کتاب 77: باب صَدَقَةِ الْفِطْرِ عَلَى الْحُرِّ وَالْمَمْلُوكِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1511
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے صدقہ فطر - یا یوں کہا: صدقہ رمضان - مرد اور عورت، آزاد اور غلام پر ایک صاع کھجور یا ایک صاع جَو کا فرض کیا ہے۔ پھر لوگوں نے گیہوں کا آدھا صاع اس کے برابر قرار دیا۔ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کھجور دیا کرتے تھے۔ جب مدینہ والوں کے پاس کھجور کے درخت کم ہو گئے تو وہ جَو دینے لگے اور حضرت ابن عمرؓ چھوٹے اور بڑے کی طرف سے صدقہ فطر دیا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ وہ میرے بیٹوں کی طرف سے بھی دیتے تھے اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما صدقہ ان لوگوں کو دیا کرتے تھے جو اُسے وصول کرتے اور صحابہؓ عید سے ایک یا دو دن پہلے دیا کرتے تھے۔ ابو عبد اللہ (بخاریؒ) نے کہا: میرے بیٹوں سے مراد نافع کے بیٹے ہیں۔ امام بخاریؒ نے کہا: وہ صدقہ اکٹھا ہونے کے لئے دیا کرتے تھے نہ کہ محتاجوں کو۔