کتاب 18: باب دُخُولِ الْحَرَمِ وَمَكَّةَ بِغَيْرِ إِحْرَامٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1845
مسلم نے ہم سے بیان کیا۔ وہیب نے ہمیں بتایا۔ (عبداللہ) بن طائوس نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے مدینہ والوں کے لئے ذوالحلیفہ کو میقات مقرر کیا اور نجد والوں کے لئے قرن المنازل کو اور یمن والوں کے لئے یلملم کو۔ یہ میقات ان کے لئے ہیں اور ہر اُس آنے والے کے لئے جس کا گذر وہاں سے ہو۔ یعنی وہ حج و عمرہ کا ارادہ کریں اور جو اِن مقامات کے ورے ہوں، اُن کے لئے جہاں سے وہ چلیں۔ حتیٰ کہ مکہ والے مکہ سے (احرام باندھیں)۔
صحیح بخاری 1846
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ (مکہ میں) فتح کے سال داخل ہوئے اور آپؐ کے سر پر خَود تھا۔ جب آپؐ نے اسے اتارا تو ایک شخص آیا اور کہنے لگا کہ ابن خطل کعبہ کے پردوں سے لٹکا ہوا ہے تو آپؐ نے فرمایا: اسے قتل کر دو۔