کتاب 9: باب الْمُعْتَمِرِ إِذَا طَافَ طَوَافَ الْعُمْرَةِ، ثُمَّ خَرَجَ، هَلْ يُجْزِئُهُ مِنْ طَوَافِ الْوَدَاعِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 1788

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا أَفْلَحُ بْنُ حُمَيْدٍ عَنِ الْقَاسِمِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ خَرَجْنَا مُهِلِّينَ بِالْحَجِّ فِي أَشْهُرِ الْحَجِّ وَحُرُمِ الْحَجِّ فَنَزَلْنَا سَرِفَ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم لأَصْحَابِهِ " مَنْ لَمْ يَكُنْ مَعَهُ هَدْىٌ فَأَحَبَّ أَنْ يَجْعَلَهَا عُمْرَةً فَلْيَفْعَلْ وَمَنْ كَانَ مَعَهُ هَدْىٌ فَلاَ ". وَكَانَ مَعَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَرِجَالٍ مِنْ أَصْحَابِهِ ذَوِي قُوَّةٍ الْهَدْىُ فَلَمْ تَكُنْ لَهُمْ عُمْرَةً فَدَخَلَ عَلَىَّ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم وَأَنَا أَبْكِي فَقَالَ " مَا يُبْكِيكِ ". قُلْتُ سَمِعْتُكَ تَقُولُ لأَصْحَابِكَ مَا قُلْتَ فَمُنِعْتُ الْعُمْرَةَ. قَالَ " وَمَا شَأْنُكِ ". قُلْتُ لاَ أُصَلِّي. قَالَ " فَلاَ يَضُرَّكِ أَنْتِ مِنْ بَنَاتِ آدَمَ كُتِبَ عَلَيْكِ مَا كُتِبَ عَلَيْهِنَّ فَكُونِي فِي حَجَّتِكِ عَسَى اللَّهُ أَنْ يَرْزُقَكِهَا ". قَالَتْ فَكُنْتُ حَتَّى نَفَرْنَا مِنْ مِنًى فَنَزَلْنَا الْمُحَصَّبَ فَدَعَا عَبْدَ الرَّحْمَنِ فَقَالَ " اخْرُجْ بِأُخْتِكَ الْحَرَمَ فَلْتُهِلَّ بِعُمْرَةٍ ثُمَّ افْرُغَا مِنْ طَوَافِكُمَا أَنْتَظِرْكُمَا هَا هُنَا ". فَأَتَيْنَا فِي جَوْفِ اللَّيْلِ. فَقَالَ " فَرَغْتُمَا ". قُلْتُ نَعَمْ. فَنَادَى بِالرَّحِيلِ فِي أَصْحَابِهِ فَارْتَحَلَ النَّاسُ وَمَنْ طَافَ بِالْبَيْتِ قَبْلَ صَلاَةِ الصُّبْحِ ثُمَّ خَرَجَ مُوَجِّهًا إِلَى الْمَدِينَةِ.

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ افلح بن حمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قاسم (بن محمد) سے، قاسم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم حج کی نیت سے احرام باندھ کر حج کے مہینہ میں آداب حج ملحوظ رکھتے ہوئے نکلے اور مقامِ سرف پر اُترے تو نبی ﷺ نے اپنے ساتھیوں سے فرمایا: جس کے ساتھ قربانی نہ ہو اور وہ اسے عمرہ کرنا چاہے تو کر لے اور جس کے ساتھ قربانی ہو وہ ایسا نہ کرے اور نبی ﷺ اور آپؐ کے ساتھیوں میں سے مردوں کے ساتھ - جو صاحب استطاعت تھے - قربانیاں تھیں تو ان کا عمرہ نہ ہوا۔ نبی ﷺ میرے پاس آئے اور میں رو رہی تھی اور آپؐ نے فرمایا کہ تم کیوں رو رہی ہو؟ میں نے کہا: میں نے آپؐ کی وہ بات سن لی ہے جو آپؐ نے اپنے ساتھیوں سے فرمائی ہے۔ میں عمرہ سے محروم رہ گئی۔ آپؐ نے فرمایا: کیوں تمہیں کیا ہوا؟ میں نے کہا: میں نماز نہیں پڑھتی۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں اس سے کوئی حرج نہیں۔ تم آدم کی بیٹیوں میں سے ایک بیٹی ہو۔ تمہارے لئے وہی مقدر ہے جو اُن کے لئے۔ اس لئے حج کی نیت رکھو۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ تمہیں عمرہ نصیب کرے۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: میں اسی طرح رہی؛ یہاں تک کہ ہم منیٰ سے چل پڑے اور محصّب میں اُترے تو آپؐ نے عبدالرحمنؓ کو بلایا اور فرمایا: اپنی بہن کو حرم سے باہر لے جاؤ کہ وہ عمرہ کا لبیک پکار کر عمرہ کا احرام باندھ لیں۔ پھر تم دونوں طوافِ بیت اللہ کر لو۔ میں تم دونوں کا یہیں انتظار کروں گا تو ہم آدھی رات کو واپس آئے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم دونوں (طواف سے) فارغ ہو گئے ہو؟ میں نے کہا: ہاں۔ پھر آپؐ نے اپنے صحابہ میں کوچ کی منادی کروائی اور لوگوں نے کوچ کیا اور انہوں نے بھی جنہوں نے صبح کی نماز سے پہلے بیت اللہ کا طوافِ وداع کر لیا تھا۔ پھر آپؐ مدینہ کی طرف رُخ کر کے روانہ ہو گئے۔

10 von 10 heute frei