کتاب 10: باب يَفْعَلُ فِي الْعُمْرَةِ مَا يَفْعَلُ فِي الْحَجِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1789
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا کہ عطاء نے ہم سے بیان کیا، کہا: صفوان بن یعلیٰ بن امیہ نے مجھے بتایا۔ یعنی اپنے باپ سے روایت کی کہ ایک شخص نبی ﷺ کے پاس آیا جبکہ آپؐ جعرانہ میں تھے اور وہ جبہ پہنے تھا اور اس پر خوشبو کا نشان تھا۔ یا کہا: زردی کا نشان۔ اس نے کہا کہ آپؐ مجھے اپنے عمرے میں کیا کرنے کا حکم دیتے ہیں؟ اللہ تعالیٰ نے نبی ﷺ پر وحی کی اور آپؐ کو ایک کپڑا اوڑھا دیا گیا۔ مجھے آرزو تھی کہ میں نبی ﷺ کو ایسی حالت میں دیکھوں کہ آپؐ پر وحی کا نزول ہو رہا ہو۔ حضرت عمرؓ نے (مجھ سے) کہا: ادھر آئو۔ کیا تم یہ دیکھ کر خوش ہوگے کہ اللہ تعالیٰ نبی ﷺ پر وحی نازل کر رہا ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ پھر انہوں نے کپڑے کا کنارہ اُٹھایا تو میں نے آپؐ کو دیکھا۔ آپؐ خراٹے لے رہے تھے اور میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے کہا: جیسے جوان اونٹ خراٹے لیتا ہے۔ جب وحی کی حالت ختم ہوئی تو آپؐ نے فرمایا: عمرہ کے متعلق پوچھنے والا کہاں ہے؟ اپنا جُبّہ اُتار دو اور خوشبو کا نشان دھو کر صاف کر دو اور زردی بالکل صاف کر دو اور اپنے عمرے میں ویسا ہی کرو جیسا حج میں کرتے ہو۔
صحیح بخاری 1790
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ سے کہا - میں ان دنوں کم سن تھا - بتائیں تو سہی اللہ تبارک و تعالیٰ نے یہ جو فرمایا ہے کہ صفا اور مروہ اللہ تعالیٰ کے نشانات میں سے ہیں۔ پس جو بیت اللہ کا حج کرے یا عمرہ کرے تو اس پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ ان دونوں کا بھی طواف کرے۔ اس سے میں سمجھتا ہوں کہ کسی پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ ان دونوں کا طواف نہ کرے۔ تو حضرت عائشہؓ نے کہا: ہرگز نہیں۔ اگر یہ مراد ہوتی جیسا کہ تم سمجھتے ہو تو آیت یوں ہوتی کہ اس پر کوئی گناہ نہیں کہ وہ ان دونوں کا طواف نہ کرے۔ (بات یہ ہے کہ) یہ آیت انصار کی نسبت اُتری ہے جو منات کا نام پکار کر احرام باندھا کرتے تھے۔ اور یہ منات قُدَید کے مقابل رکھا ہوا تھا اور وہ برا سمجھتے تھے کہ صفا اور مروہ کے درمیان طواف کریں۔ پس جب اسلام آیا تو انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے اس بارہ میں پوچھا تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی: اِنَّ الصَّفَا وَالْمَرْوَۃَ مِنْ شَعَائِرِ اللّٰہِ … سفیان اور ابومعاویہ نے ہشام سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا کہ اللہ تعالیٰ نے اس شخص کا حج پورا نہ کیا، نہ اس کا عمرہ جس نے صفا اور مروہ کے درمیان طواف نہ کیا۔