کتاب 31: باب كَيْفَ تُهِلُّ الْحَائِضُ وَالنُّفَسَاءُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1556
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: ہم نبی ﷺ کے ساتھ حجۃ الوداع کے لئے نکلے اور ہم نے عمرہ کا احرام باندھا۔ پھر نبی ﷺ نے فرمایا: جن لوگوں کے ساتھ قربانی ہو تو وہ حج کا مع عمرہ احرام باندھیں۔ پھر اس وقت تک احرام نہ کھولیں جب تک کہ وہ ان دونوں سے فارغ نہ ہو جائیں۔ چنانچہ میں مکہ میں پہنچی اور میں حائضہ تھی اور میں نے بیت اللہ کا طواف نہیں کیا تھا اور نہ صفا و مروہ کے درمیان سعی کی تھی۔ میں نے نبی ﷺ کے پاس اس کی شکایت کی تو آپؐ نے فرمایا: اپنا سر کھول دو اور کنگھی کر لو اور حج کا احرام باندھو اور عمرہ کو رہنے دو۔ چنانچہ میں نے ایسا ہی کیا۔ جب ہم حج کر چکے تو نبی ﷺ نے مجھے عبدالرحمن بن ابی بکرؓ کے ساتھ تنعیم کی طرف بھیجا۔ میں نے وہاں سے عمرہ کیا اور آپؐ نے فرمایا: یہ عمرہ تمہارے اس عمرہ کے بدلے میں ہے۔ کہتی تھیں کہ جن لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا تھا، انہوں نے بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کیا اور پھر احرام کو کھول ڈالا۔ پھر منیٰ سے لوٹنے کے بعد انہوں نے ایک اور طواف کیا اور جنہوں نے حج اور عمرہ اکٹھا کیا تھا تو انہوں نے صرف ایک ہی طواف کیا۔