کتاب 87: باب التَّعَوُّذِ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1375
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عون بن ابی جحُیفہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت براء بن عازبؓ سے، حضرت براءؓ نے حضرت ابو ایوب (انصاری) رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ باہر نکلے۔ سورج غروب ہوچکا تھا۔ آپؐ نے ایک آواز سنی تو فرمایا: یہود ہیں۔ انہیں قبروں میں سزا دی جارہی ہے۔ اور نضر (بن شمیل) نے کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عون نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے اپنے باپ (ابو جحُیفہ) سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت براءؓ سے سنا۔ حضرت براء نے حضرت ابوایوب رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابوایوبؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 1376
معلّی (بن اسد) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب نے ہمیں بتایا کہ موسیٰ بن عقبہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: خالد بن سعید بن عاص کی بیٹی (حضرت امّ خالدؓ) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے نبیﷺ سے سنا کہ آپؐ قبر کے عذاب سے پناہ مانگ رہے تھے۔
صحیح بخاری 1377
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہشام (دستوائی) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ (بن ابی کثیر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوسلمیٰ سے، ابوسلمیٰ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ یہ دعا کیا کرتے تھے: اے میرے اللہ! قبر کے عذاب سے میں تیری پناہ لیتا ہوں اور (ایسا ہی) آگ کے عذاب سے، اور زندگی اور موت کے فتنہ سے اور مسیح الدجّال کے فتنہ سے۔