کتاب 96: باب مَا جَاءَ فِي قَبْرِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَبِي بَكْرٍ وَعُمَرَ ـ رضى الله عنهما
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1389
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا) کہ سلیمان نے مجھے بتایا۔ ہشام سے مروی ہے اور محمد بن حرب نے بھی مجھ سے بیان کیا، (کہا:) ابومروان (یحيٰ بن ابی زکریا) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کو اپنی بیماری میں (ایک گھر سے دوسرے گھر میں جانے سے) تکلیف ہوا کرتی تھی۔ (آپؐ فرماتے:) میں آج کہاں ہوں گا؟ کل کہاں ہوں گا؟ حضرت عائشہؓ کی باری دیر کے بعد آتے ہوئے دیکھ کر فرماتے جب میری باری ہوئی تو اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو میرے گلے اور میرے سینے کے درمیان اُٹھایا اور آپؐ میرے گھر میں دفن ہوئے۔
صحیح بخاری 1390
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ مُقَاتِلٍ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ أَخْبَرَنَا أَبُو بَكْرِ بْنُ عَيَّاشٍ عَنْ سُفْيَانَ التَّمَّارِ أَنَّهُ حَدَّثَهُ أَنَّهُ رَأَى قَبْرَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مُسَنَّمًا.
حَدَّثَنَا فَرْوَةُ حَدَّثَنَا عَلِيٌّ عَنْ هِشَامِ بْنِ عُرْوَةَ عَنْ أَبِيهِ لَمَّا سَقَطَ عَلَيْهِمُ الْحَائِطُ فِي زَمَانِ الْوَلِيدِ بْنِ عَبْدِ الْمَلِكِ أَخَذُوا فِي بِنَائِهِ فَبَدَتْ لَهُمْ قَدَمٌ فَفَزِعُوا وَظَنُّوا أَنَّهَا قَدَمُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم فَمَا وَجَدُوا أَحَدًا يَعْلَمُ ذَلِكَ حَتَّى قَالَ لَهُمْ عُرْوَةُ لاَ وَاللَّهِ مَا هِيَ قَدَمُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مَا هِيَ إِلاَّ قَدَمُ عُمَرَ ـ رضى الله عنه ـ.
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہلال (بن حمید) سے، ہلال نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے اپنی اس بیماری میں جس سے آپؐ اُٹھ نہیں سکے، فرمایا: اللہ تعالیٰ یہودیوں اور عیسائیوں کو اپنی رحمت سے دور رکھے۔ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا ہے۔ اگر آپؐ یہ نہ فرماتے تو آپؐ کی قبر کھلی رکھی جاتی، مگر آپؐ ڈرے یا کہا: لوگوں کو ڈر ہو ا کہ کہیں وہ مسجد (یعنی سجدہ گاہ) نہ بنا لی جائے اور ہلال سے روایت کرتے ہوئے راوی نے کہا: عروہ بن زبیر نے میری کنیت رکھ دی، حالانکہ میری کوئی اولاد ہی نہیں ہوئی۔
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوبکر بن عیاش نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن دینار) تَمّار (کھجور فروش) سے مروی ہے۔ سفیان نے ان سے بیان کیا کہ انہوں نے نبی ﷺ کی قبر دیکھی کہ وہ اونٹ کے کوہان کی طرح اونچی بنی ہوئی تھی۔
فروہ (بن ابی مغراء) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) علی (بن مسہر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ولید بن عبدالملک کے عہد حکومت میں جب حضرت عائشہؓ کے حجرہ کی دیوار لوگوں پر گری تو وہ بنانے لگے۔ اسی اثناء میں ان کو ایک پائوں دکھائی دیا تو وہ گھبرا گئے اور خیال کیا کہ نبی ﷺ کا پائوں ہے تو انہوں نے کسی کو بھی نہ پایا جو اس کو پہنچانتا ہو، یہاں تک کہ عروہ (بن زبیر) نے کہا: ہرگز نہیں۔ اللہ کی قسم! یہ تو نبی ﷺ کا پائوں نہیں، یہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا پائوں ہے۔
صحیح بخاری 1391
نیز ہشام سے مروی ہے کہ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ حضرت عائشہ ؓ نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو وصیت کی تھی کہ مجھے ان کے ساتھ دفن نہ کرنا اور بقیع میں میری ہم نشینوں کے ساتھ دفن کرنا تا اس (حجرہ) میں دفن ہونے کی وجہ سے میری تعریف نہ ہو۔
صحیح بخاری 1392
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر بن عبدالحمید نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) حصین بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن میمون اودی سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو (اس وقت) دیکھا (جب وہ زخمی ہوئے) تو انہوں نے کہا: عبداللہ بن عمرؓ! امّ المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس جاؤ اور کہو: عمر بن خطابؓ آپؓ کو سلام کہتا ہے۔ پھر ان سے دو ساتھیوں کے ساتھ مجھے دفنائے جانے کی بابت ان سے اجازت مانگو۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: میں یہ جگہ اپنے لئے چاہتی تھی، مگر آج میں ان کو اپنے نفس پر مقدم کروں گی۔ جب حضرت عبداللہؓ آئے۔ حضرت عمرؓ نے ان سے پوچھا: کیا خبر ہے؟ تو انہوں نے کہا: امیر المؤمنین! انہوں نے آپؓ کے لئے اجازت دے دی ہے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: مجھے جس قدر اس ٹھکانے کا فکر تھا اتنا اور کسی بات کا نہ تھا۔ جب میں مر جائوں تو مجھے اُٹھا کر لے جائیو۔ پھر حضرت عائشہؓ کو سلام کہنا اور پوچھنا: عمر بن خطاب اجازت مانگتا ہے۔ اگر انہوں نے مجھے اجازت دے دی تو مجھے وہاں دفن کر دینا ورنہ مسلمانوں کے مقبرہ میں لے جانا۔ دیکھو اس خلافت کا حق دار میں ان چند لوگوں سے بڑھ کر کسی اور کو نہیں سمجھتا، جن سے رسول اللہ ﷺ اپنی وفات کے وقت تک خوش رہے۔ سو جس کو یہ لوگ میرے بعد خلیفہ بنائیں، وہی خلیفہ ہے۔ اس کی سننا اور اسی کو ماننا۔ تب حضرت عمرؓ نے حضرت عثمانؓ، حضرت علیؓ، حضرت طلحہؓ، حضرت زبیرؓ، حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ اور حضرت سعد بن ابی وقاصؓ کا نام لیا اور ایک انصاری جو ان آپؓ کے پاس آیا اور کہنے لگا: اے امیر المومنین! اللہ (عزو جل) کی بشارت پر خوش ہوں۔ اسلام میں آپؓ کا جو درجہ تھا وہ آپؓ جانتے ہی ہیں۔ پھر اس کے بعد آپؓ خلیفہ ہوئے تو آپؓ نے انصاف کیا۔ پھر ان سب باتوں کے بعد شہادت ملی۔ حضرت عمر نے کہا: اے میرے بھتیجے میری تو یہ آرزو ہے کہ یہ خلافت برابر ہی اُترے۔ نہ مجھے وبال ہو اور نہ مجھے ثواب ملے۔ میں اپنے بعد کے خلیفہ کو وصیت کرتا ہوں کہ آغاز کے مہاجرین سے بھلائی کرے، ان کا حق پہچانے، ان کی عزت کا خیال رکھے۔ اور میں اس کو وصیت کرتا ہوں کہ وہ انصار کے ساتھ بھی بھلائی کرے۔ جو مدینہ میں پہلے سے رہتے تھے اور (مہاجرین کے آنے سے پہلے ایمان قبول کر چکے تھے۔) ان میں سے جو نیک ہوں ان کی نیکی قبول کرے اور جو قصور وار ہوں ان سے درگزر کرے اور میں اسے یہ بھی وصیت کرتا ہوں کہ وہ اللہ کی ذمہ داری اور اس کے رسول ﷺ کی ذمہ داری کا خیال رکھے۔ ان (ذمیوں) کے لئے ان کے عہد کی پوری پوری وفاداری کرے اور ان کی حفاظت کے لئے (ان کے دشمن سے) جنگ کی جائے اور ان کی طاقت سے بڑھ کر ان پر بوجھ نہ ڈالا جائے۔