کتاب 73: باب الطَّوَافِ بَعْدَ الصُّبْحِ وَالْعَصْرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1628
حسن بن عمر بصری نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حبیب سے، حبیب نے عطاء سے، عطاء نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ کچھ لوگوں نے صبح کی نماز کے بعد بیت اللہ کا طواف کیا۔ پھر اس کے بعد واعظ کے پاس جا بیٹھے۔ پھر جب سورج نکلنے لگا تو اُٹھ کر نماز (دوگانہ طواف) پڑھنے لگے۔ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا کہ وہ بیٹھے رہے۔ یہاں تک کہ جب وہ گھڑی ہوئی جس میں نماز مکروہ ہے؛ اُٹھ کر نماز پڑھنے لگے۔
صحیح بخاری 1629
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو ضمرہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) موسیٰ بن عقبہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو سورج کے نکلنے اور غروب ہونے کے وقت نماز سے منع کرتے ہوئے سنا ہے۔
صحیح بخاری 1630
حسن بن محمد (صباح) جو زعفرانی ہیں ؛ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبیدہ بن حمید نے ہمیں بتایا (کہا:) عبدالعزیز بن رفیع نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کو صبح کی نماز کے بعد طواف کرتے دیکھا اور دو رکعت نماز پڑھتے دیکھا۔
صحیح بخاری 1631
عبدالعزیز نے کہا: اور میں نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ کو عصر کی نماز کے بعد دو رکعت پڑھتے دیکھا اور وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے ان سے بیان کیا کہ نبی ﷺ ان کے گھر میں جب بھی آتے تو آپؐ یہ دو رکعتیں ضرور پڑھتے۔