کتاب 29: باب الإِهْلاَلِ مُسْتَقْبِلَ الْقِبْلَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1553
(اور) ابو معمر نے کہا: ہم سے عبدالوارث نے بیان کیا، (کہا:) ایوب (سنحتیانی) نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما جب ذوالحلیفہ میں صبح کی نماز پڑھتے تو وہ اپنی اونٹنی کو تیار کرنے کا حکم دیتے۔ چنانچہ اس پر پالان رکھا جاتا۔ پھر وہ سوار ہوتے اور جب اونٹنی اُن کو لے کر سیدھی کھڑی ہو جاتی تو وہ قبلہ کی طرف منہ کرتے۔ پھر لبیک کہتے۔ یہاں تک کہ حرم میں پہنچ جاتے۔ پھر رُک جاتے۔ یہاں تک کہ جب ذی طواء میں آتے؛ رات کو ٹھہرتے یہاں تک کہ صبح ہو جاتی۔ جب صبح کی نماز پڑھ چکتے تو آپؐ نہاتے اور کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے بھی ایسا ہی کیا۔ عبدالوارث کی طرح اسماعیل نے بھی ایوب سے نہانے سے متعلق یہی روایت نقل کی ہے۔
صحیح بخاری 1554
سلیمان بن دائود ابوربیع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) فلیح (بن سلیمان) نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے۔ وہ کہتے تھے: (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما جب مکے کو جانا چاہتے تو وہ بالوں کو تیل لگاتے؛ جس میں معمولی خوشبو ہوتی۔ پھر ذوالحلیفہ کی مسجد میں آتے اور نماز پڑھتے۔ پھر سوار ہوتے اور جب اُن کی اونٹنی اُن کو لے کر سیدھی کھڑی ہو جاتی تو احرام باندھتے۔ پھر کہتے: میں نے نبی ﷺ کو اِسی طرح کرتے دیکھا ہے۔