کتاب 25: باب حَجِّ الصِّبْيَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1856
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ بن ابی یزید سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے مجھے مزدلفہ سے رات کو بھیجا۔ یا کہا مجھے سامان (سفر) کے ساتھ پہلے بھیج دیا۔
صحیح بخاری 1857
اسحق (بن منصور) نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں خبر دی۔ ابن شہاب کے بھتیجے نے اپنے چچا (ابن شہاب) سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: میں اپنی ایک گدھی پر سوار ہو کر چلا آیا اور جوانی کے قریب تھا جبکہ رسول اللہ ﷺ منیٰ میں کھڑے نماز پڑھا رہے تھے۔ یہاں تک کہ پہلی صف کے آگے سے گزرا۔ اس گدھی سے اُتر کر میں آگیا اور وہ چرتی رہی۔ میں رسول اللہ ﷺ کے پیچھے لوگوں کے ساتھ صف میں شریک ہوگیا۔ اور یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے یہ لفظ کہے: منیٰ مقام پر حجۃ الوداع میں۔
صحیح بخاری 1858
عبدالرحمن بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن یوسف سے، محمد بن یوسف نے سائب بن یزیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ مجھے حج کرایا گیا اور میں سات سال کا تھا۔
صحیح بخاری 1859
عمرو بن زرارہ نے ہم سے بیان کیا کہ قاسم بن مالک نے ہمیں خبر دی۔ جعید بن عبدالرحمن سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: عمر بن عبدالعزیز سے میں نے سنا۔ وہ حضرت سائب بن یزیدؓ سے کہہ رہے تھے اور حضرت سائبؓ کو نبی ﷺ کی بار برداری کے قافلہ میں حج کرایا گیا تھا۔