دردِ دل سے ایک دعوت قوم کو

اَربعین

Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.

ضمیمه اربعین نمبر ۳ و ۴
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
نحمده و نصلی
در د دل سے ایک دعوت
قوم کو
اربعین نمبر ۴
میں نے اپنا رسالہ اربعین اس لئے شائع کیا ہے کہ مجھ کو کاذب اور مفتری کہنے
والے سوچیں کہ یہ ہر ایک پہلو سے فضل خدا کا جو مجھ پر ہے ممکن نہیں کہ بجز نہایت درجہ کے
مقرب اللہ کے کسی معمولی ملہم پر بھی ہو سکے چہ جائے کہ نعوذ باللہ ایک مفتری بد کردار کو یہ
شان اور مرتبہ حاصل ہو۔ اے میری قوم! خدا تیرے پر رحم کرے۔ خدا تیری آنکھیں
کھولے یقین کر کہ میں مفتری نہیں ہوں ۔ خدا کی ساری پاک کتابیں گواہی دیتی ہیں کہ
مفتری جلد ہلاک کیا جاتا ہے اس کو وہ عمر ہر گز نہیں ملتی جو صادق کو مل سکتی ہے۔ تمام صادقوں
کا بادشاہ ہمارا نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہے اس کو وحی پانے کے لئے تیئیس برس کی عمر ملی ۔ یہ عمر
قیامت تک صادقوں کا پیمانہ ہے۔ اور ہزاروں لعنتیں خدا کی اور فرشتوں کی اور خدا کے
پاک بندوں کی اُس شخص پر ہیں جو اس پاک پیمانہ میں کسی خبیث مفتری کو شریک سمجھتا ہے۔
اگر قرآن کریم میں آیت لو تقول بھی نازل نہ ہوتی اور اگر خدا کے تمام پاک نبیوں نے نہ
فرمایا ہوتا کہ صادقوں کا پیمانہ عمر وحی پانے کا کا ذب کو نہیں ملتا تب بھی ایک سچے مسلمان کی
وہ محبت جو اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہونی چاہئے کبھی اس کو اجازت نہ دیتی

اربعین نمبر ۴
کہ وہ یہ بے باکی اور بے ادبی کا کلمہ منہ پر لاسکتا کہ یہ پیمانہ وحی نبوت یعنی تیس برس جو
آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا گیا یہ کا ذب کو بھی مل سکتا ہے۔ پھر جس حالت میں قرآن شریف
نے صاف لفظوں میں فرمادیا کہ اگر یہ نبی کا ذب ہوتا تو یہ پیمانہ عمر وحی پانے کا اس کو عطا نہ ہوتا ۔
اور توریت نے بھی یہی گواہی دی اور انجیل نے بھی یہی تو پھر کیسا اسلام اور کیسی مسلمانی ہے کہ
ان تمام گواہیوں کو صرف میرے بغض کے لئے ایک رڈی چیز کی طرح پھینک دیا گیا اور خدا کے
پاک قول کا کچھ بھی لحاظ نہ کیا۔ میں سمجھ نہیں سکتا کہ یہ کیسی ایمانداری ہے کہ ہر ایک ثبوت جو
پیش کیا جاتا ہے اس سے فائدہ نہیں اٹھاتے اور وہ اعتراضات بار بار پیش کرتے ہیں جن کا
صد ہا مرتبہ جواب دیا گیا ہے اور جو صرف میرے پر ہی نہیں ہیں بلکہ اگر اعتراض ایسی باتوں کا
ہی نام ہے جو میری نسبت بطور نکتہ چینی ان کے منہ سے نکلتے ہیں تو اُن میں تمام نبی شریک
ہیں۔ میری نسبت جو کچھ کہا جاتا ہے پہلے سب کچھ کہا گیا ہے۔ ہائے! یہ قوم نہیں سوچتی کہ اگر
یہ کاروبار خدا کی طرف سے نہیں تھا تو کیوں عین صدی کے سر پر اس کی بنیاد ڈالی گئی اور پھر کوئی
بتلا نہ سکا کہ تم جھوٹے ہو اور سچا فلاں آدمی ہے۔ ہائے یہ لوگ نہیں سمجھتے کہ اگر مہدی معہود ﴿۳﴾
موجود نہیں تھا تو کس کے لئے آسمان نے خسوف کسوف کا معجزہ دکھلایا۔ افسوس یہ بھی نہیں
دیکھتے کہ یہ دعوی بے وقت نہیں ۔ اسلام اپنے دونوں ہاتھ پھیلا کر فریاد کر رہا تھا کہ میں مظلوم
ہوں اور اب وقت ہے کہ آسمان سے میری نصرت ہو۔ تیرھویں صدی میں ہی دل بول اٹھے
تھے کہ چودھویں صدی میں ضرور خدا کی نصرت اور مدد آئے گی ۔ بہت سے لوگ قبروں میں جا
سوئے جو رو رو کر اس صدی کی انتظار کرتے تھے۔ اور جب خدا کی طرف سے ایک شخص بھیجا
گیا تو محض اس خیال سے کہ اس نے موجودہ مولویوں کی ساری باتیں تسلیم نہیں کیں اُس کے

اربعین نمبر ۴
دشمن ہو گئے مگر ہر ایک خدا کا فرستادہ جو بھیجا جاتا ہے ضرور ایک ابتلا ساتھ لاتا ہے۔ حضرت عیسی
جب آئے تو بد قسمت یہودیوں کو یہ ابتلا پیش آگیا کہ ایلیا دوبارہ آسمان سے نازل نہیں ہوا۔ اور
ضرور تھا کہ پہلے ایلیا آسمان سے نازل ہوتا تب مسیح آتا جیسا کہ ملا کی نبی کی کتاب میں لکھا
ہے۔ اور جب ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم مبعوث ہوئے تو اہل کتاب کو یہ ابتلا پیش آیا کہ یہ نبی
بنی اسرائیل میں سے نہیں آیا۔ اب کیا ضرور نہ تھا کہ مسیح موعود کے ظہور کے وقت بھی کوئی ابتلا
ہو۔ اور اگر مسیح موعود تمام باتیں اسلام کے تہتر فرقہ کی مان لیتا تو پھر کن معنوں سے اس کا نام حکم
رکھا جاتا۔ کیا وہ باتوں کو ماننے آیا تھا یا منوانے آیا تھا ؟ تو اس صورت میں اس کا آنا بھی بے سود
تھا۔ سواے قوم! تم ضد نہ کرو۔ ہزاروں باتیں ہوتی ہیں جو قبل از وقت سمجھ نہیں آتیں۔ ایلیا کے
دوبارہ آنے کی اصل حقیقت حضرت مسیح سے پہلے کوئی نبی سمجھا نہ سکا تا یہود حضرت مسیح کے ماننے
کے لئے طیار ہو جاتے ۔ ایسا ہی اسرائیلی خاندان میں سے خاتم الانبیاء آنے کا خیال جو یہود
کے دل میں مرکوز تھا اس خیال کو بھی کوئی نبی پہلے نبیوں میں سے صفائی کے ساتھ دُور نہ کر سکا۔
اسی طرح مسیح موعود کا مسئلہ بھی مخفی چلا آیا تا سنت اللہ کے موافق اس میں بھی ابتلا ہو۔ بہتر تھا کہ
میرے مخالف اگر ان کو ماننے کی توفیق نہیں دی گئی تھی تو بارے کچھ مدت زبان بند رکھ کر اور
کف لسان اختیار کر کے میرے انجام کو دیکھتے اب جس قدر عوام نے بھی گالیاں دیں یہ سب
گناہ مولویوں کی گردن پر ہے۔ افسوس یہ لوگ فراست سے بھی کام نہیں لیتے ۔ میں ایک
دائم المرض آدمی ہوں اور وہ دو زرد چادریں جن کے بارے میں حدیثوں میں ذکر ہے کہ ان دو
چادروں میں مسیح نازل ہوگا وہ دو زرد چادریں میرے شامل حال ہیں جن کی تعبیر علم تعبیر الرویا
کے رُو سے دو بیماریاں ہیں۔ سو ایک چادر میرے اوپر کے حصہ میں ہے کہ ہمیشہ سر درد اور

آج 10 میں سے 10 باقی