلکہ اس نے کہا کہ سب سے پہلے ہم
اس آرٹری کا معائنہ کیا کرتے ہیں اس لئے ڈاکٹر چارلس سائمنڈ نے جو رائے دی ہے وہ
قطعاً غلط ہے۔ اس طرح لندن میں ڈاکٹر رسل برین کو دکھایا گیا جو شاہی خاندان کا بھی
ڈاکٹر ہے۔ لاہور کے ڈاکٹروں نے مجھے کہا تھا کہ آپ اُسے ضرور دکھائیں۔ گو اُس کے
پاس خطابات نہیں ہیں مگر بہت ہوشیار ڈا کٹر ہے۔ اسے ہم نے بتایا نہیں کہ چارلس سائمنڈ
نے کیا رائے دی تھی مگر اس نے بھی یہی کہا کہ یہ آرٹری بالکل ٹھیک چل رہی ہے۔
پھر زیورک میں واپسی پر ڈاکٹر کرائین بُل (KRAYEN BULL) نے بھی میرا
معائنہ کیا۔ اُس نے پشت کی طرف کھڑے ہو کر جب آرٹری کی حرکت کو محسوس کیا تو
مرزا منور احمد نے مجھے بتایا کہ یورپین طریق کے مطابق وہ کندھا مار کر مسکرایا اور کہنے لگا
سر چارلس سائمنڈ نہایت قابل آدمی ہیں مگر میں حیران ہوں کہ انہوں نے یہ رائے کس
طرح دی ہے۔ اس بیماری کی صرف یہی ایک علامت نہیں بلکہ اور بھی بہت سی علامات
ہوتی ہیں جو ان میں نہیں پائی جاتیں۔ ڈاکٹر روسیو نے بھی یہی کہا کہ ایسے مریض میں

انوار العلوم جلد 25
149
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
بعض اور بھی علامتیں پائی جاتی ہیں جو آپ میں موجود نہیں۔ بہر حال اُن کی رائے یہ تھی
کہ عام حالات میں اب یہ بیماری زندگی کے لئے خطرناک نہیں ہے مگر اس کے لئے سب
سے زیادہ ضرورت اس بات کی ہے کہ پورا آرام کیا جائے اور فکر اور تشویش کو اپنے
قریب نہ آنے دیا جائے ۔ ڈاکٹر چارلس سائمنڈ نے تو یہ کہا تھا کہ آپ چلیں پھریں بھی کم
اور اگر کچھ دیر چلیں تو فوراً دو گھنٹہ کے لئے لیٹ جائیں مگر اور سب ڈاکٹروں نے کہا کہ
آپ بے شک چلیں پھریں اور کام بھی کریں لیکن ایک حد تک، اور یہ مد نظر رہے کہ
تھکان نہ ہو۔ پس ڈاکٹری مشورہ کے ماتحت چلنا پھر نامیر اعلاج ہے مگر ہمارے ملک میں عام
طور پر جب لوگ کسی کو چلتا پھرتا دیکھتے ہیں تو خیال کر لیتے ہیں کہ اب وہ پوری طرح
تندرست ہو گیا ہے اب ہمیں اس سے کام لینا چاہیے۔ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ یہ بیماری کا علاج
کیا جا رہا ہے اور اگر چلیں پھریں گے نہیں تو بیماری بڑھے گی۔ بلکہ وہ چلتے پھرتے دیکھ کر
فوراً ملاقات کے لئے آجائیں گے ۔ ایسے موقع پر اگر انکار کر دیا جائے تو دوستوں کو تکلیف
ہوتی ہے اور میری طبیعت بھی ایسی ہے کہ دوسروں کے خیال سے میں بسا اوقات اپنے
نفس پر بوجھ برداشت کر لیتا ہوں جو بعد میں میرے لئے تکلیف کا موجب ہو جاتا ہے۔
پس آپ لوگوں کو چاہئے کہ دوستوں کو یہ بات اچھی طرح سمجھا دیں کہ ہمارے
ملک میں بعض چیزیں تندرستی کی علامت سمجھی جاتی ہیں حالانکہ وہ تندرستی کی علامت
نہیں بلکہ مرض کو کم کرنے کا ذریعہ ہوتی ہیں اس لئے چلتے پھرتے دیکھ کر انہیں مجھ پر
زیادہ بوجھ ڈالنے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ میں نے ڈاکٹروں سے یہ بھی پوچھا کہ
میرے لئے کیسی آب و ہوا مفید ہے ؟ انہوں نے کہا کہ آپ کے لئے ایسی جگہ مفید ہے
جہاں نہ زیادہ ٹھنڈک ہو اور نہ زیادہ گرمی گویا معتدل آب و ہوا ہو۔ میں جب قادیان میں
تھا تو صحت کی بحالی کے لئے عموماً ڈلہوزی چلا جایا کرتا تھا۔ اُس وقت بھی بعض لوگ
اعتراض کر دیا کرتے تھے اور میرے کانوں میں اس قسم کی آوازیں آیا کرتی تھیں کہ سیر
کے لئے وہاں چلے جاتے ہیں۔ وہ یہ نہیں دیکھتے تھے کہ انہیں نہ تو اتنا کام کرنا پڑتا ہے جتنا
مجھے کام کرنا پڑتا ہے اور نہ ان کی صحت اتنی کمزور ہے جتنی میری کمزور ہے۔ وہ بجائے

انوار العلوم جلد 25
150
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
میرے کام اور میری صحت پر قیاس کرنے کے اپنے کام اور اپنی صحت پر قیاس کر کے مجھ
پر اعتراض کر دیا کرتے تھے۔ ربوہ آنے کے بعد بعض دوستوں نے کہا بھی کہ آپ مری
چلے جایا کریں مگر چونکہ اُس وقت ایک نئے مرکز کی تعمیر ضروری تھی اس لئے میں باہر
نہیں جاتا تھا نتیجہ یہ ہوا کہ میری صحت کمزور ہوتی چلی گئی۔ میں نے دیکھا ہے کہ بعض
دفعہ ان پڑھ آدمی کے منہ سے بھی بڑے پتہ کی بات نکل جاتی ہے۔ بیماری کے حملہ سے
آٹھ دس دن پہلے مجھے ایک زمیندار دوست نے لکھا کہ آپ کو پتہ ہے پہلے آپ
جلسہ سالانہ کے معاً بعد اپنے گھر کے افراد کو ساتھ لے کر دریا پر چلے جایا کرتے تھے اور
چند دن وہاں گزار آتے تھے اس کا نتیجہ یہ ہوتا تھا کہ آپ سارا سال اچھے رہتے۔ اب آپ
جلسہ سالانہ کے بعد گھر پر ہی رہتے ہیں اور میں ہمیشہ دیکھتا ہوں کہ آپ جلسہ کے بعد ہی
بیمار ہوتے ہیں اس لئے آپ کو اپنی صحت کی بحالی کے لئے ضرور کہیں جانا چاہیئے۔ میں نے
سمجھا کہ یہ آدمی اگر چہ ان پڑھ ہے مگر خدا تعالیٰ نے اسے عقل دی ہے اور اس نے بڑے
پتہ کی بات کہی ہے۔ چنانچہ چند دن کے بعد ہی مجھ پر بیماری کا حملہ ہو گیا۔ بہر حال وہ وقت
تو گزر گیا بیماری آئی اور چلی گئی لیکن آئندہ کے لئے بہت زیادہ احتیاط سے کام لینے کی
ضرورت ہے۔ ورنہ ہماری مثال ایسی ہی ہو گی جیسے کہتے ہیں کہ کوئی مرغی سونے کا انڈہ دیا
کرتی تھی۔ اس کے مالک نے اسے دوگنی خوراک دینی شروع کر دی تا کہ ایک کی بجائے
دو انڈے وہ روزانہ دیا کرے مگر اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ مرغی مر گئی اور وہ ایک انڈہ بھی جاتا
رہا۔ اگر واقع میں جماعت نے مجھ سے کوئی کام لینا ہے تو آئندہ اسے بہت زیادہ احتیاط سے
کام لینا پڑے گا تا کہ مجھ پر زیادہ بار نہ پڑے۔ اب بھی بیماری کے حملہ کے بعد سب
ڈاکٹروں نے ہمارے ڈاکٹروں کو ملامت کی کہ کیوں انہوں نے وقت پر مجھے کام کرنے
سے نہ روکا۔ اس غفلت اور کو تاہی کی وجہ سے انہوں نے اپنے فرض کو بھی ادا نہ کیا اور
دوسروں کو بھی تکلیف میں ڈالا۔ کرنل الہی بخش صاحب جب مجھے دیکھنے آئے تو انہوں
نے کہا کہ مجھے آپ کے ڈاکٹروں پر سخت غصہ آتا ہے کہ کیوں انہوں نے آج سے سولہ
سال پہلے آپ کو کام کرنے سے نہیں روک دیا۔ اگر وہ روک دیتے تو اس بیماری کا حملہ نہ ہوتا۔

انوار العلوم جلد 25
151
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
پھر انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی چالیس سالہ پریکٹس میں جتنی اچھی آرٹریز آپ کی
دیکھی ہیں اتنی اچھی آرٹریز آپ سے سولہ سال کم عمر والوں کی بھی میں نے نہیں
دیکھیں۔ پس یہ بیماری آپ کو ہلا ہی نہیں سکتی تھی اگر ذرا بھی احتیاط سے کام لیا جاتا۔
بیماری کے حملہ کے وقت میری عمر چھیاسٹھ سال تھی۔ انہوں نے کہا کہ پچاس سالہ عمر
والے آدمیوں کی آرٹریز بھی میں نے اپنی چالیس سالہ پریکٹس میں اتنی اچھی نہیں
دیکھیں جتنی آرٹریز آپ کی اچھی ہیں۔ اس لئے اگر احتیاط سے کام لیا جاتا تو یہ نا ممکن تھا
کہ آپ پر اس بیماری کا حملہ ہو جاتا۔
☆۔۔۔
اس بیماری کا دوسرا اثر میری بینائی پر پڑا ہے کیونکہ اس بیماری کا حملہ میری دائیں
آنکھ کے بائیں کونے پر ہوا تھا مگر اوپر کے کونہ پر نہیں بلکہ نچلے کو نہ پر۔ ڈاکٹر روسیو نے
پہلے بھی میری آنکھ کا معائنہ کیا تھا اور اب پھر آتی دفعہ میں نے معائنہ کروایا ہے۔
دوسرے معائنہ پر اس نے کہا ہے کہ آپ کی نظر پہلے سے کافی ترقی کر چکی ہے۔ پہلے تو
میں ایک دو سطر بھی نہیں پڑھ سکتا تھا مگر اب خطوط پڑھ لیتا ہوں اور اخبار پڑھنے کی بھی
میں کوشش کرتا ہوں۔ مگر دو تین صفحوں سے زیادہ نہیں پڑھ سکتا کیونکہ پڑھتے پڑھتے
نگاہ گھبرانے لگتی ہے اور بعض جگہ نظر اُچٹ کر دوسرے مقام پر جا پڑتی ہے۔
مجھے اس بارہ میں وضاحت کی اس لئے ضرورت پیش آئی ہے کہ دوستوں کو ابھی احتیاط
سے کام لینا چاہیے۔ ا چاہیئے۔ اس میں کوئی شبہ نہیں کہ خدا تعالیٰ کے فضل سے فضل سے مجھے صحت ہے مگر
ہمارے ملک میں تعلیم اتنی کم ہے کہ جب کسی کے متعلق وہ یہ سنیں کہ اسے صحت ہو گئی
ہے تو وہ کہتے ہیں کہ اب وہ عام آدمی سے پانچ سو گنا زیادہ کام کر سکتا ہے حالانکہ اس کے
صرف اتنے معنی ہوتے ہیں کہ وہ عام آدمی سے دو سو حصہ کم کام کر سکتا ہے۔ اسی طرح
اگر یہ کہا جائے کہ ابھی صحت اچھی نہیں تو اس سے دوستوں کو صدمہ پہنچنے کا ڈر ہوتا ہے
اور یہ بھی خیال آتا ہے کہ دشمنوں کے لئے خوشی کا موقع پیدا ہو جائے گا۔ گویا دونوں
پہلوؤں کے لحاظ سے ہمارے لئے وقت ہوتی ہے۔ اگر چپ رہیں تب مشکل اور اگر بولیں
مسودہ میں اس جگہ چند الفاظ واضح نہیں۔

انوار العلوم جلد 25
152
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
تب مشکل۔ اگر یہ کہا جائے کہ بالکل اچھے ہیں تو یہ جھوٹ بن جاتا ہے اور اگر کہا جائے کہ
طبیعت اچھی نہیں تو اس سے دوستوں کو صدمہ پہنچنے کا ڈر ہوتا ہے۔ اور پھر بعض لوگ
پوچھتے بھی ایسے وقت ہیں جب طبیعت خراب ہوتی ہے۔ اُس وقت مجبوراً یہی کہنا پڑتا ہے
کہ طبیعت اچھی نہیں اور یہ سن کر انہیں تکلیف ہوتی ہے۔ اور اگر دوسرے وقت یہ کہا
جائے کہ طبیعت اچھی ہے تو وہ سمجھتے ہیں کہ اب یہ کام کے بالکل قابل ہیں ان پر جس قدر
بوجھ ڈالا جا سکتا ہے ڈال دینا چاہئے۔ جیسے بیمار بیل اگر ذرا بھی منہ ہلا دے تو زمیندار اس پر
ہل رکھ دیتا ہے۔ بہر حال ڈاکٹری مشورہ یہی ہے کہ میں آرام کروں اور کسی قسم کا فکر اپنے
قریب نہ آنے دوں۔ دوستوں کو چاہئے کہ وہ ایک دوسرے کو یہ باتیں اچھی طرح سمجھا
دیں۔ ہماری جماعت کو اللہ تعالیٰ نے دنیا کا فاتح بنایا ہے اور فاتح بننے والی جماعت کے افراد
کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ فاتحین والا علم بھی ان میں دیا جائے۔
حضرت خلیفہ اول مجھے طب پڑھایا کرتے تھے۔ مجھے خوب یاد ہے آپ بار ہا فرمایا
کرتے تھے کہ جماعت کے امام کے لئے طب پڑھنا بھی نہایت ضروری ہے۔ آپ کی
عادت تھی کہ آپ ایسی طرز پر بات کرتے تھے کہ کسی کو معیوب بھی نہ لگتی اور بات بھی
ہو جاتی۔ آپ بجائے یہ کہنے کے کہ تمہارے لئے یہ مقدر ہے کہ تم ایک دن جماعت کے
امام بنو یوں فرمایا کرتے تھے کہ جماعت کے امام کے لئے طب پڑھنا ضروری ہوتا ہے۔
ور نہ ہو سکتا ہے کہ وہ ان سے ایسے کام لے جو اُن کی طاقت سے باہر ہوں اور اس طرح
انہیں نقصان پہنچادے۔ ہماری جماعت نے بھی جب دنیا کو فتح کرنا ہے تو اس کے لئے
ضروری ہے کہ وہ دوسرے پر اس کی طاقت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالے۔
چودھری ظفر اللہ خان صاحب نے مجھے اس دفعہ کہا کہ آپ ایک احسان یہ
کریں کہ ربوہ پہنچ کر ناظروں کیلئے یہ بات لازمی کر دیں کہ وہ دس پندرہ دن چھٹی لے کر
کسی پہاڑی مقام پر گزارا کریں۔ اور یہ بات اُن کیلئے اختیاری نہ ہو بلکہ اُنہیں مجبور کر کے
بھیجا جائے ورنہ ان کی صحتیں بالکل تباہ ہو جائیں گی۔ میاں بشیر احمد صاحب بھی بیمار رہتے
ہیں اور اس طرح دوسروں کی صحتیں بھی گر رہی ہیں اس کا علاج یہی ہے کہ ہر ناظر کو

انوار العلوم جلد 25
153
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
پندرہ بیس دن کی لازمی طور پر چھٹی دی جائے اور اُس کا فرض قرار دیا جائے کہ وہ ان ایام
میں کوئی کام نہ کرے اور تبدیلی آب و ہوا کے لئے کسی صحت افزا مقام پر چلا جائے۔
امریکہ میں یہ حالت ہے کہ خطرناک موقعوں پر بھی جب سارے ملک میں شور پڑا ہوا
ہوتا ہے امریکہ کا پریذیڈنٹ جہاز میں بیٹھ کر سیر کے لئے نکل جاتا ہے اور وہ اِس بات کی
ذرا بھی پروا نہیں کرتا کہ ملک کا کیا بنے گا۔ پچھلی دفعہ بھی جب جنگ کے خطرات تھے وہ
جہاز میں بیٹھ کر سیر کے لئے نکل گیا۔ اس پر ملک میں بڑا شور اٹھا مگر بڑے طبقہ نے
پریزیڈنٹ کی تائید کی اور کہا کہ اگر وہ اپنے دماغ کو سکون نہیں پہنچائیں گے تو ملک کا کام
کس طرح کر سکیں گے۔ پس سیر بھی اپنی ذات میں بیماری کے علاج کا ایک اہم حصہ ہے۔
میں نے بتایا ہے کہ میرا اصل علاج ڈاکٹر روسیو نے کیا۔ اس نے ہمیں دن
مسلسل میر امعائنہ کیا اور میرے لئے علاج تجویز کیا۔ مگر ہمیں دن معائنہ کرنے کے بعد
اس نے ہم سے صرف ساڑھے آٹھ سو فرانک لئے جو بہت کم فیس تھی۔ ہم نے بہت
کوشش کی کہ وہ کچھ اور فیس لے لے مگر اس نے انکار کر دیا اور کہا کہ میں اس سے زیادہ
نہیں لے سکتا۔ اب بھی جب میں واپسی پر زیورک پہنچا تو وہ چھٹی پر تھا مگر جب میرا پیغام
پہنچا تو وہ کہنے لگا کہ وہ بے شک آجائیں میں نے انہیں بہر حال دیکھنا ہے۔ چنانچہ چھٹی کے
باوجود وہ دیکھنے کے لئے آگیا حالانکہ اُس کی سیکرٹری اُس وقت رخصت پر تھی اور وہ نہیں
آئی۔ میں جب نیور مبرگ(NUREMBERG) میں گیا تو چونکہ ڈاکٹر روسیو نے
کہا تھا کہ کبھی کبھی اپنا معائنہ ڈاکٹروں سے کراتے رہا کریں اس لئے مجھے خیال آیا کہ یہاں
بھی کسی کو دکھا لینا چاہئے۔ وہاں آرلنگن یونیورسٹی کے اعصابی بیماریوں کے ایک بہت
بڑے ماہر ڈاکٹر فلوگل ہیں ہم نے انہیں فون کیا تو انہوں نے کہا کہ آپ بارہ بجے آجائیں
میں اس سے پہلے ایک اور بیمار کو دیکھنے کے لئے جا رہا ہوں۔ ہم بارہ بجنے سے کچھ دیر پہلے
وہاں پہنچ گئے۔ ڈاکٹر فلو گل اس وقت 135 میل دور کسی مقام پر گئے ہوئے تھے۔ ہم نے
دیکھا کہ بمبارڈ منٹ سے وہ یونیورسٹی اس طرح تباہ ہو چکی تھی کہ اُس میں کمرہ کمرہ کے برابر
گڑھے پڑے ہوئے تھے اور دیواروں میں بھی بڑے بڑے خلا تھے۔ جب ہم اندر گئے

انوار العلوم جلد 25
154
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
تو کمرہ کے اندر ایک دو ٹوٹی ہوئی کرسیاں پڑی ہوئی تھیں اور ایک رڈی سی چارپائی
بچھی تھی مگر اُس پر جو ڈاکٹر بیٹھے کام کر رہے تھے وہ اس طرح ہنس ہنس کر باتیں کر رہے
تھے کہ یوں معلوم ہوتا تھا گویا اُن کا کوئی عید کا دن ہے۔ مجھے بھی ایک ادنی سی کرسی پر
بٹھا دیا۔ تھوڑی دیر کے بعد ڈاکٹر فلوگل بڑی تیزی سے اپنا موٹر دوڑاتے ہوئے 135
کلو میٹر سے وہاں پہنچا اور آتے ہی بغیر سانس لیے اس نے مجھے اشارہ کیا اور چار پائی پر لٹا کر
اس نے میرا معائنہ شروع کر دیا۔ معائنہ کرنے کے بعد ہم نے اسے فیس پیش کی تو اس
نے فیس لینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ یہ مذہبی لیڈر ہیں اس لئے میں ان سے کوئی فیس
نہیں لوں گا۔ منور نے ان سے کہا کہ آپ نے ہماری خاطر بڑی تکلیف اٹھائی ہے آپ کچھ
نہ کچھ فیس ضرور قبول کر لیں مگر اس نے پھر بھی فیس نہیں لی۔ پھر میں نے اس کے
سیکرٹری سے کہا اور اس نے فیس کے لئے کہا تو ڈاکٹر فلوگل نے اسے ڈانٹا اور کہا کہ میں
نے ایک دفعہ جو کہہ دیا ہے کہ میں فیس نہیں لوں گا۔ پھر ہم نے اپنے مبلغ کے ذریعے
انہیں کہلوایا کہ ہم پاکستان سے صرف علاج کرانے کے لئے یہاں آئے ہیں اور روپے
خرچ کر رہے ہیں آپ بھی فیس لے لیں۔ مگر اُس نے پھر بھی یہی کہا کہ یہ مذہبی لیڈر ہیں
میں نے ان سے کچھ نہیں لینا۔ غرض پندرہ بیس منٹ تک کوشش کی گئی مگر اس نے فیس
نہیں لی۔ وہاں سے ہم ہیمبرگ پہنچے تو وہاں ڈاکٹر ٹینکر کو دکھایا گیا۔ یہ اتنا مشہور ڈاکٹر ہے کہ
امریکہ سے بھی لوگ اس کے پاس علاج کرانے کے لئے آتے ہیں مگر اس نے بھی فیس
نہیں لی۔ اُسے بہتیرا کہا گیا کہ فیس لے لیں مگر اُس نے بھی فیس لینے سے انکار کر دیا۔ چاقو
کی نوک جو اندر رہ گئی تھی اُس کے متعلق اس نے کہا کہ بے شک نوک اندر موجود ہے مگر
نیچر نے اسے گور (COVER) کر دیا ہے اس لئے اب اسے نکالنا مناسب نہیں۔ اگر
اسے نکالا گیا تو ساری ریڑھ کی ہڈی کاٹنی پڑے گی اور یہ خطر ناک چیز ہے۔ اس لئے نوک
کے بارہ میں کوئی فکر نہ کریں قدرت نے خود بخود اس پر جھلی بنادی ہے اس لئے اب وہ
جسم کے لئے خطرناک نہیں رہی۔ پھر یہ خیال کر کے کہ کہیں یہ نہ سمجھ لیا جائے کہ میں
ٹلا رہا ہوں کہنے لگا کہ میں ٹلا نہیں رہا۔ اگر میرے باپ کے جسم کے اندر بھی یہ نوک ہوتی

انوار العلوم جلد 25
155
سفر یورپ سے واپسی پر کراچی میں ۔۔ خطاب
تو میں اُس کا آپریشن کرنے کے لئے تیار نہ ہوتا کیونکہ قدرت نے خود اس کو
گور (COVER) کر دیا ہے۔ اس نوک کو نکالنے کے یہ معنے ہیں کہ ساری پیٹھ کاٹ دی
جائے اور یہ میں نہیں کر سکتا۔ بہر حال اس نے بھی میرے مذہبی لیڈر ہونے کی وجہ سے
ہم سے فیس نہیں لی جس سے معلوم ہوتا ہے کہ ان لوگوں کے اندر مذ۔ مذہب کی طرف
رجحان پایا جاتا ہے اور وہ مذہبی لوگوں کو عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔“
(غیر مطبوعہ از ریکارڈ خلافت لائبریری ربوہ )

انوار العلوم جلد 25
157
افریقین احمدیوں کے نام انقلاب آفرین پیغام
افریقن احمدیوں کے نام
انقلاب آفرین پیغام
از
سید نا حضرت میرزا بشیر الدین محمود احمد
خلیفة المسیح الثاني

آج 10 میں سے 10 باقی