کتاب 86: باب مَا جَاءَ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1369
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ حَدَّثَنَا غُنْدَرٌ حَدَّثَنَا شُعْبَةُ بِهَذَا وَزَادَ {يُثَبِّتُ اللَّهُ الَّذِينَ آمَنُوا} نَزَلَتْ فِي عَذَابِ الْقَبْرِ.
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے علقمہ بن مرثد سے، علقمہ نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے، حضرت براءؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا کہ جب مومن کو اس کی قبر میں بٹھا دیا جاتا ہے تو اس کے پاس (آنے والے) آتے ہیں۔ پھر وہ یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ محمدؐ اللہ کے رسول ہیں اور یہی مراد ہے جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: اللہ تعالیٰ ان لوگوں کو جو مومن ہیں مضبوط بات کے ذریعے سے دنیا کی زندگی اور آخرت میں مضبوطی سے قائم رکھتا ہے۔ محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) غندر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہم سے یہی بیان کیا اور اسے اتنا بڑھایا: یُثَبِّتُ اللّٰہُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا قبر کے عذاب کی نسبت نازل ہوئی۔
صحیح بخاری 1370
علی بن عبداللہ مدینی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے مجھے بتایا۔ صالح (بن کیسان) سے مروی ہے کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا۔ حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ نے قلیب (کنوئیں) والوں کو اوپر سے جھانک کر دیکھا اور فرمایا: تمہارے ربّ نے (تم سے) جو وعدہ کیا تھا؛ کیا تم نے اسے سچا پالیا؟ آپؐ سے کہا گیا: کیا آپؐ ان مردوں کو پکارتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم ان سے زیادہ نہیں سنتے، البتہ وہ جواب نہیں دیتے۔
صحیح بخاری 1371
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے تو صرف یہ فرمایا تھا کہ اب وہ ضرور جانتے ہیں کہ جو کچھ میں ان سے کہتا تھا؛ سچ ہے اور اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ تو مردوں کو نہیں سناتا۔
صحیح بخاری 1372
عبدان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ (عثمان) نے مجھے بتایا۔ شعبہ سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) میں نے اشعث سے سنا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک یہودی عورت ان کے پاس آئی اور اس نے قبر کے عذاب کا ذکر کیا اور ان سے کہا: اللہ تجھے عذاب قبر سے بچائے رکھے۔ حضرت عائشہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے عذاب قبر کی نسبت پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: ہاں عذاب قبر (ضرور) ہوگا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں: اس کے بعد میں نے رسول اللہ ﷺ کو کبھی نہیں دیکھا کہ آپؐ نے کوئی نماز پڑھی ہو اور (اس میں) عذاب قبر سے پناہ نہ مانگی ہو۔ غندر نے اپنی روایت میں اتنا بڑھایا: عذاب قبر حق ہے۔
صحیح بخاری 1373
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا، کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوبکرؓ کی بیٹی حضرت اسماء رضی اللہ عنہا سے سنا۔ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ بطور خطیب کھڑے ہوئے اور آپؐ نے قبر کے اس امتحان کا ذکر کیا، جس میں آدمی پر کھا جاتا ہے۔ جب آپؐ نے اس کا ذکر کیا تو مسلمانوں نے گھبرا کر (آہ و بکا سے) شور بپا کردیا۔
صحیح بخاری 1374
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ حضرت انسؓ نے ان سے بیان کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بندہ جب اپنی قبر میں رکھ دیا جاتا ہے اور اس کے ساتھی اس سے لوٹ جاتے ہیں تو وہ ان کے جوتوں کی آواز بھی سنتا ہے۔ اس کے پاس دو فرشتے آتے ہیں اور اسے بٹھا دیتے ہیں اور کہتے ہیں: تو اس شخص محمدؐ کے بارے میں کیا اعتقاد رکھتا تھا؟ پس جو مومن ہے وہ کہے گا: میں شہادت دیتا ہوں کہ وہ اللہ کے بندے اور اس کے پیغمبر ہیں تو اس سے کہا جائے گا: آگ میں اپنا ٹھکانا دیکھ کہ اللہ تعالیٰ نے تیرے لئے اس کی جگہ جنت میں ٹھکانا بنا دیا ہے۔ تو وہ ان دونوں کو ہی اکٹھا دیکھے گا۔ قتادہ نے کہا: اور ہم سے یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ اس کی قبر میں اس کے لئے کشادگی کر دی جائے گی۔ پھر قتادہ نے حضرت انسؓ کی یہ حدیث بیان کرنا شروع کی۔ کہا: لیکن جو منافق یا کافر ہے۔ اس سے پوچھا جائے گا: اس شخص (محمدؐ) کی نسبت تمہارا کیا اعتقاد تھا؟ تو وہ کہے گا: میں نہیں جانتا۔ میں وہی کچھ کہتا تھا، جو لوگ کہتے تھے۔ تو اُس سے کہا جائے گا: نہ تو خود سمجھا اور نہ تو نے (سمجھنے والے کی) پیروی کی اور اس پر لوہے کے گرزوں کی مار پڑے گی اور وہ زور سے چلائے گا۔ جو بھی اس کے آس پاس ہوں گے سوائے آدمیوں اور جنوں کے سب سنیں گے۔