کتاب 11: باب مَتَى يَحِلُّ الْمُعْتَمِرُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1791
اسحق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے جریر سے، جریر نے اسماعیل سے، اسماعیل نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے عمرہ کیا اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ عمرہ کیا۔ جب آپؐ مکہ میں داخل ہوئے تو آپؐ نے طواف کیا اور ہم نے بھی آپؐ کے ساتھ طواف کیا اور آپؐ صفا اور مروہ میں آئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ وہاں آئے۔ اور ہم اہل مکہ سے آپؐ کی آڑ بنے ہوئے تھے۔ مبادا کوئی آپؐ کی طرف تیر پھینکے تو میرے ایک ساتھی نے (حضرت ابن ابی اوفیٰؓ سے) پوچھا: کیا آنحضرت ﷺ کعبہ میں داخل ہوئے تھے؟ تو انہوں نے کہا: نہیں۔
صحیح بخاری 1792
پھر اس نے کہا: اچھا ہم سے آپؓ بیان کریں جو آنحضرت ﷺ نے حضرت خدیجہؓ سے متعلق فرمایا تھا۔ (تو انہوں نے کہا:) آپؐ نے فرمایا کہ خدیجہؓ کو جنت میں ایک ایسے گھر کی بشارت ہو جو خول دار موتیوں کا ہے نہ اس میں شور و غل ہے اور نہ کسی قسم کی تکلیف۔
صحیح بخاری 1793
حمیدی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفیان نے ہمیں بتایا: عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: ہم نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے ایسے شخص کی نسبت پوچھا؛ جس نے عمرہ میں بیت اللہ کا طواف کیا اور صفا و مروہ کا طواف نہ کیا؛ کیا وہ اپنی بیوی سے مباشرت کر سکتا ہے؟ انہوں نے کہا: نبی ﷺ (مکہ میں) آئے اور بیت اللہ کا سات بار طواف کیا اور مقامِ ابراہیم کے پیچھے دو رکعتیں نماز پڑھی اور صفا اور مروہ کے درمیان سات بار طواف کیا اور یقینا تمہارے لئے رسول اللہ ﷺ میں قابل پیروی نیک نمونہ ہے۔
صحیح بخاری 1794
(عمرو بن دینار نے) کہا: ہم نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے پوچھا تو انہوں نے کہا: وہ (اپنی بیوی کے) قریب نہ جائے؛ جب تک صفا و مروہ کے درمیان طواف نہ کر لے۔
صحیح بخاری 1795
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر (محمد بن جعفر) نے ہمیں بتایا؛ (کہا:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، انہوں نے حضرت ابوموسیٰ اشعریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبیﷺ کے پاس بطحاء میں حاضر ہوا۔ جبکہ آپؐ وہاں اُترے ہوئے تھے تو آپؐ نے فرمایا: کیا حج کا قصد ہے؟ میں نے کہا: ہاں۔ فرمایا: کس کا لبیک پکارا ہے (حج کا یا عمرہ کا؟) میں نے کہا: اس کا کہ جس کا نبیﷺ نے ارادہ کیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا کیا ہے۔ بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کریں۔ پھر احرام کھول کر آزاد ہو جائیں۔ چنانچہ میں نے بیت اللہ اور صفا مروہ کا طواف کیا۔ پھر قبیلہ قیس کی ایک عورت کے پاس آیا۔ اس نے میرے سر کی جوئیں نکالیں۔ پھر میں نے حج کا لبیک پکار کر احرام باندھا۔ سو میں اس کا فتویٰ دیا کرتا تھا۔ یہاں تک کہ حضرت عمرؓ کی خلافت کا زمانہ ہوا تو انہوں نے کہا: اگر ہم کتاب اللہ کے مطابق عمل کریں تو وہ ہمیں (حج اور عمرہ) پورا کرنے کا حکم دیتی ہے اور اگر ہم نبیﷺ کے فرمودہ پر عمل کریں تو آپؐ احرام کھول کر اس وقت تک حج کی پابندیوں سے آزاد نہیں ہوئے جب تک کہ قربانی اپنے ٹھکانے پر نہ پہنچ گئی۔
صحیح بخاری 1796
احمد بن عیسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ابن وہب نے ہمیں بتایا کہ عمرو نے ہمیں خبر دی۔ ابوالاسود سے مروی ہے۔ حضرت اسماء بنت ابی بکرؓ کے آزاد کردہ غلام عبداللہ نے ان سے بیان کیا کہ حضرت اسمائؓ جب کبھی مقامِ جحون سے گذرتیں تو وہ ان کو یہ کہتے سنا کرتے تھے: صلی اللہ علیٰ محمد۔ ہم آپؐ کے ساتھ یہاں اُترے تھے اور ہم ان دِنوں ہلکے پھلکے تھے۔ ہماری سواریاں کم تھیں اور زادِ راہ بھی کم تھی۔ میں نے اور میری بہن عائشہؓ اور زبیرؓ اور فلاں فلاں نے عمرہ کیا۔ جب ہم نے بیت اللہ کو چھو لیا تو ہم احرام کھول کر آزاد ہوگئے۔ پھر عشاء کے وقت ہم نے حج کا لبیک پکار کر احرام باندھا۔