باب 93: باب النُّزُولِ بَيْنَ عَرَفَةَ وَجَمْعٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1667
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے موسیٰ بن عقبہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے، کریب نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب عرفات سے لوٹے تو آپؐ ایک گھاٹی کے نشیب میں مڑے اور وہاں آپؐ حاجت سے فارغ ہوئے اور وضو کیا تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نماز پڑھیں گے؟ تو آپؐ نے فرمایا: نماز آگے چل کر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1668
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ جویریہ نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما مزدلفہ میں آکر مغرب و عشاء جمع کیا کرتے تھے۔ لیکن وہ اس گھاٹی سے گذرتے جس گھاٹی کی سمت رسول اللہ ﷺ نے بھی اختیار کی۔ حضرت عبداللہؓ وہاں جاتے اور حاجت سے فارغ ہوتے اور وضو کرتے اور نماز وہاں نہ پڑھتے۔ مزدلفہ میں آکر پڑھتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1669
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا۔ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن ابی حرملہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب سے، کریب نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں عرفات سے رسول اللہ ﷺ کے پیچھے سواری پر بیٹھا۔ جب رسول اللہ ﷺ بائیں گھاٹی پر پہنچے جو کہ مزدلفہ سے ورے ہے تو آپؐ نے اپنا اونٹ بٹھایا اور پیشاب کیا۔ پھر آپؐ آئے تو میں نے آپؐ پر وضو کا پانی ڈالا۔ آپؐ نے ہلکا سا وضو کیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! نماز ہوگی؟ فرمایا: نماز آگے چل کر۔ رسول اللہ ﷺ سوار ہوئے؛ یہاں تک کہ مزدلفہ پہنچے اور وہاں نماز پڑھی۔ پھر مزدلفہ کی صبح (دسویں ذوالحجہ) حضرت فضل (بن عباسؓ) آپؐ کے پیچھے سواری پر بیٹھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 1670
کریب نے کہا: حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے حضرت فضل ؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ برابر لبیک کہتے رہے۔ یہاں تک کہ آپؐ جمرہ پر پہنچے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah