کتاب 21: باب التَّحْرِيضِ عَلَى الصَّدَقَةِ وَالشَّفَاعَةِ فِيهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1431
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعبہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) عدی (بن ثابت) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ کہا: نبی ﷺ عید کے دن باہر آئے اور دو رکعتیں پڑھائیں۔ نہ ان سے پہلے نماز پڑھی اور نہ بعد۔ پھر عورتوں کی طرف متوجہ ہوئے اور آپؐ کے ساتھ حضرت بلالؓ تھے۔ آپؐ نے انہیں نصیحت کی اور فرمایا کہ وہ صدقہ دیں تو کوئی عورت اپنا کنگن پھینکنے لگی اور کوئی بالی۔
صحیح بخاری 1432
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابوبردہ بن عبداللہ بن ابی بردہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوبردہ بن ابی موسیٰ نے اپنے باپ (حضرت ابو موسیٰ اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت نقل کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس جب سائل آتا یا آپؐ کے پاس کوئی ضرورت پیش کی جاتی تو آپؐ (لوگوں سے) فرماتے: تم بھی سفارش کرو۔ تمہیں ثواب ملے گا اور اللہ اپنے نبی ﷺ کی زبان سے جتنی چاہے گا؛ حاجت پوری کردے گا۔
صحیح بخاری 1433
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے فاطمہ (بنت منذر) سے، فاطمہ نے بروایت حضرت اسماء رضی اللہ عنہا ہمیں بتایا، کہا: نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا: باندھ کر نہ رکھا کرو۔ (کھولو) ورنہ تم سے روک لیا جائے گا۔ عثمان بن ابی شیبہ نے عبدہ سے روایت کرتے ہوئے یہی حدیث ہم سے بیان کی اور یہ الفاظ کہے: گنتے نہ رہا کرو۔ ورنہ اللہ تعالیٰ بھی تمہیں گن گن کر ہی دے گا۔