کتاب 78: باب الطَّوَافِ عَلَى وُضُوءٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1641
احمد بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) (عبداللہ) ابن وہب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمرو بن حارث نے مجھے بتایا کہ محمد بن عبدالرحمن بن نوفل قریشی سے مروی ہے کہ انہوں نے عروہ بن زبیر سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے بھی حج کیا اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھے بتایا کہ جب آپؐ (مکہ میں) آئے تو سب سے پہلی بات جس سے آپؐ نے حج شروع کیا وہ یہ تھی کہ آپؐ نے وضو کیا۔ پھر بیت اللہ کا طواف کیا۔ آپؐ کا حج عمرہ نہیں ہوا۔ پھر حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے حج کیا اور بیت اللہ کا طواف پہلا کام تھا جس سے انہوں نے حج شروع کیا اور ان کا حج عمرہ نہیں ہوا۔ ان کے بعد حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے ایسا ہی کیا۔ ان کے بعد حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے بھی حج کیا تو میں نے ان کو دیکھا کہ پہلا کام جس سے انہوں نے حج شروع کیا وہ بیت اللہ کا طواف تھا۔ پھر ان کا حج بھی عمرہ نہ ہوا۔ پھر ان کے بعد حضرت معاویہ ؓ اور حضرت عبداللہ بن عمر ؓ نے بھی (حج کیا)۔ پھر میں نے (اپنے باپ) حضرت زبیر بن عوام ؓ کے ساتھ حج کیا تو پہلا کام جس سے انہوں نے حج شروع کیا بیت اللہ کا طواف تھا۔ پھر ان کا بھی حج عمرہ نہ ہوا۔ پھر میں نے مہاجرین و انصار کو بھی یہی کرتے دیکھا۔ پھر ان کا بھی حج عمرہ نہیں ہوا۔ پھر سب سے آخر جس کو میں نے یہی کرتے دیکھا؛ حضرت ابن عمر ؓ تھے۔ پھر انہوں نے بھی حج کی نیت توڑ کر اسے عمرہ نہیں کیا اور حضرت ابن عمر ؓ اِن میں موجود ہیں۔ ان سے کیوں نہیں پوچھ لیتے اور جتنے بھی لوگ گزرے ہیں ان میں سے ایک بھی نہیں جس نے ایسا کیا ہو۔ وہ جونہی اپنا قدم مکہ میں رکھتے بیت اللہ کا طواف کرتے اور اس کے بعد احرام نہیں کھولتے تھے اور میں نے اپنی ماں (حضرت اسماء ؓ) اور اپنی خالہ (حضرت عائشہ ؓ) کو بھی دیکھا کہ جب وہ مکہ میں آتیں تو پہلے کوئی کام نہ کرتیں، بیت اللہ کا طواف کرتیں۔ پھر وہ احرام نہ کھولتیں۔
صحیح بخاری 1642
میری ماں نے مجھے بتایا کہ ان کی بہن (حضرت عائشہؓ) اور حضرت زبیرؓ اور فلاں فلاں لوگوں نے عمرہ کا احرام باندھا۔ جب انہوں نے حجرِ اسود کا مسح کیا تو اس وقت انہوں نے احرام کھولا۔