کتاب 130: باب إِذَا رَمَى بَعْدَ مَا أَمْسَى أَوْ حَلَقَ قَبْلَ أَنْ يَذْبَحَ نَاسِيًا أَوْ جَاهِلاً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1734
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن طائوس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ سے ذبح کرنے، سر منڈانے، رمی اور ان میں سے کسی بات کو آگے پیچھے کرنے کے بارے میں دریافت کیا گیا تو آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 1735
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا۔ خالد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے قربانی کے دن منیٰ میں مسئلے پوچھے جاتے تو آپؐ فرماتے: کوئی حرج نہیں۔ چنانچہ ایک شخص نے آپؐ سے دریافت کیا۔ کہا: میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈا لیا ہے۔ فرمایا: ذبح کر لے کوئی حرج نہیں اور انہوں نے کہا: شام ہو جانے کے بعد میں نے رمی کی۔ تو آپؐ نے فرمایا: کوئی حرج نہیں۔