کتاب 151: باب الإِدْلاَجِ مِنَ الْمُحَصَّبِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1771
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسود سے، اسود نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: کوچ کی رات صفیہؓ حائضہ ہوئیں تو کہنے لگیں: میں سمجھتی ہوں کہ تمہیں سفر سے روک رکھوں گی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اے بھلی مانس ! کیا قربانی کے دن طوافِ زیارت کر لیا تھا؟ آپؐ سے کہا گیا کہ ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر کوچ کرے۔
صحیح بخاری 1772
ابو عبداللہ نے کہا: محمد (بن سلام) نے مجھ سے اتنا زیادہ بیان کیا، (کہا:) محاضر نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، انہوں حضرت عائشہؓ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ (مدینہ سے) نکلے ہم حج ہی کا ذکر کر رہے تھے۔ جب ہم (مکہ) پہنچے تو آپؐ نے فرمایا کہ احرام کھول ڈالیں۔ جب کوچ کی رات ہوئی تو حضرت صفیہ بنت حیؓ حائضہ ہو گئیں تو نبی ﷺ نے فرمایا: عقریٰ حلقیٰ میں سمجھتا ہوں کہ وہ تمہیں سفر سے روکے رکھے گی۔ پھر فرمایا: کیا تم نے قربانی کے دن طواف کیا تھا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ فرمایا: تو پھر کوچ کرو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو احرام نہیں کھولا۔ فرمایا: تو پھر تنعیم سے عمرہ کر لو۔ تو ان کے ساتھ ان کے بھائی نکلے۔ (اور فارغ ہو کر) ہم آپؐ سے اس وقت ملے جب آپؐ رات کے پچھلے پہر (طوافِ وداع کے لئے) نکلے اور آپؐ نے فرمایا تھا کہ تم ہمیں فلاں فلاں جگہ پر آکر ملنا۔