کتاب 20: باب الْمُحْرِمِ يَمُوتُ بِعَرَفَةَ وَلَمْ يَأْمُرِ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَنْ يُؤَدَّى عَنْهُ بَقِيَّةُ الْحَجِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1849
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اسی اثناء میں کہ ایک شخص نبی ﷺ کے ساتھ عرفات میں بحالت وقوف تھا کہ وہ اپنی اونٹنی سے گرا۔ اس نے اس کی گردن توڑ دی یا کہا کہ (وہیں) اسے مار ڈالا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اسے پانی اور بیری کے پتوں سے غسل دو اور دو کپڑوں میں کفنائو۔ یا فرمایا: اس کے دو کپڑوں میں (کفن دو) اور اسے خوشبو نہ لگائو اور نہ اس کا سر ڈھانپو۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن لبیک کہتے ہوئے اُٹھائے گا۔
صحیح بخاری 1850
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے سعید بن جبیر سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اسی اثناء میں کہ نبی ﷺ کے ساتھ ایک شخص عرفات میں بحالت وقوف تھا کہ اپنی اونٹنی سے گر پڑا تو اس نے اس کی گردن توڑ دی۔ وَقَصَتْہُ کہا یا اَوْقَصَتْہُ کہا۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ پانی اور بیری کے پتوں سے اسے نہلائو اور دو کپڑوں سے اسے کفنائو۔ اسے خوشبو نہ لگائو اور اس کا سر نہ ڈھانپو۔ اسے خوشبو نہ لگائو کیونکہ اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن لبیک کہتے ہوئے اٹھائے گا۔