کتاب 60: باب تَقْبِيلِ الْحَجَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1610
احمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا۔ یزید بن ہارون نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں ورقاء نے بتایا۔ زید بن اسلم نے ہمیں خبر دی کہ ان کے باپ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کو دیکھا کہ انہوں نے حجرِ اسود کو بوسہ دیا اور کہا: اگر میں نے رسول اللہ ﷺ کو نہ دیکھا ہوتا کہ آپؐ نے تجھے چوما ہے تو میں کبھی تجھے نہ چومتا۔
صحیح بخاری 1611
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ زبیر بن عربی سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ایک شخص نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے حجرِ اسود کو چومنے کی بابت پوچھا تو انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو اسے (ہاتھ سے) چھوتے اور چومتے دیکھا ہے۔ اس نے کہا کہ میں نے پوچھا: بھلا بتائیں اگر مَیں ہجوم میں ہوں اور بے بس ہو جائوں؟ تو انہوں نے کہا: یہ اگر مگر یمن میں رکھو۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کو اسے چھوتے اور چومتے دیکھا ہے۔{ (اور) محمد بن یوسف فربری نے کہا: میں نے ابوجعفر (بن ابی حاتم) کی کتاب میں (یہ لکھا ہوا) دیکھا۔ ابو عبداللہ نے کہا کہ زبیر بن عدی کوفہ کے رہنے والے ہیں اور زبیر بن عربی بصرہ کے رہنے والے۔ }