کتاب 23: باب مَا يَلْبَسُ الْمُحْرِمُ مِنَ الثِّيَابِ وَالأَرْدِيَةِ وَالأُزُرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1545
محمد بن ابی بکر مقدمی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فضیل بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ بن عقبہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: کریب نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مدینہ سے کنگھی کرکے، تیل لگانے، تہ بند اور چادر پہننے کے بعد اپنے صحابہ سمیت چل پڑے تو آپؐ نے چادروں اور تہ بندوں میں سے کوئی کپڑا پہننے سے نہیں روکا۔ مگر ایسے کپڑے نہ ہوں جو زعفران میں رنگے ہوں۔ یعنی وہ جس سے جسم پر زعفران لگے۔ آپؐ ذوالحلیفہ میں صبح تک رہے۔ پھر اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے۔ جب بیداء میں پہنچے تو آپؐ نے اور آپؐ کے صحابہ نے اَللّٰھُمَّ لَبَّیْک کہا اور اپنی قربانی والے اونٹ کے گلے میں ہار ڈالا اور اس وقت ذی القعدہ مہینے کے پانچ دن باقی تھے۔ آپؐ مکے میں جب ذوالحج کے چار دن گزر گئے تھے؛ پہنچے۔ آپؐ نے بیت اللہ کا طواف کیا اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کی اور چونکہ قربانی کے اونٹ آپؐ کے ساتھ تھے اور آپؐ نے ان کے گلے میں ہار ڈالے تھے۔ اس لئے آپؐ نے احرام نہیں کھولا۔ اس کے بعد مکہ کے بالائی حصہ میں حَجُون پہاڑ کے نزدیک اُترے اور آپؐ حج کا احرام باندھے تھے اور طواف کرنے کے بعد کعبہ کے قریب نہیں گئے؛ جب تک کہ عرفہ سے نہیں لوٹے اور آپؐ نے صحابہ سے فرمایا کہ بیت اللہ کا اور صفا و مروہ کے درمیان طواف کریں اور اس کے بعد اپنے بال کتروائیں اور پھر احرام کھول دیں۔ یہ حکم اس کے لئے تھا جس کے ساتھ قربانی کا اونٹ نہ تھا جسے ہار پہنایا گیا ہو۔ جس کے ساتھ بیوی ہو تو وہ اس کے لیے حلال تھی اور خوشبو لگانا اور کپڑے پہننا بھی۔