کتاب 94: باب مَوْتِ يَوْمِ الاِثْنَيْنِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1387
معلّی بن اسد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: میں حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے پاس (عیادت کے لئے گئی) تو انہوں نے پوچھا: آپ نے نبی ﷺ کو کتنے کپڑوں میں کفنایا تھا؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: تین دُھلے ہوئے سفید سوتی کپڑوں میں۔ ان میں نہ کُرتا تھا نہ پگڑی اور انہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا: رسول اللہ ﷺ کس دن فوت ہوئے؟ انہوں نے کہا: پیر کے دن۔ انہوں نے کہا: تو آج کون سا دن ہے؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: پیر کا دن۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں امید کرتا ہوں کہ اس وقت سے رات تک۔ پھر انہوں نے اپنے کپڑے پر نگاہ ڈالی جو بیماری میں پہنے تھے۔ اس پر زعفران کا دھبہ تھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میرا یہ کپڑا دھو دو اور دو کپڑے اور لے لینا اور مجھے ان میں کفنانا۔ میں نے کہا: یہ تو پرانا ہے۔ فرمایا: زندہ آدمی بہ نسبت مردہ کے نئے کپڑے کا زیادہ مستحق ہے۔ کفن تو (مردے کی) پیپ کے لئے ہی ہے۔ پھر حضرت ابوبکرؓ اس روز فوت نہ ہوئے، یہاں تک کہ منگل کی رات آگئی اور صبح سے پہلے دفن کئے گئے۔