کتاب 131: باب الْفُتْيَا عَلَى الدَّابَّةِ عِنْدَ الْجَمْرَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1736
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے۔ انہوں نے عیسٰی بن طلحہ سے، عیسٰی نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے حجۃ الوداع میں وقوف کیا تو وہ آپؐ سے مسئلے پوچھنے لگے۔ ایک شخص نے کہا: مجھے معلوم نہ تھا اور میں نے ذبح کرنے سے پہلے سر منڈا لیا ہے۔ فرمایا: ذبح کر لے، کوئی حرج نہیں۔ ایک اور شخص آیا۔ اس نے کہا: مجھے معلوم نہ تھا۔ میں نے رمی سے پہلے ذبح کر لیا ہے۔ فرمایا: رمی کر لے، کوئی حرج نہیں۔ اس دن کسی امر کی تقدیم و تاخیر کے متعلق آپؐ سے جب بھی دریافت کیا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ایسا کر لو، کوئی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 1737
سعید بن یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عیسٰی بن طلحہ سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے (عیسیٰ بن طلحہ) سے بیان کیا کہ وہ موجود تھے؛ جب نبی ﷺ نے قربانی کے دن لوگوں سے خطاب فرمایا تھا۔ ایک شخص اُٹھ کر آپؐ کی طرف گیا اور کہنے لگا: میں سمجھتا تھا کہ فلاں بات فلاں بات سے پہلے ہے۔ پھر ایک دوسرا اُٹھا تو اس نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ فلاں بات فلاں بات سے پہلے ہے۔ یعنی ذبح کرنے سے پہلے سر منڈایا ہے اور رمی سے پہلے ذبح کر لیا ہے اور ایسی اور باتیں بھی؛ تو نبی ﷺ نے ان سب باتوں سے متعلق فرمایا: کر لے، کوئی حرج نہیں۔ اس دن آپؐ سے جو بات دریافت کی گئی، اس کا آپؐ نے یہی جواب دیا: کر لے، کوئی حرج نہیں۔
صحیح بخاری 1738
اسحق نے ہم سے بیان کیا، کہا: یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح سے، انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا) کہ عیسٰی بن طلحہ بن عبیداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاص رضی اللہ عنہما سے سنا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے اپنی اونٹنی پر سوار ہو کر وقوف کیا۔… پھر اسی حدیث کا ذکر کیا۔ معمر نے بھی زہری سے روایت کرتے ہوئے صالح کی طرح یہی حدیث بیان کی۔