کتاب 9: باب لاَ يَدْخُلُ الدَّجَّالُ الْمَدِينَةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1879
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا (ابراہیم) سے، ان کے دادا نے حضرت ابوبکرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: مسیح دجال کا رعب مدینہ میں داخل نہیں ہوگا۔ اس دن اس کے سات دروازے ہونگے اور ہر دروازے پر دو فرشتے مقرر ہونگے۔
صحیح بخاری 1880
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نعیم بن عبداللہ مجمر سے، نعیم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ کے دروازوں پر فرشتے ہوں گے۔ طاعون اس میں داخل نہ ہوگی اور نہ دجال۔
صحیح بخاری 1881
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ ولید (بن مسلم) نے ہمیں بتایا۔ ابوعمرو (او زاعی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسحق (بن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کوئی بھی شہر نہیں مگر دجال عنقریب اسے پامال کرے گا؛ سوائے مکہ اور مدینہ کے۔ اس کے راستوں میں سے کوئی راستہ بھی ایسا نہیں ہوگا مگر اس پر صف بستہ فرشتے ہوں گے؛ جو اس کی حفاظت کریں گے۔ پھر مدینہ تین بار اپنے باشندوں سے لرزے گا تو اللہ تعالیٰ ہر کافر و منافق کو (جنگ کے لئے) نکالے گا۔
صحیح بخاری 1882
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دجال کی نسبت ہمیں ایک لمبی بات بتائی۔ اس میں یہ بھی فرمایا کہ دجال ایک شور زمین میں آئے گا جو مدینہ کی شور زمینوں میں سے ہوگی۔ جبکہ مدینہ کے دروازوں میں گھسنا اس پر حرام ہوگا۔ اس دن ایک شخص جو لوگوں میں سے نہایت نیک ہوگا، اس کی طرف نکلے گا۔ آپؐ نے خَیْر النَّاس فرمایا، یا مِنْ خَیْرِ النَّاس۔ تو وہ کہے گا: میں گواہی دیتا ہوں کہ تو وہی دجال ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں تیرے ہی متعلق بتایا تھا۔ دجال کہے گا: بتا تو سہی اگر میں اس شخص کو مار ڈالوں پھر اسے زندہ کر دوں تو کیا تم اس امر میں شک کرو گے؟ لوگ کہیں گے: نہیں۔ چنانچہ وہ اسے قتل کر دے گا۔ پھر اس کو زندہ کرے گا تو وہ (نیک شخص) جب اسے دجال زندہ کر دے گا، کہے گا: بخدا! میں کبھی (تیرے متعلق) اس سے بڑھ کر علیٰ بصیرت نہیں ہوا جتنا کہ آج۔ تو دجال دل میں کہے گا: میں اسے مار ڈالوں مگر مجھے اس پر قدرت نہیں ہوگی۔