کتاب 114: باب مَنِ اشْتَرَى هَدْيَهُ مِنَ الطَّرِيقِ وَقَلَّدَهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1708
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا۔ ابوضمرہ نے ہمیں بتایا۔ موسیٰ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا۔ نافع سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے حضرت ابن زبیر رضی اللہ عنہما کے زمانہ خلافت میں اس سال حج کا ارادہ کیا جس میں خارجیوں نے بھی حج کیا تھا۔ آپؓ سے کہا گیا کہ لوگوں کے درمیان لڑائی ہوگی اور ہمیں ڈر ہے، آپؓ روک نہ دئے جائیں تو انہوں نے یہ آیت پڑھی کہ رسول اللہؐ میں تمہارے لئے نیک نمونہ ہے۔ اور میں تو ویسا ہی کروں گا جیسا کہ آنحضرت ﷺ نے کیا تھا۔ میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے اپنے نفس پر عمرہ بھی واجب کرلیا ہے۔ جب وہ بیداء کے کھلے میدان میں پہنچے تو انہوں نے کہا : حج اور عمرہ کی بات ایک ہی ہے۔ میں تمہیں گواہ ٹھہرتا ہوں کہ میں نے عمرہ کے ساتھ حج کی نیت بھی کرلی ہے اور قربانی کا جانور بھی ان کے ساتھ تھا۔ جس کے گلے میں ہار پڑا ہوا تھا جو انہوں نے ( راستہ میں) خریدا تھا۔ یہاں تک کہ جب بیت اللہ پہنچے تو بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کیا۔ اس سے زیادہ اور کچھ نہیں کیا اور قربانی کے دن تک احرام کھول کر کسی بات سے آزاد نہیں ہوئے جو حج میں ممنوع تھی۔ قربانی کے دن آپؓ نے سر منڈایا اور قربانی کا جانور ذبح کیا اور سمجھے کہ وہ پہلے طواف ہی کے ساتھ حج اور عمرہ دونوں کا طواف کر چکے ہیں۔ پھر کہا: اسی طرح نبیؐ ﷺ نے بھی کیا تھا۔