کتاب 24: باب مَنْ بَاتَ بِذِي الْحُلَيْفَةِ حَتَّى أَصْبَحَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1546
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھ سے بیان کیا، (کہا:) ہشام بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) محمد بن منکدر نے ہمیں بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے مدینہ میں چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں دو رکعت۔ پھر آپؐ رات وہیں رہے۔ یہاں تک کہ آپؐ کو صبح وہیں ہوئی۔ جب آپؐ اپنی اونٹنی پر سوار ہوئے اور وہ آپؐ کو لے کر سیدھی کھڑی ہوگئی تو آپؐ نے اَللّٰہُمَّ لَبَّیْک پکارا۔
صحیح بخاری 1547
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سنحتیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ میں ظہر کی چار رکعت نماز پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کی نماز دو رکعت۔ ابوقلابہ نے کہا: اور میرا خیال ہے آپ رات وہیں ٹھہرے۔ یہاں تک کہ صبح ہوگئی۔