کتاب 107: باب فَتْلِ الْقَلاَئِدِ لِلْبُدْنِ وَالْبَقَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1697
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے عرض کی۔ یا رسول اللہ! لوگوں کا یہ کیا حال ہے کہ انہوں نے احرام کھول دئیے ہیں۔ جبکہ آپؐ نے احرام نہیں کھولا؟ آپؐ نے فرمایا: میں نے اپنے سر کے بال جما لئے تھے اور اپنے قربانی کے جانوروں کو ہار پہنا لئے تھے تو میں احرام نہیں کھولوں گا جب تک کہ میں حج سے فارغ نہ ہو جائوں۔
صحیح بخاری 1698
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عروہ سے اور عمرہ بنت عبدالرحمن سے روایت کی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے کہا: رسول اللہ ﷺ مدینہ سے قربانی کے جانور روانہ کیا کرتے تھے اور میں آپؐ کی قربانی والے جانوروں کے لئے ہار بٹا کرتی تھی۔ پھر آپؐ کسی بات سے پرہیز نہیں کیا کرتے تھے جس سے احرام والا پرہیز کیا کرتا ہے۔