کتاب 64: باب طَوَافِ النِّسَاءِ مَعَ الرِّجَالِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1618
اور عمرو بن علی نے (مجھ سے) کہا: ابوعاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے کہا: عطاء نے مجھے بتایا۔ جب ابن ہشام نے عورتوں کو مردوں کے ساتھ طواف کرنے سے منع کیا تو عطاء نے کہا: تم ان کو کیسے منع کرتے ہو بحالیکہ نبی ﷺ کی ازواج نے بھی مردوں کے ساتھ طواف کیا۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے پوچھا: حجاب کے بعد یا پہلے؟ تو انہوں نے کہا: ہاں مجھے اپنے عقیدہ کی قسم! حجاب کے بعد میں نے یہ طواف کرتے پایا۔ (ابن جریج) کہتے تھے: میں نے کہا: عورتیں مردوں سے کیسے مل جل جاتی تھیں؟ انہوں نے کہا: عورتیں ملتی جلتی نہ تھیں۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا لوگوں سے ایک طرف جدا طواف کرتیں۔ ان سے ملا جلا نہیں کرتی تھیں۔ ایک عورت نے ان سے کہا: ام المؤمنین! چلیں حجرِ اسود چومیں۔ انہوں نے کہا: خود جاؤ اور انکار کیا۔ عورتیں رات کو اپنی ہیئت بدل کر نکلتیں اور مردوں کے ساتھ طواف کرتیں۔ البتہ جب بیت اللہ میں داخل ہوتیں تو داخل ہوتے وقت ٹھہر جاتیں اور مرد باہر کر دئیے جاتے۔ میں اور عبید بن عمیر حضرت عائشہؓ کے پاس آیا کرتے اور وہ ثبیر پہاڑ کے میدان میں ٹھہری تھیں۔ میں نے کہا: (ابن جریج کہتے تھے میں نے پوچھا:) ان کا پردہ کیسا تھا؟ تو انہوں نے کہا: وہ ایک ترکی خیمہ میں تھیں جس کا ایک پردہ تھا۔ ہمارے اور ان کے درمیان اس کے سوا اور کچھ نہیں تھا اور میں نے دیکھا کہ وہ ایک گلابی قمیص پہنے ہوئے تھیں۔
صحیح بخاری 1619
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن عبدالرحمن بن نوفل سے، انہوں نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ سے، حضرت زینبؓ نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے شکایت کی کہ میں بیمار ہوں تو آپؐ نے فرمایا: سوار ہو کر لوگوں کے پیچھے پیچھے طواف کر لو۔ میں نے (لوگوں کے پیچھے) طواف کیا اور رسول اللہ ﷺ اس وقت بیت اللہ کے پہلو میں نماز ادا کر رہے تھے اور آپؐ سورۃ ’’وَالطُّوْرِ وَکِتَابٍ مَّسْطُوْرٍ‘‘ تلاوت فرما رہے تھے۔