کتاب 44: باب تَوْرِيثِ دُورِ مَكَّةَ وَبَيْعِهَا وَشِرَائِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1588
اصبغ (بن فرج) نے ہم سے بیان کیا، کہا: (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے علی بن حسین سے، انہوں نے عمرو بن عثمان سے، عمرو نے حضرت اُسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ مکہ کے اپنے محلہ میں کہاں اُتریں گے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا عقیل نے ہمارے لئے کوئی محلہ یا مکان چھوڑا ہے اور عقیل اور طالب (اپنے باپ) ابوطالب کے وارث ہوئے تھے اور حضرت جعفر اور حضرت علی رضی اللہ عنہما نے ان سے وراثت میں کچھ نہیں لیا تھا۔ کیونکہ وہ دونوں مسلمان تھے اور عقیل اور طالب کافر۔ اس لئے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کہتے تھے کہ مومن کافر کا وارث نہیں ہوتا۔ ابن شہاب نے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ کے اس قول سے استدلال کرتے تھے: جو ایمان لائے ہیں اور ہجرت کی ہے اور انہوں نے اپنے مالوں اور جانوں کے ساتھ اللہ کی راہ میں جہاد کیا ہے اور وہ لوگ جنہوں نے مہاجرین کو جگہ دی اور ان کی مدد کی؛ وہی ایک دوسرے کے وارث ہوں گے۔