کتاب 83: باب مَا جَاءَ فِي قَاتِلِ النَّفْسِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1364
اور حجاج بن منہال نے کہا : جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ حسن سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) حضرت جندب رضی اللہ عنہ نے اسی مسجد (بصرہ) میں ہم سے بیان کیا اور ہم یہ نہیں بھولے اور نہ ہمیں اندیشہ ہے کہ حضرت جندبؓ نبی ﷺ کی نسبت جھوٹ بولیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: ایک شخص کو زخم ہوا تو اس نے اپنے آپ کو مار ڈالا۔ تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: میرے بندے نے اپنی جان سے متعلق مجھ سے جلدی کی ہے۔ میں نے اس پر جنت حرام کر دی ہے۔
صحیح بخاری 1365
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہم سے شعیب نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابوزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو اپنے آپ کو گلا گھونٹ کر مارتا ہے۔ وہ آگ میں بھی اپنا گلا گھونٹے گا۔ جو اپنے آپ کو زخمی کر کے مارتا ہے وہ آگ میں بھی اپنے آپ کو زخمی کر کے مارتا رہے گا۔
صحیح بخاری 1363
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید بن زریع نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) خالد (حذائ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت ثابت بن ضحاک رضی اللہ عنہ سے، حضرت ثابتؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: جو شخص اسلام کے سوا اور کسی دین کی جانتے بوجھتے ہوئے قسم کھائے تو وہ ویسے ہی ہوگا جیسا اس نے کہا اور جو اپنے آپ کو ہتھیار سے مار ڈالے اسے جہنم کی آگ میں اسی ہتھیار سے سزا دی جائے گی۔