کتاب 27: كتاب المحصر
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1806
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے ہمیں خبر دی کہ نافع سے مروی ہے۔ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب فتنہ کے ایام میں عمرہ کرنے کی غرض سے مکہ روانہ ہونے لگے تو انہوں نے کہا: اگر بیت اللہ سے میں روکا گیا تو میں ویسے ہی کروں گا؛ جیسے ہم نے رسول اللہ ﷺ کے ساتھ کیا تھا۔ تو انہوں نے عمرہ کا لبیک پکار کر احرام باندھا کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے حدیبیہ کے سال عمرہ کا احرام باندھا تھا۔
صحیح بخاری 1807
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ عبیداللہ بن عبداللہ اور سالم بن عبداللہ نے ان کو خبر دی۔ ان دونوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے ان ایام میں بات کی جب لشکر نے (حضرت عبداللہ) بن زبیرؓ پر چڑھائی کی تھی؛ ان دونوں نے (اپنے باپ سے) کہا: آپؓ کو اس سے کوئی نقصان نہیں کہ اس سال حج نہ کریں اور ہم ڈرتے ہیں کہ آپؓ کے اور بیت اللہ کے درمیان روک پیدا کر دی جائیگی۔ تو انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ہم نکلے تو کفار قریش نے بیت اللہ جانے سے روک دیا تھا۔ نبی ﷺ نے اپنی قربانی ذبح کردی اور اپنا سر منڈوا لیا اور میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے عمرہ اپنے پر واجب کر لیا ہے۔ اگر اللہ تعالیٰ نے چاہا تو میں چلا جائوں گا اور اگر مجھے بیت اللہ تک جانے دیا گیا تو میں طواف کرلوں گا اور اگر میرے اور بیت اللہ کے درمیان روک ڈالی گئی تو میں ویسے ہی کروں گا جیسے نبی ﷺ نے کیا تھا اور میں اس وقت آپؓ کے ساتھ ہی تھا۔ ذوالحلیفہ سے آپؓ نے عمرہ کا احرام باندھا پھر تھوڑی دیر چلے۔ پھر فرمایا: (حج اور عمرہ) دونوں کی بات ایک ہی ہے۔ میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے اپنے عمرہ کے ساتھ حج بھی واجب کر لیا ہے اور آپؓ ان دونوں سے آزاد نہیں ہوئے یہاں تک کہ قربانی کا دن آگیا اور (حضرت عبداللہ بن عمرؓ ) قربانی لے گئے تھے۔ کہتے تھے کہ اس وقت تک (محرم) احرام سے آزاد نہیں ہوتا؛ جب تک کہ ایک طواف (طوافِ زیارت) نہ کر لے؛ جس دن کہ مکہ میں داخل ہو۔
صحیح بخاری 1808
موسیٰ بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہؓ کے بیٹوں میں سے بعض نے ان سے کہا: اگر آپؓ اس سال ٹھہرے رہیں (تو بہتر ہے۔)
صحیح بخاری 1809
محمد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن صالح نے ہمیں بتایا۔ معاویہ بن سلام نے ہم سے بیان کیا۔ یحيٰ بن ابی کثیر نے ہمیں بتایا کہ عکرمہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا : رسول اللہ ﷺ روک دئیے گئے تو آپؐ نے اپنا سر منڈوایا اور ازواج سے ازدواجی تعلق قائم کیا اور قربانی ذبح کی۔ یہاں تک کہ آئندہ سال آپؐ نے عمرہ کیا۔
صحیح بخاری 1810
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا۔ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ (کہا:) یونس نے ہمیں خبر دی کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالم نے مجھے خبر دی، کہا: حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کہا کرتے تھے: کیا رسول اللہ ﷺ کا طریق تمہارے لیے کافی نہیں؟ اگر تم میں سے کوئی حج سے روکا جائے تو بیت اللہ اور صفا و مروہ کا طواف کرلے۔ پھر وہ ہر شئے سے آزاد ہو جائے۔ یہاں تک کہ آئندہ سال حج کر لے اور قربانی دے یا روزہ رکھے اگر قربانی کی طاقت نہ ہو۔ اور عبد اللہ (بن مبارک) سے مروی ہے کہ ہمیں معمر نے خبر دی کہ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا کہ سالم نے حضرت ابن عمرؓ سے اسی طرح روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔
صحیح بخاری 1811
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے زُہری سے، زہری نے عروہ سے، انہوں نے حضرت مسورؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے سر منڈوانے سے پہلے قربانی کی اور اپنے صحابہ کو اسی کا حکم دیا۔
صحیح بخاری 1812
محمد بن عبدالرحیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو بدر شجاع بن ولید نے ہمیں خبر دی۔ عمر بن محمد عمری سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا اور نافع نے بھی بیان کیا کہ عبداللہ اور سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے بات کی (کہ اس سال حج نہ کریں) تو انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ساتھ ہم بحالت عمرہ نکلے تو کفارِ قریش بیت اللہ کے درمیان روک بن گئے تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے اونٹ ذبح کئے اور اپنا سر منڈوایا۔
صحیح بخاری 1813
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما جب فتنہ کے ایام میں عمرہ کرنے کی غرض سے مکہ کو روانہ ہونے لگے تو انہوں نے کہا: اگر بیت اللہ سے میں روک دیا گیا تو ہم ویسا ہی کریں گے جیسا کہ ہم نے رسول اللہ ﷺ کی معیت میں کیا تھا۔ پھر انہوں نے عمرہ کا احرام باندھا کہ نبی ﷺ نے حدیبیہ کے سال عمرہ کا احرام باندھا تھا۔ پھر حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے اپنی بات پر غور کیا تو کہا: ان دونوں (حج اور عمرہ) کی ایک ہی بات ہے تو اپنے ساتھیوں سے متوجہ ہوئے اور کہا: ان دونوں کی ایک ہی بات ہے۔ میں تمہیں گواہ ٹھہراتا ہوں کہ میں نے عمرہ کے ساتھ حج واجب کر لیا ہے۔ پھر ان دونوں کے لئے ایک ہی طواف کیا اور سمجھے کہ یہ ان کے لئے کافی ہے اور وہ قربانی لے گئے تھے۔
صحیح بخاری 1814
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے حمید بن قیس سے، حمید نے مجاہد سے، مجاہد نے عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ سے، انہوں نے حضرت کعب بن عجرہؓ سے، حضرت کعبؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: شاید تیری جوئووں نے تجھے تکلیف دی ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اپنا سر منڈوا لو اور تین دن روزے رکھو یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلائو یا ایک بکری قربانی دو۔
صحیح بخاری 1815
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سیف (بن سلیمان مکی) نے ہمیں بتایا، کہا: مجاہد نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے عبد الرحمن بن ابی لیلیٰ سے سنا کہ حضرت کعب بن عجرہؓ نے انہیں بتایا، کہا: رسول اللہ ﷺ حدیبیہ میں میرے پاس ٹھہرے اور حالت یہ تھی کہ میرا سر جوؤں سے ٹپک رہا تھا تو آپؐ نے فرمایا: تیری جوئیں تجھے تکلیف دے رہی ہیں؟ میں نے کہا: ہاں۔ فرمایا: اپنا سر منڈوا لو۔ یا فرمایا: منڈوا لو۔ حضرت کعبؓ نے کہا: میرے متعلق ہی یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی جو تم میں سے بیمار ہو یا اس کے سر میں تکلیف ہو… نبی ﷺ نے فرمایا: تین روزے رکھو۔ یا ایک فرق (تین صاع) چھ (محتاجوں) میں بطور صدقہ تقسیم کردو۔ یا قربانی دو جو میسر ہو۔
صحیح بخاری 1816
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن اصبہانی سے، عبدالرحمن نے عبداللہ بن معقل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ کے پاس میں بیٹھا اور فدیہ کی بابت ان سے پوچھا تو انہوں نے کہا: یہ آیت خاص طور پر میرے متعلق نازل ہوئی اور تمہارے لئے عام ہے۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس مجھے سوار کرکے لے گئے اور حالت یہ تھی کہ جوئیں میرے منہ پر لگاتار جھڑ رہی تھیں تو آپؐ نے فرمایا: میں نہیں سمجھتا تھا کہ تمہاری بیماری اس حد تک پہنچ چکی ہے؛ جو میں دیکھ رہا ہوں۔ یا فرمایا: میں نہیں سمجھتا کہ تکلیف اس حد تک ہوچکی ہے؛ جس میں مَیں تمہیں دیکھ رہا ہوں۔ کیا بکری کی طاقت ہے؟ میں نے کہا: نہیں۔ تو آپؐ نے فرمایا:ـ تین روزے رکھو یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلائو؛ ہر مسکین کو نصف صاع (اناج)۔
صحیح بخاری 1817
اسحق نے ہم سے بیان کیا کہ روح نے ہمیں بتایا۔ شبل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن ابی نجیح سے، ابن ابی نجیح نے مجاہد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ نے حضرت کعب بن عجرہؓ سے روایت کی کہ (انہوں نے مجھ سے بیان کیا۔) رسول اللہﷺ نے انہیں دیکھا اور حالت یہ تھی کہ جوئیں ان کے منہ پر گر رہی تھیں۔ تو آپؐ نے فرمایا: کیا تیری جوئیں تجھے تکلیف دے رہی ہیں۔ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے انہیں فرمایا کہ سر منڈوا لو۔ اس وقت آپؐ حدیبیہ میں تھے اور ابھی تک انہیں واضح طور پر معلوم نہیں ہوا تھا کہ وہ وہیں احرام کھول کر آزاد ہو جائیں گے اور انہیں امید تھی کہ مکہ میں داخل ہوں گے۔ تو اللہ تعالیٰ نے فدیہ کا حکم اتارا۔ رسول اللہﷺ نے ان سے فرمایا: ایک فرق (اناج) چھ آدمیوں کے درمیان کھانے کے لئے تقسیم کر دیں یا ایک بکری قربانی کریں۔ یا تین دن روزے رکھیں۔
صحیح بخاری 1818
اور محمد بن یوسف سے بھی مروی ہے کہ (انہوں نے کہا:) ورقاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے روایت کی کہ عبدالرحمن بن ابی لیلیٰ نے ہمیں خبر دی کہ حضرت کعب بن عجرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے انہیں دیکھا اور حالت یہ تھی کہ ان کی جوئیں ان کے منہ پر گر رہی تھیں۔ پھر انہوں نے ویسا ہی کیا۔ (جیسا اوپر کی روایت میں ہے۔)
صحیح بخاری 1819
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہؐ نے فرمایا: جس نے اس گھر کا حج کیا اور شہوت کی بات نہ کی اور نہ الٰہی احکامات کی نافرمانی کی تو گویا وہ لوٹ گیا؛ ایسا ہی جیسا کہ اس کی ماں نے اسے جنا۔
صحیح بخاری 1820
محمد بن یوسف (فریابی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس نے اس گھر کا حج کیا اور شہوت کی کوئی بات نہ کی اور نہ نافرمانی کی تو وہ اس دن کی طرح لوٹا؛ جس دن کہ اس کی ماں نے اسے جنا تھا۔