کتاب 15: باب إِذَا تَصَدَّقَ عَلَى ابْنِهِ وَهُوَ لاَ يَشْعُرُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1422
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا (کہا) اسرائیل (بن یونس) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) ابوالجویریہ (حطان بن خفاف) نے ہمیں بتایا۔ حضرت معن بن یزید رضی اللہ عنہ نے ان سے بیان کیا، (کہا:) رسول اللہ ﷺ سے میں نے اور میرے باپ (حضرت یزیدؓ) اور میرے دادا (حضرت اخنس بن حبیبؓ) نے بیعت کی اور آپؐ نے میرا رشتہ تجویز کیا اور نکاح پڑھایا اور میں آپؐ کے پاس ایک مقدمہ لے کر گیا۔ میرے باپ حضرت یزیدؓ نے کچھ اشرفیاں خیرات کرنے کے لئے نکالیں اور مسجد میں ایک آدمی کے پاس رکھ دیں۔ میں اس کے پاس آیا اور میں نے وہ اشرفیاں لے لیں اور اپنے باپ کے پاس لے آیا۔ انہوں نے کہا: اللہ کی قسم! میں تجھے دینا نہیں چاہتا تھا۔ آخر میں نے ان کے خلاف رسول اللہ ﷺ کے پاس یہ قضیہ پیش کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یزید! تیرے لئے وہی ہے جس کی تو نے نیت کی اور معن! تیرے لئے ہے جو تو نے لے لیا۔