کتاب 1: باب وُجُوبِ الزَّكَاةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1395
ابو عاصم ضحاک بن مخلد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زکریا بن اسحاق سے، زکریا نے يحيٰ بن عبداللہ بن صیفی سے، يحيٰ نے ابو معبد سے، ابو معبد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے حضرت معاذ رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف بھیجا اور فرمایا: انہیں اس شہادت کی طرف دعوت دو کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور یہ کہ میں اللہ کا رسول ہوں۔ پس اگر وہ یہ مان لیں تو پھر انہیں (یہ) بتائو کہ اللہ تعالیٰ نے ان کے لئے رات دن میں پانچ نمازیں فرض کی ہیں۔ اگر وہ اس کو بھی مان لیں، پھر انہیں بتائو کہ اللہ تعالیٰ نے اُن پر اُن کے مالوں میں صدقہ بھی فرض کیا ہے جو اُن کے مالداروں سے لیا اور اُن کے محتاجوں کی طرف لوٹایا جائے گا۔
صحیح بخاری 1396
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (محمد) بن عثمان بن عبداللہ بن موہب سے، محمد بن عثمان نے موسیٰ بن طلحہ سے، موسیٰ نے حضرت ابو ایوب رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: مجھے کوئی ایسا کام بتائیے جو مجھے جنت میں لے جائے۔ لوگوں نے کہا: اسے کیا ہوا ہے؟ اسے کیا ہوا ہے؟ (یعنی اس کے پوچھنے کی کیا ضرورت ہے؟) نبی ﷺ نے فرمایا: بہت بڑی ضرورت ہے۔ (تمہیں چاہیے کہ) اللہ کی عبادت کرو اور اس کے ساتھ کسی کو بھی شریک نہ ٹھہرائو اور نماز سنوار کر ادا کرو اور زکوٰۃ دو اور صلہ رحمی کرو اور بہز (بن اسد) نے یوں نقل کیا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) محمد بن عثمان اور ان کے باپ عثمان بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ان دونوں نے موسیٰ بن طلحہ سے سنا۔ موسیٰ نے حضرت ابو ایوبؓ سے، حضرت ابو ایوبؓ نے نبی ﷺ سے یہی روایت کی۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: مجھے اندیشہ ہے کہ محمد (بن عثمان) صحیح نام نہ ہو بلکہ عمرو (بن عثمان) ہو۔
صحیح بخاری 1397
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) عفان بن مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید بن حیان سے، یحيٰ نے ابوزُرعہ سے۔ ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک بدوی نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہا: مجھے ایسے کام کا پتہ دیجئے کہ جب میں وہ کرلوں تو جنت میں چلا جائوں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کی عبادت کرو۔ اس میں کسی کو شریک نہ ٹھہرائو اور نمازِ فریضہ سنوار کر پڑھو اور مقررہ زکوٰۃ ادا کرو اور رمضان کے روزے رکھو۔ اس نے کہا: اسی ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ میں اس سے زیادہ نہیں کروں گا۔ جب وہ پیٹھ موڑ کر چلا تو نبی ﷺ نے فرمایا: جس کی خوشی ہو کہ جنتیوں میں سے کسی آدمی کو دیکھے تو وہ اِسے دیکھ لے۔ مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) سے مروی ہے۔ انہوں نے ابوحیان سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوزُرعہ نے نبیؐ سے روایت کرتے ہوئے مجھے یہی بتایا۔
صحیح بخاری 1398
حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابوجمرہ (نصر بن عمران ضبعی) نے ہمیں بتایا۔ کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: قبیلہ عبدالقیس کا وفد نبی ﷺ کے پاس آیا اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ (ہمارے) قبیلہ ربیعہ سے ہے۔ ہمارے اور آپؐ کے درمیان کفار مضر (روک) ہیں۔ ہم سوائے محرم مہینوں کے آپؐ کے پاس سلامتی سے نہیں پہنچ سکتے۔ پس آپؐ ہمیں ایسی بات فرمائیں کہ ہم آپؐ سے اسے سیکھ لیں اور پھر جو ہمارے پیچھے ہیں ان کو اس کی طرف دعوت دیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتیں کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے روکتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا اور یہ گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور اپنی انگلی کو کھڑا کرکے اس طرح اشارہ کیا۔ (یعنی ایک کام) اور نماز کو سنوار کر پڑھنا اور زکوٰۃ دینا اور یہ کہ جو مالِ غنیمت تمہیں حاصل ہو؛ اس کا پانچواں حصہ ادا کرنا اور میں تمہیں کدو کے تونبے اور سبز لاکھی مرتبان اور کریدی ہوئی لکڑی کے باسن اور روغنی برتن سے منع کرتا ہوں اور سلیمان (بن حرب) اور ابونعمان نے حماد سے روایت کرتے ہوئے (یوں) کہا: اللہ پر ایمان لانا اور گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔
صحیح بخاری 1399
ابوالیمان حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں بتایا کہ زُہری سے روایت ہے کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوگئے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ خلیفہ ہوئے اور عربوں میں سے جنہوں نے انکار کرنا تھا، انکار کیا تو حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا: آپؓ لوگوں سے کیسے لڑیں گے جبکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ہے: مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں لوگوں سے لڑوں ؛ اس وقت تک کہ وہ یہ اقرار کرلیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ پس جس نے یہ کلمہ کہا، اس نے مجھ سے اپنا مال اور جان بچا لی۔ سوائے اس کے کہ جہاں حقوق کا تعلق ہو اور اس کا حساب اللہ پر رہے گا۔
صحیح بخاری 1400
اس پر (حضرت ابوبکرؓ نے) کہا: اللہ کی قسم! میں (ان سے) ضرور لڑوں گا جو نماز اور زکوٰۃ کے درمیان فرق کرتے ہیں۔ کیونکہ زکوٰۃ مال کا حق ہے۔ اللہ کی قسم! اگر انہوں نے مجھے بکری کا ایک بچہ بھی نہ دیا جو رسول اللہ ﷺ کو دیا کرتے تھے تو میں وہ نہ دینے پر ان (لوگوں) سے ضرور لڑوں گا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ کہتے تھے: اللہ کی قسم! یہ اسی لئے تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کا سینہ کھول دیا تھا۔ میں سمجھ گیا کہ یہی حق ہے۔