کتاب 47: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {جَعَلَ اللَّهُ الْكَعْبَةَ الْبَيْتَ الْحَرَامَ قِيَامًا لِلنَّاسِ وَالشَّهْرَ الْحَرَامَ وَالْهَدْيَ وَالْقَلاَئِدَ ذَلِكَ لِتَعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ يَعْلَمُ مَا فِي السَّمَوَاتِ وَمَا فِي الأَرْضِ وَأَنَّ اللَّهَ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1591
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) زیاد بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہریؒ سے، زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کعبہ کو حبشیوں میں سے چھوٹی پنڈلیوں والا ویران کرے گا۔
صحیح بخاری 1592
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے روایت کی۔ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ اور محمد بن مقاتل نے مجھ سے بیان کیا، کہا: عبداللہ جو مبارک کے بیٹے ہیں؛ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: محمد بن ابی حفصہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: رمضان فرض کئے جانے سے پہلے لوگ عاشورہ (دسویں محرم) کو روزہ رکھا کرتے تھے اور یہ وہ دن تھا جس میں کعبہ کو پردہ پہنایا جاتا۔ جب اللہ تعالیٰ نے رمضان (میں روزے) فرض کئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو عاشورہ کا روزہ رکھنا چاہے وہ روزہ رکھے اور جو چھوڑنا چاہے وہ چھوڑ دے۔
صحیح بخاری 1593
احمد (بن حفص) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہیم (بن طہمان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حجاج بن حجاج (اسلمی) سے، حجاج نے قتادہ سے، قتادہ نے عبداللہ بن ابی عتبہ سے، عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: یاجوج ماجوج کے نکلنے کے بعد بھی بیت اللہ کا حج ہوتا رہے گا اور عمرہ بھی ہوتا رہے گا۔ حجاج بن حجاج کی طرح یہی حدیث ابان اور عمران نے بھی قتادہ سے روایت کی اور عبدالرحمن نے کہا: شعبہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: وہ ساعت اس وقت آئے گی جب بیت اللہ کا حج نہیں کیا جائے گا۔ {ابوعبداللہ نے کہا: }پہلی روایت زیادہ مشہور ہے۔ قتادہ نے عبداللہ (بن ابی عتبہ) سے اور عبداللہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے سنا۔