مسٹر عبداللہ آتھم کے خط کا جواب
حُجة الاسلام
Urdu original from Ruhani Khazain, edition of the Ahmadiyya Muslim Jamaat.
مسٹر عبد اللہ آتھم کے خط کا جواب
آج اس اشتہار کے لکھنے سے ابھی میں فارغ ہوا تھا کہ مسٹر عبد اللہ آتھم صاحب کا خط
۱۳) بذریعہ ڈاک مجھ کو ملا یہ خط اس خط کا جواب ہے جو میں نے مباحثہ مذکورہ بالا کے متعلق صاحب
موصوف اور نیز ڈاکٹر کلارک صاحب کی طرف لکھا تھا ۔ سو اب اس کا بھی جواب ذیل میں بطور
قولہ اور اقول کے لکھتا ہوں ۔
قولہ ۔ ہم اس امر کے قائل نہیں ہیں کہ تعلیمات قدیم کے لئے معجزہ جدید کی کچھ بھی
ضرورت ہے اس لئے ہم معجزہ کے لئے نہ کچھ حاجت اور نہ استطاعت اپنے اندر د یکھتے ہیں۔
اقول ۔ صاحب من میں نے معجزہ کا لفظ اپنے خط میں استعمال نہیں کیا۔ بے شک معجزہ
دکھلانا نبی اور مرسل من اللہ کا کام ہے نہ ہر یک انسان کا لیکن اس بات کو تو آپ مانتے اور
جانتے ہیں کہ ہر ایک درخت اپنے پھل سے پہچانا جاتا ہے اور ایمانداری کے پھلوں کا ذکر
جیسا کہ قرآن کریم میں ہے انجیل شریف میں بھی ہے مجھے امید ہے کہ آپ سمجھ گئے ہوں
گے اس لئے طول کلام کی ضرورت نہیں مگر میں دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ کیا ایمانداری کے
پھل دکھلانے کی بھی آپ کو استطاعت نہیں ۔
قولہ ۔ بہر کیف اگر جناب کسی معجزہ کے دکھلانے پر آمادہ ہیں تو ہم اس کے دیکھنے سے
۱۴ آنکھیں بند نہ کریں گے اور جس قدر اصلاح اپنی غلطی کی آپ کے معجزہ سے کر سکتے ہیں اس کو
اپنا فرض عین سمجھیں گے۔
اقول ۔ بیشک یہ آپ کا مقولہ انصاف پر مبنی ہے اور کسی کے منہ سے یہ کامل
طور پر نکل نہیں سکتا جب تک اُس کو انصاف کا خیال نہ ہو لیکن اس جگہ یہ آپ کا فقرہ
کہ جس قد را اصلاح اپنی غلطی کی ہم آپ کے معجزہ سے کر سکتے ہیں اس کو اپنا فرض عین
سمجھیں گے تشریح طلب ہے ۔ یہ عاجز تو محض اس غرض کے لئے بھیجا گیا ہے کہ تا یہ
پیغام خلق اللہ کو پہنچاوے کہ دنیا کے تمام مذاہب موجودہ میں سے وہ مذہب حق پر
اور خدا تعالیٰ کی مرضی کے موافق ہے جو قرآن کریم لایا ہے اور دارالنجات میں داخل ہونے
کے لئے دروازہ لا اله الا الله محمد رسول الله ہے وبس ۔ اب کیا آپ اس بات پر
طیار اور مستعد ہیں کہ نشان دیکھنے کے بعد اس مذہب کو قبول کر لیں گے ۔ آپ کا فقرہ مذکورہ
بالا مجھے امید دلاتا ہے کہ آپ اس سے انکار نہیں کریں گے پس اگر آپ مستعد ہیں تو چند
سطر میں تین اخباروں یعنی نور افشاں اور منشور محمدی اور کسی آریہ کے اخبار میں چھپوا دیں کہ
ہم خدا تعالیٰ کو حاضر و ناظر جان کر یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اگر اس مباحثہ کے بعد جس کی تاریخ
۲۲ رمئی ۱۸۹۳ء قرار پائی ہے ۔ مرزا غلام احمد کی خدا تعالی مدد کرے اور کوئی ایسا نشان اس
کی تائید میں خدا تعالیٰ ظاہر فرمادے کہ جو اُس نے قبل از وقت بتلا دیا ہو اور جیسا کہ اس نے
بتلایا ہو وہ پورا بھی ہو جاوے تو ہم اس نشان کے دیکھنے کے بعد بلا توقف مسلمان ہو جائیں ﴿۱۵﴾
گے اور ہم یہ بھی وعدہ کرتے ہیں کہ ہم اس نشان کو بغیر کسی قسم کی بیہودہ نکتہ چینی کے قبول کر
لیں گے اور کسی حالت میں وہ نشان نامعتبر اور قابل اعتراض نہیں سمجھا جائے گا بغیر اس
صورت کے کہ ایسا ہی نشان اسی برس کے اندر ہم بھی دکھلا دیں مثلاً اگر نشان کے طور پر یہ
پیشگوئی ہو کہ فلاں وقت کسی خاص فرد پر یا ایک گروہ پر فلاں حادثہ وارد ہوگا اور وہ
پیشگوئی اس میعاد میں پوری ہو جائے تو بغیر اس کے کہ اس کی نظیر اپنی طرف سے پیش
کریں بہر حال قبول کرنی پڑے گی ۔ اور اگر ہم نشان دیکھنے کے بعد دین اسلام اختیار نہ
کریں اور نہ اس کے مقابل پر اسی برس کے اندر اسی کی مانند کوئی خارق عادت نشان
دکھلا سکیں تو عہد شکنی کے تاوان میں نصف جائداد اپنی امداد اسلام کے لئے اس کے
حوالہ کریں گے اور اگر ہم اس دوسری شق پر بھی عمل نہ کریں اور عہد کو توڑ دیں اور اس
عہد شکنی کے بعد کوئی قہری نشان ہماری نسبت مرزا غلام احمد شائع کرنا چاہے تو ہماری
طرف سے مجاز ہوگا کہ عام طور پر اخباروں کے ذریعہ سے یا اپنے رسائل مطبوعہ میں اسکو شائع
کرے فقط یہ تحریر آپ کی طرف سے بقید نام و مذہب و ولدیت وسکونت ہو اور فریقین کے
پچاس پچاس معزز اور معتبر گواہوں کی شہادت اُس پر ثبت ہو تب تین اخباروں میں اس کو آپ
شائع کرادیں۔ جبکہ آپ کا منشاء اظہار حق ہے اور یہ معیار آپ کے اور ہمارے مذہب کے موافق
ہے تو اب برائے خدا اس کے قبول کرنے میں توقف نہ کریں اب بہر حال وہ وقت آگیا ہے کہ
خدا تعالیٰ سچے مذہب کے انوار اور برکات ظاہر کرے اور دنیا کو ایک ہی مذہب پر کر دیوے سواگر
آپ دل کو قوی کر کے سب سے پہلے اس راہ میں قدم ماریں اور پھر اپنے عہد کو بھی صدق اور
جوانمردی کے ساتھ پورا کریں تو خدا تعالیٰ کے نزدیک صادق ٹھہریں گے اور آپ کی راستبازی
کا یہ ہمیشہ کے لئے ایک نشان رہے گا۔
اور اگر آپ یہ فرماویں کہ ہم تو یہ سب باتیں کر گذریں گے اور کسی نشان کے
دیکھنے کے بعد دین اسلام قبول کر لیں گے یا دوسری شرائط متذکرہ بالا بجالائیں گے اور یہ
عہد پہلے ہی سے تین اخباروں میں چھپوا بھی دیں گے لیکن اگر تم ہی جھوٹے نکلے اور کوئی
نشان دکھلا نہ سکے تو تمہیں کیا سزا ہو گی تو میں اس کے جواب میں حسب منشاء توریت سزائے
موت اپنے لئے قبول کرتا ہوں اور اگر یہ خلاف قانون ہو تو کل جائداد اپنی آپ کو دوں گا ۔
جس طرح چاہیں پہلے مجھ سے تسلی کرالیں ۔
قولہ ۔ لیکن یہ جناب کو یادر ہے کہ معجزہ ہم اُسی کو جانیں گے جو ساتھ تحدی مدعی
معجزہ کے بظہور آوے اور کہ مصدق کسی امر ممکن کا ہو۔
اقول ۔ اس سے مجھے اتفاق ہے اور تحدی اسی بات کا نام ہے کہ مثلاً ایک شخص
منجانب اللہ ہونے کا دعویٰ کر کے اپنے دعوے کی تصدیق کے لئے کوئی ایسی پیشگوئی
کرے جو انسان کی طاقت سے بالا تر ہو اور وہ پیشگوئی سچی نکلے تو وہ حسب منشاء
توریت استثناء ۱۸ - ۱۸ سچا ٹھہرے گا ہاں یہ سچ ہے کہ ایسا نشان کسی امر ممکن کا مصدق ہونا چاہیے
ورنہ یہ تو جائز نہیں کہ کوئی انسان مثلاً یہ کہے کہ میں خدا ہوں اور اپنی خدائی کے ثبوت میں کوئی
پیشگوئی کرے اور وہ پیشگوئی پوری ہو جائے تو پھر وہ خدا ما نا جاوے۔
لیکن میں اس جگہ آپ سے دریافت کرنا چاہتا ہوں کہ جب اس عاجز نے ملہم اور
مامور من اللہ ہونے کا دعوی کیا تھا تو ۱۸۸۸ء میں مرزا امام الدین نے جس کو آپ خوب
جانتے ہیں چشمہ نور امرت سر میں میرے مقابل پر اشتہار چھپوا کر مجھ سے نشان طلب کیا تھا
تب بطور نشان نمائی ایک پیشگوئی کی گئی تھی جو نور افشاں ۱۰ رمئی ۱۸۸۸ء میں شائع ہو گئی تھی
جس کا مفصل ذکر اس اخبار میں اور نیز میری کتاب آئینہ کمالات کے صفحہ ۲۸۰،۲۷۹ میں
موجود ہے اور وہ پیشگوئی ۳۰ ستمبر ۱۸۹۲ء کو اپنی میعاد کے اندر پوری ہوگئی ۔ سواب بطور
آزمائش آپ کے انصاف کے آپ سے پوچھتا ہوں کہ یہ نشان ہے یا نہیں اور اگر نشان نہیں
تو اس کی کیا وجہ ہے اور اگر نشان ہے اور آپ نے اس کو دیکھ بھی لیا اور نہ صرف نورافشاں
۱۰ رمئی ۱۸۸۸ء میں بلکہ میرے اشتہار مجریہ ۱۰ رجولائی ۱۸۸۸ء میں بقید میعاد یہ شائع بھی ﴿۱۸﴾
ہو چکا ہے تو آپ فرماویں کہ آپ کا اس وقت فرض عین ہے یا نہیں کہ اس نشان سے بھی
فائدہ اٹھاویں اور اپنی غلطی کی اصلاح کریں اور براہ مہربانی مجھ کو اطلاع دیں کہ کیا
اصلاح کی اور کس قدر عیسائی اصول سے آپ دست بردار ہو گئے کیونکہ یہ نشان تو کچھ
پرانا نہیں ابھی کل کی بات ہے کہ نور افشاں اور میرے اشتہار ۱۰ر جولائی ۱۸۸۸ء میں
شائع ہوا تھا اور آپ کے یہ تمام شرائط کے موافق ہے میرے نزدیک آپ کے انصاف کا
یہ ایک معیار ہے اگر آپ نے اس نشان کو مان لیا اور حسب اقرار اپنے اپنی غلطی کی بھی
اصلاح کی تو مجھے پختہ یقین ہوگا کہ اب آئندہ بھی آپ اپنی بڑی اصلاح کے لئے مستعد
ہیں اس نشان کا اس قدر تو آپ پر اثر ضرور ہونا چاہیے کہ کم سے کم آپ یہ اقرار اپنا شائع
۔
کر دیں کہ اگر چہ ابھی قطعی طور پر نہیں مگر ظن غالب کے طور پر دین اسلام ہی مجھے سچا معلوم ہوتا
ہے کیونکہ تحدی کے طور پر اس کی تائید کے بارہ میں جو پیشگوئی کی گئی تھی وہ پوری ہو گئی آپ
جانتے ہیں کہ امام الدین دین اسلام سے منکر اور ایک دہر یہ آدمی ہے اور اس نے اشتہار کے
ذریعہ سے دین اسلام کی سچائی اور اس عاجز کے ملہم ہونے کے بارے میں ایک نشان طلب کیا
تھا جس کو خدا تعالیٰ نے نزدیک کی راہ سے اسی کے عزیزوں پر ڈال کر اس پر اتمام حجت کی ۔
ا آپ اس نشان کے رد یا قبول کے بارے میں ضرور جواب دیں ورنہ ہمارا یہ ایک پہلا قرضہ
ہے جو آپ کے ذمے رہے گا۔
قولہ۔ مباہلات بھی از قسم معجزات ہی ہیں مگر ہم بروئے تعلیم انجیل کسی کے لئے لعنت نہیں
مانگ سکتے ۔ جناب صاحب اختیار ہیں جو چاہیں مانگیں اور انتظار جواب ایک سال تک کریں۔
اقول ۔ صاحب من مباہلہ میں دوسرے پر لعنت ڈالنا ضروری نہیں بلکہ اتنا کہنا کافی
ہوتا ہے کہ مثلاً ایک عیسائی کہے کہ میں پورے یقین سے کہتا ہوں کہ در حقیقت حضرت مسیح خدا
ہیں اور قرآن خدا تعالیٰ کی طرف سے نہیں اور اگر میں اس بیان میں کا ذب ہوں تو خدا تعالیٰ
میرے پر لعنت کرے۔ سو یہ صورت مباہلہ انجیل کے مخالف نہیں بلکہ عین موافق ہے آپ غور
سے انجیل کو پڑھیں ۔
ماسوا اس کے میں پہلے لکھ چکا ہوں کہ اگر آپ نشان نمائی کے مقابلہ سے
عاجز ہیں تو پھر یک طرفہ اس عاجز کی طرف سے سہی ۔ مجھ کو بسر و چشم منظور ہے آپ
اقرار نامہ اپنا حسب نمو نہ مرقومہ بالا شائع کریں ۔ اور جس وقت آپ فرماویں
میں بلا توقف امرتسر حاضر ہو جاؤں گا ۔ یہ تو مجھ کو پہلے ہی سے معلوم ہے کہ عیسائی
مذہب اسی دن سے تاریکی میں پڑا ہوا ہے جب سے کہ حضرت مسیح علیہ السلام کو
۲۰ خدا تعالی کی جگہ دی گئی اور جب کہ حضرات عیسائیوں نے ایک سچے اور کامل
اور مقدس نبی افضل الانبیاء محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا انکار کیا۔ اس لئے میں
یقیناً جانتا ہوں کہ حضرات عیسائی صاحبوں میں سے یہ طاقت کسی میں بھی نہیں کہ اسلام کے
زندہ نوروں کا مقابلہ کر سکیں میں دیکھتا ہوں کہ وہ نجات اور حیات ابدی جس کا ذکر عیسائی
صاحبوں کی زبان پر ہے وہ اہل اسلام کے کامل افراد میں سورج کی طرح چمک رہی ہے
اسلام میں یہ ایک زبر دست خاصیت ہے کہ وہ ظلمت سے نکال کر اپنے نور میں داخل کرتا ہے
جس نور کی برکت سے مومن میں کھلے کھلے آثار قبولیت پیدا ہو جاتے ہیں اور خدا تعالیٰ کا
شرف مکالمہ میسر آجاتا ہے اور خدا تعالیٰ اپنی محبت کی نشانیاں اس میں ظاہر کر دیتا ہے سو
میں زور سے اور دعوے سے کہتا ہوں کہ ایمانی زندگی صرف کامل مسلمان کو ہی ملتی ہے ۔ اور
یہی اسلام کی سچائی کی نشانی ہے۔
اب آپ کے خط کا ضروری جواب ہو چکا اور یہ اشتہار ایک رسالہ کی صورت پر مرتب
کر کے آپ کی خدمت میں اور نیز ڈاکٹر کلارک صاحب کی خدمت میں بذریعہ رجسٹری
روانہ کرتا ہوں اب میری طرف سے حجت پوری ہو چکی ۔ آئندہ آپ کو اختیار ہے۔
والسلام على من اتبع الهدى
راقم خاكسار
میرزا غلام احمد
از قادیان ضلع گورداسپور