کتاب 29: كتاب فضائل المدينة
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1867
ابو نعمان نے ہم سے بیان کیا کہ ثابت بن یزید نے ہمیں بتایا۔ عاصم ابو عبدالرحمن احول نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مدینہ حرم ہے۔ یہاں سے لے کر وہاں تک اس کا درخت نہ کاٹا جائے اور نہ اس میں کوئی بدعت کی جائے۔ جس نے اس میں کوئی بدعت کی؛ اس پر اللہ تعالیٰ اور فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہو۔
صحیح بخاری 1868
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو تیاح سے، انہوں نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ مدینہ میں آئے اور مسجد بنانے کا حکم دیا اور فرمایا: بنی نجار! مجھ سے (اس جگہ کی) قیمت ٹھہرا لو۔ تو انہوں نے کہا: ہم اس کی قیمت نہیں لیں گے؛ مگر اللہ تعالیٰ سے۔ تو آپؐ نے مشرکوں کی قبروں کی نسبت فرمایا اور وہ کھود کر ہڈیاں وغیرہ نکالی گئیں۔ پھر کھنڈرات کی نسبت فرمایا جو برابر کئے گئے اور کھجور کے درختوں سے متعلق فرمایا جو کاٹے گئے اور مسجد کی آخری حد میں ان کھجوروں کے تنے ترتیب سے رکھ لئے گئے۔
صحیح بخاری 1869
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: مدینہ کے دو پتھریلے میدانوں میں جو جگہ ہے وہ میری زبان سے حرم ٹھہرائی گئی ہے اور حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: نبی ﷺ بنوحارثہ کے پاس آئے اور آپؐ نے فرمایا: بنی حارثہ! میں تمہیں دیکھتا ہوں کہ تم حرم سے باہر ہوگئے۔ پھر آپؐ نے مڑ کر دیکھا تو فرمایا: تم اس کے اندر ہی ہو۔
صحیح بخاری 1870
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ (یزید بن شریک) سے، ان کے باپ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہمارے پاس اللہ کی کتاب اور اس کاغذ کے سوا کچھ نہیں؛ جس میں نبیﷺ کا یہ ارشاد بھی ہے کہ مدینہ حرم ہے، عائر پہاڑ سے لے کر یہاں تک۔ جس نے اس حرم میں کوئی رخنہ پیدا کیا یا رخنہ پیدا کرنے والے کو پناہ دی؛ اس پر اللہ اور فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہوگی۔ اس کی نہ شفاعت قبول کی جائے گی اور نہ فدیہ اور یہ بھی فرمایا: مسلمانوں کی ذمہ داری ایک ہی ہے۔ پس جس نے مسلمانوں کے ساتھ بدعہدی کی اور ذمہ داری کو پورا نہ کیا تو اس پر اللہ تعالیٰ اور فرشتوں اور تمام لوگوں کی لعنت ہے۔ اس سے نہ نقد معاوضہ قبول کیا جائے گا اور نہ کوئی حرجانہ اور جس نے کسی قوم سے عہدِ دوستی کیا؛ بغیر اپنے موالی (یعنی ہم عہد لوگوں) کی اجازت کے تو اس پر بھی اللہ اور فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہوگی۔ اس کی نہ شفاعت قبول کی جائے گی نہ فدیہ۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: لفظ عَدْلٌ سے مراد فدیہ ہے۔
صحیح بخاری 1871
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی کہ یحيٰ بن سعید سے مروی ہے، کہا: میں نے ابوالحباب سعید بن یسار سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو کہتے سنا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے ایسی بستی (میں جانے) کا حکم ہوا جو دوسری بستیوں کو کھا جائے گی۔ اسے یثرب کہتے ہیں اور وہی (بستی) مدینہ ہے۔ جو (برے) لوگوں کو (ردی کی طرح) نکال دے گی؛ جس طرح بھٹی لوہے کی میل کچیل کو نکال دیتی ہے۔
صحیح بخاری 1872
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو بن یحيٰ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے عباس بن سہل بن سعد سے، انہوں نے حضرت ابو حمید (ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی (انہوں نے کہا) کہ نبی ﷺ کے ساتھ ہم تبوک سے آئے۔ یہاں تک کہ مدینہ کے قریب اونچائی پر پہنچے تو آپؐ نے فرمایا: یہ طابہ (مقام) ہے۔
صحیح بخاری 1873
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے ابن شہاب سے، انہوں نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ کہا کرتے تھے: اگر مدینہ میں مَیں ہرن چرتے دیکھوں تو میں انہیں خوف زدہ نہ کروں کیونکہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ کے دو پتھریلے میدانوں کے درمیان (کی جگہ) حرم ہے۔
صحیح بخاری 1874
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے ہمیں خبر دی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: لوگ مدینہ کو نہایت اچھی حالت میں چھوڑیں گے۔ پھر یہ حالت ہوگی کہ وہاں وحشی جانور آیا جایا کریں گے۔ اس سے آپؐ کی یہ مراد تھی کہ وحشی درند و پرند۔ اور آخر میں جنہیں لایا جائے گا وہ مزینہ (قبیلہ) کے دو چرواہے ہوں گے۔ مدینہ کا قصد کریں گے۔ اپنی بکریاں ہانک کر لائیں گے تو اسے ویران پائیں گے۔ یہاں تک کہ جب وہ دونوں ثنیۃ الوداع کے پاس پہنچیں گے تو اپنے منہ کے بل گر پڑیں گے۔
صحیح بخاری 1875
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے، حضرت ابن زبیرؓ نے حضرت سفیان بن ابی زہیر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: یمن فتح ہوگا تو کچھ لوگ اپنے اونٹ ہانکتے ہوئے آئیں گے اور اپنے گھر والوں کو اور انہیں جنہوں نے ان کی اطاعت کی؛ سوار کرکے لے جائیں گے۔ حالانکہ مدینہ ان کے لئے بہتر ہوگا؛ اگر وہ جانتے ہوں اور شام فتح ہوگا تو کچھ لوگ اپنے اونٹ ہانکتے ہوئے آئیں گے۔ پھر وہ اپنے گھر والوں کو اور ان کو جنہوں نے اُن کی اطاعت کی؛ سوار کر کے لے جائیں گے۔ حالانکہ مدینہ اُن کے لیے بہتر ہوگا؛ اگر وہ جانتے ہوں۔ اور عراق فتح ہوگا تو کچھ لوگ اپنے اونٹ ہانکتے ہوئے آئیں گے۔ پھر وہ اپنے گھر والوں کو اور ان کو جو اُن کی اطاعت کریں گے؛ سوار کرکے لے جائیں گے۔ حالانکہ مدینہ ان کے لئے بہتر ہوگا؛ اگر وہ جانتے ہوں۔
صحیح بخاری 1876
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ انس بن عیاض نے ہمیں بتایا، کہا: عبیداللہ (عمری) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے خُبَیب بن عبدالرحمن سے، انہوں نے حفص بن عاصم سے، انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایمان سمٹ کر مدینہ کی طرف اسی طرح آجائے گا جس طرح سانپ اپنی بل میں سمٹ کر آتا ہے۔
صحیح بخاری 1877
حسین بن حریث نے ہم سے بیان کیا کہ فضل (بن موسیٰ) نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے جُعَید سے، جُعَید نے عائشہ جو حضرت سعدؓ کی بیٹی ہیں؛ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سعد رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا: کوئی مدینہ والوں سے دھوکا فریب نہیں کرے گا؛ مگر وہ اسی طرح پانی ہو جائے گا جس طرح نمک پانی میں گھل جاتا ہے۔
صحیح بخاری 1878
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا، کہا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا، کہا: عروہ نے مجھے خبر دی۔ (کہا:) میں نے حضرت اسامہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مدینہ کے محلوں میں سے ایک محل پر سے جھانکا اور فرمایا: کیا تم بھی دیکھتے ہو جو میں دیکھ رہا ہوں۔ میں تو تمہارے گھروں میں فتنوں کے برپا ہونے کی جگہیں دیکھ رہا ہوں ؛ اس کثرت سے جیسے بارش کے قطرے۔ معمر اور سلیمان بن کثیر نے بھی زُہری سے سفیان کی طرح بیان کیا۔
صحیح بخاری 1879
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا (ابراہیم) سے، ان کے دادا نے حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: مسیح دجال کا رعب مدینہ میں داخل نہیں ہوگا۔ اس دن اس کے سات دروازے ہونگے اور ہر دروازے پر دو فرشتے مقرر ہونگے۔
صحیح بخاری 1880
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نعیم بن عبداللہ مجمر سے، نعیم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ کے دروازوں پر فرشتے ہوں گے۔ طاعون اس میں داخل نہ ہوگی اور نہ دجال۔
صحیح بخاری 1881
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ولید (بن مسلم) نے ہمیں بتایا۔ ابوعمرو (او زاعی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسحق (بن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی شہر نہیں مگر دجال عنقریب اسے پامال کرے گا؛ سوائے مکہ اور مدینہ کے۔ اس کے راستوں میں سے کوئی راستہ بھی ایسا نہیں ہوگا مگر اس پر صف بستہ فرشتے ہوں گے؛ جو اس کی حفاظت کریں گے۔ پھر مدینہ تین بار اپنے باشندوں سے لرزے گا تو اللہ تعالیٰ ہر کافر و منافق کو (جنگ کے لئے) نکالے گا۔
صحیح بخاری 1882
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دجال کی نسبت ہمیں ایک لمبی بات بتائی۔ اس میں یہ بھی فرمایا کہ دجال ایک شور زمین میں آئے گا جو مدینہ کی شور زمینوں میں سے ہوگی۔ جبکہ مدینہ کے دروازوں میں گھسنا اس پر حرام ہوگا۔ اس دن ایک شخص جو لوگوں میں سے نہایت نیک ہوگا، اس کی طرف نکلے گا۔ آپؐ نے خَیْر النَّاس فرمایا، یا مِنْ خَیْرِ النَّاس۔ تو وہ کہے گا: میں گواہی دیتا ہوں کہ تو وہی دجال ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں تیرے ہی متعلق بتایا تھا۔ دجال کہے گا: بتا تو سہی اگر میں اس شخص کو مار ڈالوں پھر اسے زندہ کر دوں تو کیا تم اس امر میں شک کرو گے؟ لوگ کہیں گے: نہیں۔ چنانچہ وہ اسے قتل کر دے گا۔ پھر اس کو زندہ کرے گا تو وہ (نیک شخص) جب اسے دجال زندہ کر دے گا، کہے گا: بخدا! میں کبھی (تیرے متعلق) اس سے بڑھ کر علیٰ بصیرت نہیں ہوا جتنا کہ آج۔ تو دجال دل میں کہے گا: میں اسے مار ڈالوں مگر مجھے اس پر قدرت نہیں ہوگی۔
صحیح بخاری 1883
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک بدوی نبی ﷺ کے پاس آیا اور اسلام پر آپؐ سے بیعت کی۔ دوسرے دن وہ آیا۔ اسے بخار تھا تو کہنے لگا: مجھے بیعت سے آزاد کردیں۔ آپؐ نے انکار کیا۔ تین بار ایسا ہی کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے جو اپنا میل کچیل نکال کر پھینک دیتی ہے۔ اس کا خالص مال کندن ہوجاتا ہے۔
صحیح بخاری 1884
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے عبداللہ بن یزید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب نبی ﷺ احد کی جنگ کے لئے نکلے تو آپؐ کے ساتھیوں میں سے کچھ لوگ لوٹ گئے تو ایک فریق نے کہا: ہم انہیں قتل کر دیں گے اور ایک فریق نے کہا کہ ہم انہیں قتل نہیں کریں گے تو یہ آیت اُتری۔ یعنی تمہیں کیا ہوگیا ہے تم منافقوں کے بارہ میں دو گروہ ہوگئے اور نبی ﷺ نے فرمایا کہ وہ (یعنی مدینہ ایسے) آدمیوں کو اس طرح دور کرتا ہے؛ جیسے آگ لوہے کا میل کچیل دور کرتی ہے۔
صحیح بخاری 1885
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یونس سے میں نے سنا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اے میرے اللہ! مدینہ میں دُگنی برکت دے، اس سے جو تو نے مکہ کو دی ہے۔ عثمان بن عمر نے بھی یونس سے انہی کی طرح بیان کیا۔
صحیح بخاری 1886
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ نبی ﷺ جب کسی سفر سے واپس آتے اور مدینہ کی دیواریں دیکھتے تو اپنی اونٹنی کو تیز چلاتے اور اگر کسی اور جانور پر ہوتے تو اسے بھی دوڑاتے؛ بوجہ مدینہ کی محبت کے۔