کتاب 10: باب الْمَدِينَةُ تَنْفِي الْخَبَثَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 1883
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ سفیان (ثوری) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک بدوی نبی ﷺ کے پاس آیا اور اسلام پر آپؐ سے بیعت کی۔ دوسرے دن وہ آیا۔ اسے بخار تھا تو کہنے لگا: مجھے بیعت سے آزاد کردیں۔ آپؐ نے انکار کیا۔ تین بار ایسا ہی کہا۔ پھر آپؐ نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے جو اپنا میل کچیل نکال کر پھینک دیتی ہے۔ اس کا خالص مال کندن ہوجاتا ہے۔
صحیح بخاری 1884
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے، عدی نے عبداللہ بن یزید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت زید بن ثابت رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب نبی ﷺ احد کی جنگ کے لئے نکلے تو آپؐ کے ساتھیوں میں سے کچھ لوگ لوٹ گئے تو ایک فریق نے کہا: ہم انہیں قتل کر دیں گے اور ایک فریق نے کہا کہ ہم انہیں قتل نہیں کریں گے تو یہ آیت اُتری۔ یعنی تمہیں کیا ہوگیا ہے تم منافقوں کے بارہ میں دو گروہ ہوگئے اور نبی ﷺ نے فرمایا کہ وہ (یعنی مدینہ ایسے) آدمیوں کو اس طرح دور کرتا ہے؛ جیسے آگ لوہے کا میل کچیل دور کرتی ہے۔
صحیح بخاری 1885
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے ہم سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) یونس سے میں نے سنا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اے میرے اللہ! مدینہ میں دُگنی برکت دے، اس سے جو تو نے مکہ کو دی ہے۔ عثمان بن عمر نے بھی یونس سے انہی کی طرح بیان کیا۔
صحیح بخاری 1886
قُتَیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ نبی ﷺ جب کسی سفر سے واپس آتے اور مدینہ کی دیواریں دیکھتے تو اپنی اونٹنی کو تیز چلاتے اور اگر کسی اور جانور پر ہوتے تو اسے بھی دوڑاتے؛ بوجہ مدینہ کی محبت کے۔