کتاب 3: باب إِثْمِ مَانِعِ الزَّكَاةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1402
(ابوالیمان) حکم بن نافع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعیب (بن ابی حمزہ) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن بن ہرمز اَعرج نے اسے بتایا کہ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: (قیامت کے دن) اونٹ اپنے مالک کے پاس اچھی حالت میں آئیں گے؛ جیسے وہ تھے تو اگر اس نے ان کا وہ حق جو اُن سے متعلق ہے نہ دیا ہوگا تو وہ اس کو اپنے پائوں سے روندیں گے اور بکریاں بھی اپنے مالک کے پاس اچھی حالت میں آئیں گی جیسے وہ تھیں۔ اگر اس نے ان کا وہ حق جو اُن سے متعلق ہے نہ دیا ہوگا تو وہ اپنے کُھروں سے اس کو روندیں گی اور سینگوں سے ماریں گی۔ آپؐ نے فرمایا: بکریوں کا حق یہ بھی ہے کہ پانی پر پہنچ کر اُنہیں دوہا جائے۔ فرمایا: تم میں سے کوئی قیامت کے دن ایسی حالت میں نہ آئے کہ بکری کو اس نے اپنی گردن پر اُٹھایا ہوا ہو اور وہ بھائیں بھائیں کر رہی ہو۔ پھر وہ پکارے: محمد! میں کہوں گا: میں تمہارے لئے کچھ نہیں کرسکتا۔ میں نے تو (پیغامِ حق) پوری طرح پہنچا دیا تھا اور نہ کوئی اپنی گردن پر اونٹ کو اُٹھائے ہوئے آئے کہ وہ بڑبڑ کر رہا ہو اور پھر وہ کہے: محمد! میں کہوں گا: میں تمہارے لئے کچھ نہیں کر سکتا۔ میں نے تو (اللہ کا پیغام) اچھی طرح پہنچا دیا تھا۔
صحیح بخاری 1403
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہاشم بن قاسم نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) عبدالرحمن بن عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوصالح روغن فروش سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کو اللہ تعالیٰ نے مال دیا ہو اور وہ اس کی زکوٰۃ ادا نہ کرے تو قیامت کے دن (اس کا مال) اس گنجے سانپ کی شکل میں پیش کیا جائے گا جس کی آنکھوں پر اُبھرے ہوئے داغ ہوتے ہیں۔ وہ قیامت کے دن اس کے گلے کا ہار ہوگا۔ پھر وہ اس کی دونوں باچھیں پکڑے گا۔ پھر کہے گا: میں تیرا مال ہوں۔ میں تیرا خزانہ ہوں۔ اس کے بعد آپؐ نے یہ آیت پڑھی کہ جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے دیا ہو اور وہ اس میں بُخل کریں تو وہ یہ نہ سمجھیں کہ یہ بُخل ان کے لئے بہتر ہے۔ نہیں بلکہ وہ ان کے لئے بہت ہی بُرا ہے۔ عنقریب قیامت کے دن وہ مال جس سے متعلق انہوں نے بُخل کیا ان کے گلے کا ہار بنایا جائے گا۔