کتاب 25: كتاب الحج
صحیح بخاری, حصہ 11
صحیح بخاری 1713
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زیاد بن جبیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما کو دیکھا کہ وہ ایک شخص کے پاس آئے؛ جس نے اپنی قربانی کا اونٹ بٹھایا ہوا تھا کہ اسے ذبح کرے تو انہوں نے کہا کہ اسے کھڑا کرکے ٹانگیں باندھ دو۔ حضرت محمد ﷺ کی یہی سنت ہے۔ اور شعبہ نے یونس سے نقل کیا کہ زیاد نے بھی مجھے یہی خبر دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1714
سہل بن بکار نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعتیں پڑھیں اور ذوالحلیفہ میں عصر کی دو اور وہیں آپؐ نے رات گذاری اور جب صبح ہوئی تو آپؐ اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے اور اھلال و تسبیح کرنے لگے۔ جب بیداء کی گھاٹی پر چڑھے تو آپؐ نے دونوں حج و عمرہ کا لبیک پکارا۔ جب مکہ میں داخل ہوئے تو لوگوں سے فرمایا کہ وہ احرام کھول ڈالیں اور نبی ﷺ نے اپنے ہاتھ سے قربانی کے سات اونٹ ذبح کئے۔ ایسی حالت میں کہ وہ کھڑے تھے اور مدینہ میں دو چتکبرے سینگوں والے مینڈھے اپنے ہاتھ سے ذبح کئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1715
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوقلابہ سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی نماز چار رکعتیں پڑھیں اور ذوالحلیفہ میں عصر کی دو رکعتیں۔ اور انہوں نے ایوب سے اور ایوب نے ایک شخص سے، اس نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ پھر اس کے بعد آپؐ نے (وہیں) رات گذاری۔ جب صبح ہوئی تو صبح کی نماز پڑھی۔ پھر اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے۔ یہاں تک کہ جب وہ بیداء کے مقام میں آپ کو لے کر پہنچی تو آپؐ نے حج اور عمرہ کا لبیک پکارا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1716
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی، کہا: (عبداللہ) بن ابی نجیح نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے مجاہد سے، انہوں نے عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ سے، عبدالرحمن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے بھیجا تو میں قربانی کے اونٹوں کے پاس کھڑا رہا۔ آپؐ نے مجھ سے فرمایا اور میں نے ان کے گوشت تقسیم کر دئیے۔ پھر آپؐ نے مجھے فرمایا تو میں نے ان کی جھولیں اور کھالیں بھی تقسیم کر دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1716a
سفیان نے کہا: اور عبد الکریم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے عبد الرحمان بن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ میں قربانی کے اونٹوں کا انتظام کروں اور قصاب کی مزدوری ان میں سے کچھ نہ دوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1717
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حسن بن مسلم اور عبدالکریم جزری نے مجھے خبر دی۔ مجاہد نے ان دونوں کو بتایا۔ عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ نے ان کو خبر دی کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے ان کو بتایا کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا کہ وہ آپؐ کے قربانی کے اونٹوں کا خیال رکھیں اور اونٹ سب کے سب تقسیم کر دیں۔ یعنی ان کے گوشت ان کی کھالیں اور ان کی جَھولیں اور قصاب کی مزدوری میں کوئی چیز نہ دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1718
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سیف بن ابی سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے مجاہد سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابن ابی لیلیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک سو اونٹوں کی قربانی کی۔ آپؐ نے مجھے ان کے گوشت کی نسبت فرمایا اور میں نے اسے تقسیم کر دیا۔ پھر آپؐ نے مجھ سے ان کی جَھولوں کے لئے فرمایا اور میں نے وہ بھی تقسیم کر دیں۔ پھر ان کی کھالوں سے متعلق فرمایا تو میں نے وہ بھی تقسیم کر دیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1719
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی کہ عطاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: منیٰ میں ہم تین دن سے زیادہ اپنے قربانی کے اونٹ کا گوشت نہیں کھایا کرتے تھے۔ نبی ﷺ نے ہمیں اجازت دی اور فرمایا: کھائو اور بطور زادِ راہ بھی لے لو تو ہم نے کھایا اور بطور زادِ راہ لے لیا۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے عطاء سے کہا: کیا آپؐ نے یہ فرمایا کہ اس وقت تک کھائیں کہ ہم مدینہ میں پہنچیں۔ انہوں نے کہا: نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1720
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: یحيٰ (بن سعید انصاری) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرہ نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتی تھیں کہ میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے سنا۔ وہ کہتی تھیں: ذی القعدہ میں ابھی پانچ دن باقی تھے کہ ہم (مدینہ سے) رسول اللہ ﷺ کے ساتھ نکلے اور ہمارا بھی خیال تھا کہ حج ہوگا۔ جب ہم مکہ کے قریب پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی کا جانور نہیں جب وہ بیت اللہ کا طواف (اور صفا و مروہ کی سعی) کرلے تو احرام کھول کر آزاد ہوجائے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی تھیں کہ قربانی کے دِن ہمارے پاس گائے کا گوشت لایا گیا۔ میں نے کہا کہ یہ کیا ہے؟ تو کہا گیا کہ نبی ﷺ نے اپنی ازواج کی طرف سے قربانی کی ہے۔ یحيٰ نے کہا: میں نے قاسم (بن محمد) سے اس حدیث کا ذکر کیا تو انہوں نے کہا: عمرہ نے یہ حدیث ٹھیک طور پر تم سے بیان کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1721
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ منصور بن زاذان نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے ایک شخص کے متعلق پوچھا گیا؛ جس نے ذبح کرنے وغیرہ سے پہلے سر منڈوایا تو آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ کوئی حرج نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1722
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: رمی سے پہلے میں نے طوافِ زیارت کیا ہے۔ فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے رمی سے پہلے ذبح کر لیا ہے۔ فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اور عبد الرحیم رازی نے ابن خُثَیم سے نقل کیا کہ عطاء نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی اور قاسم بن یحيٰ نے کہا: ابن خُثَیم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے۔ اور عفان (بن مسلم صفار) نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ یہ روایت وہیب سے منقول ہے۔ (انہوں نے کہا:) ابن خُثَیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور حماد نے کہا کہ قیس بن سعد اور عباد بن منصور سے مروی ہے۔ ان دونوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1723
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کسی نے پوچھا، کہا: میں نے بعد مغرب رمی کی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے قربانی کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1724
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عثمان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس اس وقت پہنچا؛ جب آپؐ بطحاء میں تھے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے حج کی نیت کی ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: احرام باندھتے وقت تم نے لبیک میں کیا پکارا تھا۔ میں نے کہا: میں بھی اس پکار کے ساتھ لبیک کہتا ہوں جو رسول اللہ ﷺ کی پکار ہے۔ آپؐ نے فرمایا: خوب کیا۔ بیت اللہ، صفا و مروہ کا طواف کر لو۔ پھر میں بنی قیس کی عورتوں میں سے ایک عورت کے پاس گیا۔ اس نے میرے سر سے جوئیں نکالیں۔ پھر میں نے حج کا احرام باندھا اور میں نے لوگوں کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت تک اسی کا فتویٰ دیا تھا اور میں نے اس کا ان سے ذکر کیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ہم کتاب اللہ پر عمل کریں تو وہ ہمیں حج اور عمرہ پورے کرنے کا حکم دیتی ہے اور اگر ہم رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق عمل کریں تو رسول اللہ ﷺ نے اس وقت تک احرام نہیں کھولا؛ جب تک کہ قربانی اپنی جگہ پر پہنچ گئی۔ (دونوں ایک ہی ہیں۔)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1725
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر سے، حضرت ابن عمر نے حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! لوگوں کو کیا ہوا کہ انہوں نے عمرہ کر کے احرام کھول ڈالا اور آپؐ نے اپنے عمرہ کا ابھی احرام نہیں کھولا؟ تو آپؐ نے فرمایا: میں نے اپنے سر کے بال جما لئے تھے اور قربانی کے جانوروں کے گلے میں ہار ڈال دیا تھا تو میں اس وقت تک احرام نہیں کھولوں گا جب تک کہ ذبح نہ کر لوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1726
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب بن ابی حمزہ نے ہمیں خبر دی۔ نافع نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اپنے حج میں سر منڈوایا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1727
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں پر رحم کر۔ انہوں نے کہا: بال کتروانے والوں پر۔ یا رسول اللہ۔ فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں پر رحم کر۔ انہوں نے کہا: اور بال کتروانے والوں پر بھی یا رسول اللہ۔ فرمایا: اور بال کتروانے والوں پر بھی۔ اور لیث نے کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ (آپؐ نے) رَحِمَ اللّٰہُ الْمُحَلِّقِیْنَ (یعنی اے اللہ سر منڈوانے والوں پر رحم کر) ایک دفعہ یا دو دفعہ فرمایا اور عبیداللہ نے کہا کہ نافع نے مجھ سے بیان کیا کہ آپؐ نے چوتھی بار فرمایا: وَالْمُقَصِّرِیْنَ۔ (یعنی اور بال کتروانے والوں پر بھی)
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1728
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فضیل نے ہمیں بتایا کہ عمارہ بن قعقاع نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوزرعہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں کو بخش۔ صحابہ نے کہا: اور بال کتروانے والوں کو بھی۔ فرمایا: اے اللہ! سر منڈوانے والوں کو بخش۔ انہوں نے کہا: اور بال کتروانے والوں کو بھی۔ آپؐ نے (سر منڈوانے والوں کے لیے) تین بار فرمایا۔ پھر فرمایا: بال کتروانے والوں کو بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1729
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) نے کہا: نبی ﷺ نے اور آپؐ کے صحابہ میں سے ایک گروہ نے سر منڈوایا اور ان میں سے بعض نے بال کتروائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1730
ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے، انہوں نے حسن بن مسلم سے، حسن نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے بال ایک بڑی قینچی سے کترے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1731
محمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ کریب نے مجھے خبر دی۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ مکہ میں تشریف لائے تو آپؐ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا کہ وہ بیت اللہ اور صفا مروہ کا طواف کریں۔ پھر احرام کھول دیں اور سر منڈوائیں یا بال کتروائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah