کتاب 37: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {ذَلِكَ لِمَنْ لَمْ يَكُنْ أَهْلُهُ حَاضِرِي الْمَسْجِدِ الْحَرَامِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1572
ابو کامل فضیل بن حسین بصری نے کہا: ابو معشر (یوسف بن یزید برائ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عثمان بن غیاث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ان سے حج میں تمتع کرنے کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیا: مہاجرین اور انصار اور نبی ﷺ کی ازواج نے حجۃ الوداع میں احرام باندھا اور ہم نے بھی احرام باندھا۔ جب ہم مکے میں پہنچے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے اس حج کا احرام عمرہ میں بدل دو؛ سوائے ان کے جنہوں نے قربانی کے گلے میں ہار ڈالا ہو۔ ہم نے بیت اللہ کا اور صفا و مروہ کے درمیان طواف کیا۔ پھر ہم نے اپنی عورتوں سے مباشرت بھی کی اور سلے کپڑے پہنے۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے قربانی کے گلے میں ہار ڈالا ہو؛ اس کے لئے یہ باتیں جائز نہیں جب تک کہ قربانی ذبح نہ ہو لے۔ پھر آپؐ نے ہمیں ذوالحج کی آٹھویں تاریخ کی شام کو حکم دیا کہ ہم حج کا احرام باندھیں اور جب ہم حج کی عبادتوں سے فارغ ہوئے تو ہم (مکے میں) آئے اور بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کیا کیونکہ ہمارا حج پورے طور پر ادا ہو چکا تھا اور ہم پر قربانی واجب ہو گئی کیونکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: جو قربانی میسر ہو، وہ کرے اور جو نہ پائے تو وہ تین روزے حج کے دنوں میں رکھے اور (پھر) سات روزے رکھو جب تم اپنے شہروں کو لوٹو۔ ایک بکری بھی قربانی میں کافی ہے۔ چنانچہ صحابہ نے ایک ہی سال میں دونوں عبادتیں جمع کیں یعنی حج اور عمرہ۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے اس کی اجازت اپنی کتاب میں نازل فرمائی ہے اور نبی ﷺ نے اس کو عملاً جاری فرمایا اور ان لوگوں کے لئے جو مکے کے رہنے والے نہیں؛ تمتع جائز قرار دیا۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: یہ اجازت ان لوگوں کے لئے ہے جن کے اہل بیت مسجدِ حرام کے باشندے نہ ہوں اور حج کے مہینے جن کا ذکر اللہ تعالیٰ نے اپنی کتاب میں فرمایا ہے؛ یہ ہیں: شوال، ذیقعدہ اور ذوالحج۔ اور جس نے ان مہینوں میں تمتع کیا تو اس کے لئے قربانی دینا یا روزہ رکھنا لازم ہے۔ اور رَفَث کے معنی جماع اور فُسُوْق کے معنی احکامِ الٰہی کی نافرمانی اور جِدَال کے معنی جھگڑا۔