کتاب 125: باب الذَّبْحِ قَبْلَ الْحَلْقِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1721
محمد بن عبداللہ بن حوشب نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ منصور بن زاذان نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عطاء (بن ابی رباح) سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے ایک شخص کے متعلق پوچھا گیا؛ جس نے ذبح کرنے وغیرہ سے پہلے سر منڈوایا تو آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ کوئی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 1722
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبکر (بن عیاش) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبدالعزیز بن رُفیع سے، عبدالعزیز نے عطاء سے، عطاء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی ﷺ سے کہا: رمی سے پہلے میں نے طوافِ زیارت کیا ہے۔ فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے رمی سے پہلے ذبح کر لیا ہے۔ فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اور عبد الرحیم رازی نے ابن خُثَیم سے نقل کیا کہ عطاء نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی اور قاسم بن یحيٰ نے کہا: ابن خُثَیم نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے۔ اور عفان (بن مسلم صفار) نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ یہ روایت وہیب سے منقول ہے۔ (انہوں نے کہا:) ابن خُثَیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور حماد نے کہا کہ قیس بن سعد اور عباد بن منصور سے مروی ہے۔ ان دونوں نے عطاء سے، انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 1723
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالاعلیٰ نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے کسی نے پوچھا، کہا: میں نے بعد مغرب رمی کی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔ اس نے کہا: میں نے قربانی کرنے سے پہلے سر منڈوا لیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 1724
عبدان نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے باپ (عثمان) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس اس وقت پہنچا؛ جب آپؐ بطحاء میں تھے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم نے حج کی نیت کی ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: احرام باندھتے وقت تم نے لبیک میں کیا پکارا تھا۔ میں نے کہا: میں بھی اس پکار کے ساتھ لبیک کہتا ہوں جو رسول اللہ ﷺ کی پکار ہے۔ آپؐ نے فرمایا: خوب کیا۔ بیت اللہ، صفا و مروہ کا طواف کر لو۔ پھر میں بنی قیس کی عورتوں میں سے ایک عورت کے پاس گیا۔ اس نے میرے سر سے جوئیں نکالیں۔ پھر میں نے حج کا احرام باندھا اور میں نے لوگوں کو حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی خلافت تک اسی کا فتویٰ دیا تھا اور میں نے اس کا ان سے ذکر کیا تو انہوں نے کہا کہ اگر ہم کتاب اللہ پر عمل کریں تو وہ ہمیں حج اور عمرہ پورے کرنے کا حکم دیتی ہے اور اگر ہم رسول اللہ ﷺ کی سنت کے مطابق عمل کریں تو رسول اللہ ﷺ نے اس وقت تک احرام نہیں کھولا؛ جب تک کہ قربانی اپنی جگہ پر پہنچ گئی۔ (دونوں ایک ہی ہیں۔)