کتاب 3: باب كَمِ اعْتَمَرَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1775
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے مجاہد سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں اور عروہ بن زبیر مسجد میں داخل ہوئے تو کیا دیکھتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما حجرئہ عائشہؓ کے قریب بیٹھے ہیں اور کچھ لوگ مسجد میں اشراق کی نماز پڑھ رہے ہیں۔ مجاہد نے کہا کہ ہم نے ان کی اس نماز کی بابت (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) سے پوچھا۔ انہوں نے کہا: یہ بدعت ہے۔ پھر ان سے پوچھا کہ رسول اللہ ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ انہوں نے کہا: چار۔ ان میں سے ایک ماہِ رجب میں کیا تھا۔ تو ہم برا سمجھے کہ ان کی بات ردّ کریں۔
صحیح بخاری 1776
اور ہم نے حجرے میں حضرت عائشہ امّ المومنین (رضی اللہ عنہا) کے مسواک کرنے کی آواز سنی تو عروہ نے کہا: ام المومنین! کیا آپؓ نہیں سن رہیں جو ابو عبدالرحمنؓ کہہ رہے ہیں؟ تو انہوں نے کہا: کیا کہتے ہیں؟ عروہ نے کہا کہ وہ کہتے ہیں: رسول اللہ ﷺ نے چار عمرے کئے۔ ان میں سے ایک ماہِ رجب میں تھا۔ (حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے) کہا: اللہ ابو عبدالرحمن پر رحم کرے۔ آنحضرت ﷺ نے کوئی عمرہ نہیں کیا؛ مگر وہ اس میں موجود تھے اور آپؐ نے رجب میں قطعاً عمرہ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 1777
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ کہا: عطاء نے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے رجب میں عمرہ نہیں کیا ہے۔
صحیح بخاری 1778
حسان بن حسان نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا کہ نبی ﷺ نے کتنے عمرے کئے؟ تو انہوں نے کہا: چار۔ عمرئہ حدیبیہ جو ذوالقعدہ میں کیا؛ جب مشرکوں نے آپؐ کو روکا تھا۔ وہ عمرہ دوسرے سال ذی القعدہ میں ہوا۔ جب آپؐ نے ان سے صلح کی اور عمرئہ جعرّانہ جب آپؐ نے مالِ غنیمت تقسیم کیا۔ میرا خیال ہے کہ یہ جنگ حنین کی غنیمت تھی۔ میں نے کہا: آپؐ نے کتنے حج کئے؟ کہا: ایک ہی۔
صحیح بخاری 1779
ابوالولید ہشام بن عبدالملک نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے پوچھا تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ایک عمرہ وہ کیا تھا جبکہ قریش نے آپؐ کو لوٹا دیا تھا اور ایک دوسرے سال عمرہ حدیبیہ کا اور ایک عمرہ ذی قعدہ میں اور ایک عمرہ اپنے حج کے ساتھ۔
صحیح بخاری 1780
ہبہ (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا اور کہا: آپؐ نے چار عمرے ذی القعدہ میں کئے؛ سوائے اس عمرہ کے جو آپؐ نے حج کے ساتھ کیا تھا اور ایک عمرہ حدیبیہ کا اور ایک اس سے اگلے سال ہوا اور ایک جعرّانہ کا عمرہ جبکہ آپؐ نے حنین کی غنیمتیں تقسیم کیں۔ ایک عمرہ اپنے حج کے ساتھ۔
صحیح بخاری 1781
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شریح بن مسلمہ نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابو اسحاق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے مسروق، عطاء اور مجاہد سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے حج کرنے سے قبل ذی القعدہ میں عمرہ کیا اور ابو اسحاق نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ذی القعدہ میں دو دفعہ عمرہ کیا۔ پیشتر اس کے کہ آپؐ حج کرتے۔