کتاب 42: باب فَضْلِ مَكَّةَ وَبُنْيَانِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1582
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوعاصم (نبیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: عمرو بن دینار نے مجھے بتایا انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب کعبہ دوبارہ بننا شروع ہوا تو نبی ﷺ اور حضرت عباسؓ گئے کہ پتھر ڈھوئیں۔ حضرت عباسؓ نے نبی ﷺ سے کہا: اپنا تہ بند اپنے کندھے پر رکھ لو۔ (آپؐ نے ایسا ہی کیا) اور آپؐ زمین پر بے ہوش ہو کر گر پڑے اور آپؐ کی آنکھیں آسمان کی طرف لگ گئیں۔ آپؐ نے فرمایا: میرا تہ بند مجھے دکھانا۔ آپؐ نے اسے مضبوط باندھ لیا۔
صحیح بخاری 1583
عبد اللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی کہ عبداللہ بن محمد بن ابی بکر نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو بتایا کہ نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ سے مروی ہے رضی اللہ عنہم کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہؓ سے کہا: کیا تم نے نہیں دیکھا کہ تمہاری قوم نے جب کعبہ بنایا تو اس نے حضرت ابراہیمؑ کی بنیادوں سے چھوٹا رکھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ حضرت ابراہیمؑ کی بنیادوں پر اس کو کیوں نہیں لوٹا دیتے؟ آپؐ نے فرمایا: اگر تمہاری قوم کفر سے نئی نئی نہ نکلی ہوتی تو میں ضرور ایسا کرتا۔ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ نے کہا: اگر حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے رسول اللہ ﷺ سے یہ سنا تھا تو میں سمجھتا ہوں کہ رسول اللہ ﷺ نے ان دونوں رکنوں کا چومنا جو کہ حطیم کے قریب ہیں اسی لئے ترک کر دیا کہ بیت اللہ حضرت ابراہیمؑ کی بنیادوں پر پورے طور پر نہیں بنایا گیا تھا۔
صحیح بخاری 1584
مسدد نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابوالاحوص (سلام بن سلیم حنفی) نے ہم سے بیان کیا کہ اشعث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن یزید سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے (حطیم کی) دیوار کے متعلق پوچھا کہ کیا وہ بیت اللہ کا (حصہ) ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ میں نے کہا: پھر ان کو کیا ہوا کہ انہوں نے اسے بیت اللہ میں داخل نہیں کیا؟ آپؐ نے فرمایا: تمہاری قوم کے پاس اخراجات کم ہو گئے تھے۔ میں نے پوچھا: پھر اس کا یہ دروازہ کیوں اونچا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: تمہاری قوم نے یہ اس لئے کیا کہ وہ جسے چاہیں اندر لے جائیں اور جس کو چاہیں روک دیں اور اگر تمہاری قوم جاہلیت سے قریب زمانہ کی نہ ہوتی جس سے مجھے اندیشہ ہے کہ ان کے دل بُرا مانیں گے کہ میں حطیم کو بیت اللہ میں شامل کروں اور بیت اللہ کے دروازہ کو زمین سے ملا دوں (تو ایسا کردیتا۔)
صحیح بخاری 1585
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: رسول اللہ ﷺ نے مجھے فرمایا: اگر تمہاری قوم کفر سے قریب زمانہ کی نہ ہوتی تو میں اس گھر کو گرا دیتا اور پھر اسے حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بنیادوں پر بناتا۔ کیونکہ قریش نے اس کی عمارت کو چھوٹا کر دیا ہے اور میں اس میں ایک دوسرا (دروازہ پہلے دروازے کے) مقابل میں بنا دیتا۔ (اور) ابو معاویہ کہتے تھے: ہشام نے خلف ہی کا لفظ ہم سے بیان کیا۔ اس سے ان کی مراد دروازہ ہے۔
صحیح بخاری 1586
بیان بن عمرو نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید (بن ہارون) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) یزید بن رومان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: عائشہ! اگر تمہاری قوم جاہلیت سے قریب زمانہ کی نہ ہوتی تو میں بیت اللہ کی نسبت حکم دیتا اور وہ گرایا جاتا۔ پھر اس میں مَیں وہ حصہ جو اس سے خارج کیا گیا تھا شامل کر دیتا اور اس (کی بنیاد) کو زمین سے ملا دیتا اور اس میں دو دروازے رکھتا ایک شرقی اور ایک غربی۔ اور ابراہیمیؑ بنیاد تک اس کو لے جاتا۔ اس بات نے (حضرت عبداللہ) بن زبیر رضی اللہ عنہما کو بیت اللہ کے گرانے پر آمادہ کیا۔ یزید کہتے تھے: میں حضرت ابن زبیرؓ کے پاس موجود تھا؛ جب انہوں نے اس کو گرایا اور بنایا اور اس میں حطیم کو داخل کیا اور میں نے ابراہیمیؑ بنیاد کے پتھر بھی دیکھے جو اونٹوں کے کوہانوں جتنے تھے۔ جریر کہتے تھے کہ میں نے (یزید بن ہارون سے) پوچھا کہ ابراہیمیؑ بنیاد کی جگہ کہاں ہے؟ تو انہوں نے کہا: میں ابھی تم کو دکھائے دیتا ہوں۔ چنانچہ میں ان کے ساتھ حطیم میں داخل ہوا تو انہوں نے ایک جگہ کی طرف اشارہ کیا اور کہا: یہاں ہے۔ جریر کہتے تھے: میں نے حطیم کا چھ ہاتھ یا اس کے قریب اندازہ کیا۔